Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

آسیب

منشایاد

آسیب

منشایاد

MORE BYمنشایاد

    کہانی کی کہانی

    افسانہ ایک ایسے خاندان اور افراد خانہ کی روداد بیان کرتا ہے جہاں سے یکبارگی گھر کی چیزیں، پیسے غائب ہونے شروع ہو جاتے ہیں، ساتھ ہی کچھ عجیب و غریب واقعات رونما ہونے لگتے ہیں۔ ان واقعات کو لے کر پہلے گھر والے ایک دوسرے کو ہی شک کی نگاہ سے دیکھتے رہے مگر جب ان واقعات میں شدت آگئی تو ان کا شک یقین میں بدل گیا کہ گھر میں کوئی جنات وغیرہ ہے۔ انھوں نے اس کے لیے پیر فقیر دعا تعویذ ہر ممکن کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ آخر میں جب اس حقیقت کے بارے میں پتہ چلا تو انھیں یقین نہیں آیا کہ یہ حرکت وہ شخص کر سکتا ہے جسکے بارے میں وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔

    شروع میں تو کتنا عرصہ ہمیں یقین ہی نہ آیا کہ یہ جو دن رات کی دوڑ دھوپ کے باوجود ہماری پوری نہیں پڑتی اور آئے روز بیماری، لڑائی جھگڑے اور چھوٹے موٹے حادثات کی صورت، کوئی نہ کوئی آفت ہمیں گھیرے رکھتی ہے، اس کی اصل وجہ کیا ہے۔ ہم یہی سمجھتے رہے کہ یہ سب اللہ کی طرف سے ہے۔ بلکہ امی ابا کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے گناہوں کی سزا ہے۔ حالانکہ یہ بات میری سمجھ میں کبھی نہیں آئی کہ جب اللہ میاں نے گناہوں کی سزا کے لئے اگلی دنیا میں دوزخ کی آگ بھڑکا رکھی ہے تو یہاں کیوں؟ یہ تو دوہری سزا ہو گئی۔ اور یہ جو ہمارے آس پاس کے لوگ مزے کی زندگی بسر کر رہے ہیں تو کیا انہوں نے کبھی کوئی گناہ نہیں کیا اور ان کی رسی کیوں اتنی دراز ہے۔ اور حالانکہ اس بات کے اشارے کہ نظر نہ آنے والی کوئی مخلوق وہاں پہلے سے رہ رہی ہے مکان کی تعمیر کے وقت ہی سے مل رہے تھے۔ کبھی رنگ کا ڈبہ، کبھی سیمنٹ کی بوری اور کبھی مستریوں کاریگروں کے اوزار گم ہو جاتے۔ کبھی تازہ پلستر پریوں الٹی سیدھی لکیریں ڈال دی جاتیں جیسے رات بھر بھتنے کٹم کاٹا کھیلتے رہے ہوں۔ بعض اوقات کوئی فضول سا جملہ بھی لکھ دیا جاتا جس کے ہجوں سے پتہ چلتا پرائمری سکول سے بھاگے ہوئے کسی بچے کی تحریر ہے۔ اس لئے ہم اسے مزدوروں اور ملحقہ کچی بستی کے آوارہ لڑکوں کی کاروائی سمجھتے رہے۔ بلکہ مکان میں منتقل ہو جانے کے کچھ عرصہ بعد جب گھر کی عورتیں شکایت کرتیں کہ رات کو گلدان میں سجائے گئے پھول اگلی صبح کو پتی پتی ہوئے پڑے ملتے ہیں، ایک کمرے کی چیز دوسرے اور دوسرے کی تیسرے یا کوڑہ دان میں ملتی ہے اور بچوں کے کھلونے اور وڈیو گیمز توڑ کر پھینک دی جاتی ہیں تو ہم اسے گھر کے بچوں کی شرارت سمجھتے اور انہیں سرزنش کر کے مطمئن ہو جاتے۔ وہ زیادہ اصرار کرتیں تو ہم، گھر کے مرد، انہیں ضعیف العقیدہ اور توہم پرست قرار دیتے اور ان کا مذاق اڑاتے۔ مگر حیرت ہوتی کہ کمپیوٹر سائنس میں ماسٹر کی ڈگری رکھنے والی بھابی بھی ان کی ہمنوا ہو گئیں کہ گھر پر کسی آسیب کا سایہ ہے۔ چھوٹی بہن روحی نے فلاسفی پڑھی تھی اس نے شروع شروع میں کچھ روز فلسفہ بگھارا پھر وہ بھی چپ ہو گئی۔ بلکہ ہر وقت ڈری ڈری رہنے لگی۔ بعد میں پتہ چلا وہ میرا سویٹر بن رہی تھی جب آدھا بن چکی تو ایک صبح وہ سارا ادھڑا ہوا ملا۔ بچوں کو ڈانٹا ڈپٹا گیا اور اس نے دوبارہ بننا شروع کیا مگر وہ جتنا ہر روز بنتی وہ اگلے روز ادھڑا ہوا ملتا۔ اور سرہانے رکھ کر سونے سے اسے ڈر لگتا مبادا وہ غیبی ہاتھ جو سویٹر ادھیڑتا تھا اس کا گلا دبا دے۔ آخر کار اس نے سویٹر بننا ہی چھوڑ دیا اور میرے لئے بازار سے ریڈی میڈ خرید لائی۔

    قریب ہی کچی آبادی تھی اور اگرچہ بلدیہ نے اس کے گرد چار دیواری تعمیر کر رکھی تھی اور آنے جانے کے راستے مقرر کر دئے تھے مگر یہاں کے کھمبیوں کی طرح اگنے والے بچے جہاں سے جی چاہتا دیوار پھلانگ کر آس پاس کی کوٹھیوں بنگلوں میں گھس آتے اور جو چیز ہاتھ لگتی اٹھا لے جاتے اور پھلدار درختوں پر تو بیتالوں کی طرح ایک ساتھ کئی کئی لٹکے نظر آتے۔ مگر اس سے محلے کے لوگوں کو کچھ آسانیاں بھی تھیں۔ گھر کے کام کاج کے لئے لڑکے، لڑکیاں اور عورتیں کم معاوضے پر مل جاتیں اور ان کے مردوں کو آسانی سے بیگار میں پکڑا جا سکتا۔ خود ہمارے ہاں اسی آبادی کی ایک بیوہ عورت کام کرتی تھی۔ شروع میں وہ رات کو اپنے گھر چلی جاتی تھی مگر جب امی کو پتہ چلا وہ اپنے دو بچوں کے ساتھ زمین کھود کر بنائے گئے غار نما کمرے میں رہتی ہے جس کے بیٹھ جانے کا دھڑکا لگا رہتا ہے انہوں نے سرونٹ روم کو، جو سٹور کے طور پر استعمال ہو رہا تھا، خالی کر کے رہائش کے لئے دے دیا۔ ابا کا خیال تھا ساری خرابی یہیں سے پیدا ہوئی تھی اور یہ ساری حرکتیں ملازمہ کی نو دس سالہ بیٹی کرتی تھی جسے پڑھنے اور کھیلنے کی عمر میں سکول چھڑوا کر کام پر لگا دیا گیا تھا۔ لیکن وارداتوں کی نوعیت دیکھ کر یقین نہ آتا۔ یہ اتنی چھوٹی بچی کے بس کی بات نہ تھی پھر بھی اس کی خوب نگرانی اور باز پرس کی گئی مگر آخر کار اسے بری الذمہ قرار دے دینا پڑا۔ اس کی بجائے خواتین کو ملازمہ کا چند ماہ کا بچہ زیادہ پر اسرار اور منحوس معلوم ہوتا تھا جو پیدا ہوتے ہی اپنے باپ کو کھا گیا تھا ورنہ اس زمانے میں صرف بخار سے بھی کوئی مرتا ہے۔ یوں بھی وہ عام بچوں کے برعکس بہت کم روتا تھا۔ ماں اسے دودھ پلاتی یا بھوکا رکھتی، وہ گھنٹوں چپ چاپ پڑا انگوٹھا چوستا اور کھیلتا رہتا۔ میرا اپنا خیال تھا کہ یہ کوئی ایسی غیر معمولی بات نہ تھی۔ پیدا کرنے والے کو تو پتہ ہی تھا اسے کس مٹی سے بنانا اور اس میں صبر و شکر کی کتنی مقدار ملانی ہے۔ مگر گھر کی عورتوں کو اس سے خوف آتا اور و ہ کبھی دبے اور کبھی واشگاف لفظوں میں اس کا اظہار کرتیں۔ مگر ایک کی تنخواہ میں کام کرنے والی دو، انہیں اور کہاں مل سکتی تھیں، ناچار برداشت کرتی رہیں۔

    پھر رفتہ رفتہ پریشان کن واقعات جلدی جلدی اور تواتر سے رونما ہونے لگے۔ چھوٹی چھوٹی اور خاص طور پر خوشبودار چیزیں غائب ہونے لگیں۔ کبھی ہیر آئل کی شیشی، کبھی شیمپو اور کبھی پاؤڈر کا ڈبہ۔ واش ہینڈ بیسن سے صابن کی ٹکیا غائب ہو جاتی اور کسی روشندان یا الماری کے اوپر جہاں کسی کوتاہ قد یا بچے کا ہاتھ نہ پہنچ سکتا ہو پڑی ملتی۔ سنگھار میز کی اکثر چیزیں غائب یا خراب کر دی جاتیں۔ لپ سٹک دیواروں پر اور شو پالش آئینوں پر مل دی جاتی۔ خوشبودار چیزوں کے ساتھ ہی گھر سے مہرومحبت کی خوشبو بھی اٹھ گئی۔ ایک دوسرے پر شک و شبے کا اظہار، الزام تراشیاں اور جھگڑے۔ گھر میں ابا جان کے علاوہ بھی کوئی نہ کوئی بیمار رہنے لگا۔ اور سرہانے رکھی دوا کی شیشی یا کیپسولز غائب ہو جاتے۔ لیکن عجیب بات یہ تھی کہ اکثر چیزیں کہیں دوسری جگہ پڑی مل جاتیں۔ بعض اوقات گندی اور ناکارہ چیزیں پاک صاف جگہوں اور پاک صاف چیزیں غسل خانے یا گٹر سے برآمد ہوتیں۔ لیکن پھر یہی بچگانہ حرکتیں خطرناک صورت اختیار کر گئیں جیسے وہ نامراد اپنی موجودگی کا بھر پور احساس دلانا چاہتے ہوں۔ اب چاقو، بلیڈ اور قینچی وغیرہ کا استعمال ہونے لگا۔ خوبصورت اور نئے سل کر آئے ہوئے کپڑے خاص طور پر نشانہ بنتے۔ شوخ رنگ کی ٹائیاں، کامدار دوپٹے، شادی کے جوڑے اور تکیوں کے پھولدار غلاف کاٹ کتر دئیے جاتے۔ آج اگر منی اپنا فراک چاک ہو جانے پر رو رہی ہے یا روحی اپنے جہیز کے کسی قیمتی جوڑے میں شگاف ڈال دئیے جانے پر آنسو بہا رہی ہے تو کل بھابی اپنی کسی ساڑھی یا دوپٹے پر قینچی چل جانے پر واویلا کر رہی ہیں۔ بالآخر گھر کے لوگ ایک دوسرے سے اور دور ہونے لگے۔ شائد ان بد ذاتوں اور بد ذوقوں کا مقصد بھی یہی تھا۔ بھابی نے ایک روز حساب لگایا کہ روحی کے مشترکہ کھاتے کے جہیز کو چھوڑ کر ان کا نقصان زیادہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے صرف قیمتی اور نئے جوڑوں پر جب کہ ہمارے معمولی اور پرانے کپڑوں پر قینچی چلی۔

    در اصل بھائی کی تنخواہ اور میرا کنبہ بڑا تھا۔ یہ ان کی دوسری شادی تھی۔ پہلی بےاولاد بیوی سے طلاق کے کئی سال بعد وہ مشکل سے دوسری شادی پر رضامند ہوئے تھے۔ اب ان کے دو بچے تھے جن کی عمریں پانچ سال سے کم تھیں۔ میرے بچوں کی تعداد ان سے تین گنا تھی۔ دو بڑے اور سمجھدار، چار چھوٹے جو پرائمری اور ہائی سکولوں میں پڑھتے تھے۔ بھابی کو مشترکہ کھاتے کے مستقل نقصان کا قلق رہتا تھا۔ بہانہ ہاتھ آ گیا تو گھر کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ والدہ اور روحی ہمارے اور والد صاحب بھائی کے حصے میں آئے اور کچی آبادی کی ماں بیٹی اسی تنخواہ پر دو گھروں کا کام کرتی رہیں

    دلچسپ بات یہ ہوئی کہ بھائی بھابی کے علیحدہ ہو جانے سے اچانک امن اور سکون ہو گیا جس سے ان کے اس شبے کو تقویت ملی کہ میرے بیوی بچے ان کے قیمتی اور شاندار کپڑوں سے جلتے تھے اور موقع پا کر انہیں خراب کر دیتے تھے۔ ابا ان کے دسترخوان پر کھاتے تھے قدرتی طور پر وہ بھی ان کی ہمنوائی کرنے لگے۔ مجھے خود بھی شک ہو گیا اور میں نے اپنے کنبے کے ہر فرد سے باز پرس کی۔ راتوں کو اٹھ اٹھ اور چھپ چھپ کر ان کی جاسوسی کرتا خصوصاً ً لڑکیوں پر نگاہ رکھتا کہ سائے اور آسیب کی ہر کہانی کا تعلق عام طور پر کسی بالغ یا نابالغ لڑکی یا گھٹن اور ہسٹیریا میں مبتلا عورت ہی سے ہوتا ہے۔ طبعاً کمزور ہونے کی وجہ سے وہ عام طور پر ضعیف العقیدہ ہوتی ہیں اور وہ عاشق واشق بھی انہیں پر ہوتے ہیں۔ جب مجھے یقین ہو گیا کہ میرے بچوں کو پڑھائی سے فرصت نہیں اسی لئے وہ امتحانوں میں اول دوم آتے رہتے ہیں تو میں نے صفائی دینے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ کوئی تیسرا ہے جو بھائیوں میں نفاق ڈال رہا ہے۔ غیر برادری کی بھابی نے سمجھ لیا میرا اشارہ ان کی طرف ہے۔ اس پر گھر میں خوب ہنگامہ ہوا۔ غریب کی تو معافی بھی کوئی قبول نہیں کرتا خواہ وہ سگا بھائی ہی کیوں نہ ہو۔ مگر اس دوران ایک اچھی بات یہ ہو گئی کہ میرے بڑے بیٹے کو نتیجہ نکلتے ہی کینیڈا کا ویزا مل گیا۔ اور ہمارے بھی دن پھر گئے۔ ہماری بات میں بھی وزن پیدا ہو گیا۔ لیکن زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا کہ گھر میں روپے پیسے کی چوریاں ہونے لگیں۔ تاہم زیورات عام طور پر مل جاتے۔ بھابی کا نیکلس میری بیوی کے ٹرنک اور اس کی بالی بھابی کی الماری سے ملی۔ مگر نقدی غائب ہو جاتی اور اپنے پیچھے لڑائی جھگڑے کا ختم نہ ہونے والا طویل سلسلہ چھوڑ جاتی۔

    دونوں گھروں میں کشیدگی کی فضا تھی اور آنا جانا نہیں تھا اس لئے ادھر کی چیز ادھر کرنے والے یا تو بھوت تھے یا کام کرنے والی ماں بیٹی۔ جن کا دونوں طرف آنا جانا تھا۔ ماں مصیبت زدہ اور جہاں دیدہ تھی اسے روزگار اور پناہ ملی ہوئی تھی وہ ایسا کیسے کر سکتی تھی۔ اور لڑکی بھی کب، کیوں اور کیسے کر سکتی تھی۔ یوں بھی وہ بہت چھوٹی اور معصوم تھی اور اتنے بہت سے افراد کی مسلسل نگرانی کے بعد کبھی تو پکڑی جاتی۔ شائد یہ واقعی کوئی آسیب تھا۔ لیکن میرا جی نہ مانتا میں نے کتاب میں پڑھا تھا کہ جن، پریاں، بھوت پریت اور جادو ٹونا انسانی ذہن کے بچپن کی یادگار ہیں۔ جب ہر طرف فرضی دیوی دیوتاؤں کی حکومت تھی۔ اور مظاہر فطرت اور شجرو ہجر کو معبود سمجھ کر پرستش شروع کر دی جاتی تھی۔ بعد میں یہ ادبی اور اساطیری علامتیں بن گئیں۔ شب خون مارنے والے حملہ آوروں، رات کی تاریکی میں لوٹ مار کر کے غائب ہو جانے والے چوروں ڈاکوؤں کو جن بھوت اور عفریت کہا جانے لگا۔ یوں بھی شاعری کو تصوف اور داستانوں کو فوق الفطرت بہت مرغوب ہوتا ہے۔ انسان نے مادی اور ذہنی ارتقا ء کی بہت سی منزلیں طے کر لیں، چاند کے غاروں سے مریخ کے صحراؤں تک اور سمندر کی گہرائیوں سے خلاء کی پہنائیوں تک اس نے دوربینوں سے بڑی اور خورد بینوں سے چھوٹی دنیا کے بہت سے گوشے کھنگال ڈالے مگر کسی سائنسدان یا خلا نورد کی جن یا پری سے ملاقات نہ ہوئی۔ پھر بھی ان کا خوف اور وسوسہ اس کے ذہن سے نہ نکلا۔ اور نہ ہی مافوق سے اس کی دلچسپی کبھی ختم ہو گی کہ بچپن کی چیزوں سے رغبت انسانی فطرت کا حصہ ہے۔

    یہ گھر آسیب زدہ ہے۔ یہ خبر اخبار میں شائع ہوئے بغیر رشتے داروں، دوستوں اور جاننے والوں تک پہنچ گئی تھی اور جواب میں طرح طرح کے افسانے سنائے اور مشورے دئیے جاتے۔ ہر شخص کے علم میں ایسے کئے واقعات تھے۔ کہیں راتوں کو میوزک بجتا تھا۔ کہیں پتھروں کی بارش ہوتی تھی۔ کسی گھر میں خود بخود آگ بھڑک اٹھتی اور کسی کی دیواروں پر سینکڑوں چھپکلیاں چپکی نظر آتیں۔ ان سب واقعات میں مشترک بات یہ تھی کہ بالآخر کسی پیر یا عامل کے وظیفے، تعویذ گنڈے اور جھاڑ پھونک نے اس مصیبت سے نجات دلائی۔ ناچار ہم نے بھی ایک کے بعد دوسرے عامل، پیر اور پہنچے ہوئے بزرگوں کی تلاش جاری رکھی۔ گھر میں آئے روز عجیب و غریب حلیے کا نیم خواندہ قسم کا کوئی عامل یا پیر نظر آتا۔ طرح طرح کے ٹونے ٹوٹکے اور وظیفے، دھونیاں، اگر بتیاں اور چراغ۔ کلام الہی کے خوف، وظیفوں کی مار اور عاملوں کی ڈانٹ پھٹکار سے وہ عارضی طور پر چلے بھی جاتے اور کچھ دن چین سے گزر جاتے مگر پھر کسی دن اچانک کوئی نیا اور پہلے سے زیادہ شدید واقعہ رونما ہو جاتا۔

    گھر کی خواتین کو پہلے ہی شک تھا یہ سب بھائی کی مطلقہ بیوی کروا رہی تھی۔ اب عامل لوگوں نے ان کے شک کو یقین میں بدل ڈالا۔ گھر کے کونوں کھدروں سے وقتاً فوقتاً تعویذ دھاگے، بالوں کے گچھے یا کچھ نہ کچھ برآمد ہوتا رہتا۔ جس کے پیچھے اسی کا ہاتھ سمجھا جاتا حالانکہ وہ بیچاری اپنے بھائی کے پاس پیرس چلی گئی تھی اور کہیں بے بی سٹر کی ملازمت کر کے وقت گزار رہی تھی۔ گھر میں صرف ایک میں تھا جو خلاف عقل باتوں کو نہیں مانتا تھا اور اتنے بہت سے واقعات رونما ہونے کے بعد بھی پوری طرح یقین نہیں کرتا تھا کہ نظر نہ آنے والی مخلوق انسانی زندگی میں یوں دخیل اور اثر انداز ہو سکتی ہے۔ گھر اور باہر ا س موضوع پر بحث مباحثے ہوتے رہتے اور میں اکثر ہنستا اور کہتا کہ اگر ایسا ہو سکتا ہے تو کوئی شریر یا متعصب قسم کا مسلمان یا کافر جن اپنی مرضی سے ہمارا یا پڑوسی ملک کا ایٹم بم بھی اٹھا کر چلا سکتا ہے۔ اس پر ابا کہتے دیکھ لینا ایک روز ایسا ہی ہو گا۔

    میں ان کے ہونے نا ہونے کے بارے میں بحث مباحثہ بھی بہت کرتا تھا۔ چنانچہ ایک رات بد ذاتوں نے مجھے سوتے میں بستر سے نیچے لڑھکا دیا۔ شکر ہے چوٹ زیادہ نہیں آئی۔ میں نے بتی جلا کر دیکھا۔ وہ دوسری طرف منہ کئے سو رہی تھی۔ شرمندگی ذرا کم ہو گئی کہ کسی نے اس حال میں دیکھا نہیں۔ مگر ایک نامعلوم سا شبہ رہا کہ شائد ابھی وہ کروٹ بدل کر مسکرائے گی یا بال کھول کر سرخ آنکھوں سے مجھے گھورےگی اور مردانہ آواز میں قہقہے لگانے لگے گی۔ مگر جب اس نے کروٹ بدلی نہ قہقہہ لگایا تو میں چپ چاپ بستر پر دراز ہو گیا۔ مگر اس ڈر سے بتی نہیں بجھائی کہ پھر نیچے نہ گرا دیا جاؤں۔ اس کے بعد میں بھی محتاط ہو گیا اور کھلے بندوں انکار اور مذاق کرنا ترک کر دیا۔

    ابا کے ایک دوست بڑے مستند اور مشہور حکیم تھے۔ وہ بھی بھوت پریت کو نہیں مانتے تھے۔ مذہبی حوالوں کی اپنے طور پر مختلف توجیہات کرتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ اگر گھر کی کوئی عورت یا بچہ ہسٹیریا میں مبتلا نہیں تھا تو کسی کو نیند میں چلنے کی عادت ضرور تھی اور وہ اسی عالم میں عجیب و غریب حرکتیں کرتا تھا۔ چنانچہ ہم راتوں کو اٹھ اٹھ کر ایک دوسرے کی پڑتال کرنے اور جاگنے لگے۔ مگر کچھ حاصل نہ ہوا۔

    کچھ وقت اسی طرح گزر گیا۔ ہم بھی اچھا کھانے اور پہننے لگے۔ بیٹے نے اب مجھے کمپیوٹر بھیج دیا تھا اور میں نے اس پر کام کرنا بھی سیکھ لیا تھا۔ چھوٹی چھوٹی ای میلز بھیجتے بھیجتے میری ٹائپنگ کی رفتار بھی بہتر ہو گئی تھی۔ لیکن مجھے قطعاً اندازہ نہ تھا کہ جب میں کمپیوٹر کھولتا ہوں۔ کوئی اور بھی میرے پہلو میں آ کر بیٹھ جاتا ہے اور چھیڑخانی کرتا رہتا ہے۔ شروع میں یہی سمجھتا رہا کہ مجھے کمانڈز کا صحیح پتہ نہیں ہے، اس لئے مجھ سے اکثر غلطیاں سر زد ہوتی رہتی ہیں۔ لیکن جب اچھی مشق ہو جانے کے بعد بھی کمپیوٹر میری ہدایات کی خلاف ورزیاں کرنے لگتا۔ کوئی دوسرا پروگرام کھول دیتا، جام ہو جاتا یا ہر پروگرام کو غیرقانونی قرار دے کر بند کرنے کی دھمکیاں دینے لگتا۔ تو میرا ما تھا ٹھنکا۔ بعض اوقات انٹر نیٹ کی کوئی ناپسندیدہ سائٹ کھول دیتا جو ہٹائے نہ ہٹتی۔ ایک بار میں نے بیٹے کی ای میل کھولی جس میں نئے سال کی مبارک باد دی گئی تھی۔ نئے سال کی خوشی میں خوب آتشبازی ہو رہی تھی۔ سکرین پر انار سے چھوٹ رہے تھے۔ ہم سب اس منظر سے خوب محظوظ ہوئے مگر ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اس آتشبازی میں سب کچھ جل کر راکھ ہو جائےگا۔ سارے پروگرامز، میرا قیمتی ڈیٹا، اور ونڈوز۔ میں نے الٹ پلٹ کر دیکھا مگر لگتا تھا کمپیوٹر ایک خالی ڈبے کے سوا کچھ نہیں۔ ابا نے سنا تو بولے سچ ہے بنی آدم کو شیطان سے کہیں مفر نہیں۔ وہ آسیب اور وائرس کی صورت کمپیوٹر میں بھی چلا آیا ہے اور قیامت تک ہر جگہ اس کا پیچھا کرتا رہےگا۔

    پھر ہمیں تحریری پیغامات آنے لگے۔ میز کی دراز میں یا کسی تکئے کے نیچے عام سی سیاہی میں لکھا ہوا رقعہ ملتا۔ اتنی خیرات کر دو، صدقہ دو، دیگ پکا کر غریبوں کو کھلاؤ، محلے کے بچوں میں مٹھائی بانٹو، باقاعدگی سے نماز پڑھو وغیرہ۔ جب تک ایسی معقول ہدایات ملتی رہیں ہم ان پر عمل کرتے رہے۔ مگر ایک روز ایک عجیب قسم کا حکم ملا۔ گھر کے سب لوگ ٹی وی لاؤنج میں جمع ہو کر باری باری فرش پر ناک رگڑیں۔ ورنہ بہت بڑا نقصان ہو گا۔ ظاہر ہے ایسی مضحکہ خیز ہدایت پر عمل کرنا ہمارے لئے ممکن نہ تھا۔ جس پر وہ واقعی خفا ہو گئے اور اگلے روز استری سٹینڈ پر بند کر کے رکھی ہوئی استری کا سوئچ خود بخود آن ہو گیا اور استری اور سٹینڈ دونوں بھسم ہو گئے۔ اس سے اگلے روز رسی پر سوکھنے کے لئے لٹکائے گئے کپڑوں کو آگ لگ گئی اور بھائی کی منی کی نکسیر پھوٹ پڑی۔

    اب ہم قدرتی طور پر ہر بات اور ناخوشگوار واقعے کو غیبی طاقتوں سے جوڑنے لگے۔ بچوں کے ہوم ورک کے وقت بجلی چلی جاتی۔ نہانے یا کھانا پکانے کے وقت واٹر سپلائی بند ہو جاتی یا گھر کے کسی فرد کو چوٹ لگ جاتی تو ہمیں یقین ہو جاتا کہ سب انہی کا کیا دھرا ہے۔ بلکہ امی کو تو یقین تھا کہ شہر میں آئے روز ہونے والے حادثات اور تخریب کاری کے واقعات کے پیچھے بھی نگوڑے وہی تھے۔ اور گھر ہی کو نہیں شہر اور ملک کو بھی جھاڑ پھونک کی ضرورت تھی۔

    اس بار کسی ایسے عامل کی تلاش، جس کے عمل سے مستقل فائدہ ہو، میرے ذمے لگائی گئی۔ میرے لئے یہ ایک مشکل کام تھا، کیوں کہ وہ سب ان پڑھ یا کم پڑھے لکھے تھے اور ایسی بے سرو پا باتیں کرتے تھے جنہیں عقل سلیم ماننے کے لئے تیار نہ تھی۔ ان کی باتوں سے صاف پتہ چلتا تھا وہ جھوٹ بولتے تھے۔ ان کے دعوے اور داستانیں سنی سنائی اور گھڑی ہوئی معلوم ہوتی تھیں اور فوق الفطرت کے بارے میں ان کا تصور تک درست نہ تھا۔ مجھے ان سے ملتے اور اپنی بپتا سناتے ہوئے شرمندگی سی محسوس ہوتی کہ میں بھی عام پڑھے لکھے لوگوں کی طرح اپنے عقائد اور نظریات پر ڈھلمل یقین رکھتا ہوں۔ مانتا ہوں نہ انکار کرتا ہوں۔ عام آدمیوں کی طرح میرا علم بھی بودا اور مطالعہ ناقص ہے۔ اوہام پرستی ہم سب کو ورثے میں ملی ہے۔ اور ہم کتنا ہی پڑھ لکھ جائیں۔ سائنس اور ٹیکنالوجی سے واقف ہو جائیں مافوق الفطرت کے بارے میں ہمیں ان پڑھ عامل اور پیر بیوقوف بنا تے ر ہیں گے۔ لیکن جس طرح ضرورت کے وقت ہمیں نسبتاً کم پڑھے لکھے مستریوں، کاریگروں اور مکینکوں کے پاس جانا اور ان کی بات ماننا پڑتی ہے، زمین کو گول نہ سمجھنے والے پیش امام کے پیچھے نماز ادا کرنا پڑتی ہے، میں بھی ان سے ملا اور اگرچہ مجھے لگتا وہ اندر ہی اندر خوش ہوتے تھے کہ ایک پڑھے لکھے بابو کو کیسے الو بنا رہے ہیں۔ میں نے ان کی بےتکی باتوں پر خاموشی اختیار کی کیوں کہ گھر والوں کا اصرار تھا جلدی کسی کو لاؤ۔ کوئی ناقابل برداشت نقصان نہ ہو جائے۔

    اور شائد یہ سلسلہ کب تک یوں ہی چلتا رہتا اگر میرا بلیک ریفل والا پارکر بال پوائنٹ گم نہ ہو جاتا۔ یا پھر تیسرے چوتھے روز اسی سے لکھا ہوا بھوت کا رقعہ نہ ملتا۔ اس بار اسے قلم تو اچھا مل گیا تھا مگر کاغذ بہت خراب تھا۔ کسی پرانی رف کاپی سے پھاڑے ہوئے ورق سے کام چلایا گیا تھا۔ میں چونکا کیسا نالائق اور کاہل جن بھوت ہے ہاتھ بڑھا کر چین کے کسی کارخانے سے بہترین کاغذ اور جرمنی کے کسی سٹور سے نیا شیفرڈ قلم حاصل کرنے کی بجائے اپنے ہی گھر میں چوری کرتا ہے۔ اب جو غور کیا تو عبارت میں دو ایک ہجوں کی فاش غلطیاں دکھائی دیں۔ گھر کے سب چھوٹے بڑوں کی لکھائی کا آسیب کی اس تحریر سے موازنہ کیا گیا تو عقدہ واہو گیا۔ بےحد حیرت ہوئی کہ طبقاتی نفرت اور احساس محرومی اتنی کم سن لڑکی کو بھوت بنا سکتا ہے۔ ہمارا ارادہ نرمی سے پیش آنے کا تھا مگر اس کی ماں اسے لیکر راتوں رات غائب ہو گئی۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے