یہ کتاب پطرس بخاری کے مضامین کا مجموعہ ہے، یہ مجموعہ گیارہ مزاحیہ مضامین پر مشتمل ہے، اس مجموعہ میں پطرس بخاری نے انگریزی مزاح کے بہت سے حربوں سے فائدہ اُٹھایا ہے،اس مجموعہ کے تمام مضامین میں پطرس بخاری ایک خالص مزاح نگار کی حیثیت سے ہر مضمون میں مزاح کے لیے اپنی ذات کو پیش کرتے نظر آتے ہیں،چاہے کتوں کاخوف، ہاسٹل میں داخلہ، سحر خیزی ، لیڈری میں انڈے کھانا، سینما کا عشق، بیوی سے وفاداری والامعاملہ ، میبل سے کتاب بینی کا مقابلہ۔ یاسائیکل پرسوارہوکرگرپڑناہو،وہ ہر جگہ اپنے آپ کو یوں پیش کرتے ہیں کہ قاری اسے مسخرہ یا بانڈھ سمجھے۔ وہ زندگی کی ناہمواریوں کو یوں سامنے لاتے ہیں کہ قاری بھی اُسے ہمدردی سے دیکھنے لگتا ہے،اور اس خوبی نےان کےمزاح کواعلیٰ درجے کی ظرافت کا درجہ دیا ہے،کتاب کے شروع میں ہی ایک دیباچہ بھی ہے،جو پوری کتاب سے زیادہ دلچسپ اور پطرس کے سارے مضامین سے زیادہ دل فریب ہے۔