نازؔ ، نازنیں بیگم
آبائی وطن شاہجہانپور۔ پیدائش قصبہ حسن پور ضلع مراد آباد۔ یوپی میں 25 دسمبر 1925 ء میں ہوئی۔ والد محمد الطاف علی خاں ریاست محمود آباد میں تحصیلدار تھے۔
اردو فارسی کی تعلیم اپنے نانا محمد اسدؔ خاں مرحوم سے پائی۔ مرحوم اردو فارسی، عربی اور انگریزی کے بڑے عالم و فاضل تھے۔ شروع میں نانا ہی کو کلام دکھایا۔ بعد میں جب پختگی آگئی تو نثر کی طرف راغب ہوئیں اور مضمون نگاری و افسانہ نگاری شروع کی۔ 1943 ء میں محمد تقی خاں سے شادی کے بعد گھریلو زندگی کی ذمہ داری کی وجہ سے شاعری ترک ہوگئی تقسیم کے بعد پاکستان آگئیں اور شاہجہاں پور چھوٹ گیا۔ کراچی میں قیام ہے اور شعر و سخن کی مشق جاری ہے۔