اپنی آغوش میں پاؤ گے بلا کر دیکھو
صرف آواز محبت سے لگا کر دیکھو
میں نے چاہا تمہیں پوجا تمہیں اپنا جانا
تم بھی اک بار مجھے اپنا بنا کر دیکھو
تم مجھے بھول نہ پاؤ گے یہ دعویٰ ہے مرا
اپنی پلکوں پہ مرے خواب سجا کر دیکھو
کیسی کیسی مری آنکھوں میں ہے دنیا آباد
آؤ اک بار مرے خواب میں آ کر دیکھو
تم مرے نام کی خوشبو سے مہک جاؤ گے
دل کے آنگن میں کبھی پھول کھلا کر دیکھو
دل ہے بے چین تو پل بھر میں قرار آئے گا
میری تصویر کو سینے سے لگا کر دیکھو
مجھ کو معلوم ہے بیٹھا ہوں تمہارے دل میں
تم مجھے بھول نہ پاؤ گے بھلا کر دیکھو
پھر بہک جاؤں تو میرا بھی ملکؔ نام نہیں
اپنی آنکھوں سے کبھی مجھ کو پلا کر دیکھو
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.