aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

دودھ کی قیمت

پریم چند

دودھ کی قیمت

پریم چند

MORE BYپریم چند

    اب بڑے بڑے شہروں میں دائیاں اور نرسیں بھی نظر آتی ہیں لیکن دیہاتوں میں ابھی تک زچّہ خانہ روش قدیم کی طرح بھنگنو ں کے ہی دائرہ اقتدار میں ہے اورایک عرصہ دراز تک اس میں اصلاح کی کوئی امید نہیں۔ بابو مہیش ناتھ اپنے گاؤں کے زمیندار ضرورتھے تعلیم یافتہ بھی تھے۔ زچّہ خانہ کی اصلاح کی ضرورت کو بھی تسلیم کرتے تھے۔ لیکن عملی مشکلات کو کیا کرتے۔ دیہات میں جانے کو کوئی نرس راضی بھی ہوئی تو ایسا معاوضہ طلب کیا کہ بابو صاحب کو سر جھکا کر چلے آنے کے سوا کوئی تدبیر نہ سوجھی۔

    لیڈی ڈاکڑ کے پاس جانے کی ہمت ہی کیونکر ہوسکتی ان کا حقِ الخدمت تو غالباً بابوصاحب کی نصف ملکیت بیع ہونے پر بھی پورا ہوتا۔ آخر جب تین لڑکیوں کے بعد یہ چو تھا لڑکا پیدا ہوا تو پھر وہی گوڈر کی بہو۔ بچّے بیشتر رات ہی کو پیدا ہوتے ہیں۔ چنانچہ آدھی رات کو بابو صاحب کے چپراسی نے گوڈر گوڈر کی ہانک لگائی۔ چماروں کی ٹولی جاگ اٹھی۔

    گوڈر کے گھر میں اس روزِسعید کی مہینوں سے تیاری تھی خدشہ تھا تو یہی کہ کہیں بیٹی نہ ہوجائے۔ نہیں تو پھر وہ ہی بندھا ہوا روپیہ اور وہی ایک ساڑھی مل کر رہ جائے گی۔ اس مسئلہ پر میاں بیوی میں باربار تبادلہ خیالات ہوچکا تھا۔ شرطیں لگ چکی تھیں۔ گوڈر کی بہو کہتی تھی کہ اگر اب کے بیٹانہ ہوا تو منہ نہ دکھاؤں۔ ہاں ہاں۔ منہ نہ دکھاؤں اور گوڈر کہتا تھا کہ دیکھو بیٹی ہوگی اور بیچ کھیت بیٹی ہوگی۔ بیٹا پیدا ہوا تو مونچھیں منڈوالوں گا۔ شاید گوڈر سمجھتا تھا کہ اس طرح بھنگن میں مخالفانہ جوش پیدا کرکے وہ بیٹے کی آمد کے لیے راستہ تیارکررہا ہے۔

    بھنگن بولی۔ اب منڈوالے مونچھیں ڈاڑھی جا۔ کہتی تھی بیٹا ہوگا پر سنتے ہی نہیں اپنی رٹ لگائے۔ کھد تیری مونچھیں مونڈوں گی۔ کھونٹی تو رکھوں نہیں۔

    گوڈر نے کہا، ’’اچھا مونڈ لینا بھلی مانس۔ مونچھیں کیا پھر نکلیں گی ہی نہیں۔ تیسرے دن پھر دیکھو گی جوں کی توں ہیں۔ مگر جو کچھ ملے گا اس میں آدھا۔ رکھ لوں گا۔ کہے دیتا ہوں۔‘‘

    بھنگن نے انگوٹھا دکھایا اور اپنے تین مہینے کے بچّے کو گوڈر کے سپرد کر، سپاہی کے ساتھ چل دی۔ گوڈرنے پکارا، ’’اری سن توکہاں بھاگی جاتی ہے مجھے بھی تو روشن چوکی بجانے جانا پڑے گا۔‘‘

    بھنگن نے دورسے ہی کہا، ’’تو کون بڑی مشکل ہے وہیں دھرتی پر لٹا دینا اور روشن چوکی بجانا۔ میں آکر دودھ پلادیا کروں گی۔‘‘

    مہیش ناتھ کے یہاں اب کے بھنگن کی خوب خاطر کی گئی۔ صبح کو حریرہ ملتا۔ دوپہر کو پوریا ں اور حلوا۔ تیسرے پہر کو پھر اور رات کو پھر۔ اور گوڈر کو بھی بھر پور پروساملتا تھا۔ بھنگن اپنے بچّے کو دن بھر میں دوبار سے زیادہ دودھ نہ پلا سکتی۔ اس کے لیے اوپر کا دودھ مہیا کردیا جاتا۔ بھنگن کا دودھ بابو صاحب کا بچّہ پیتا تھا اور یہ سلسلہ بارھویں دن بھی بند نہ ہوا۔ مالکن موٹی تازی عورت تھی مگر اب کی کچھ ایسا اتفاق کہ دودھ ہی نہیں۔ تینوں لڑکیوں کی بار اتنے افراط سے دودھ ہوتا تھا کہ لڑکیوں کو بدہضمی ہوجاتی تھی۔ اب کی ایک بوند نہیں بھنگن جنائی بھی تھی اور دودھ پلائی بھی۔

    مالکن نے کہا، ’’بھنگن ہمارے بچّے کو پال دے پھر جب تک جیے بیٹھی کھاتی رہنا۔ پانچ بیگھے معافی دلوادوں گی۔ تیرے پوتے تک کھائیں گے۔‘‘اور بھنگن کالاڈلا اوپر کا دودھ ہضم نہ کرسکنے کے باعث باربار قے کرتا اورروز بروز لاغر ہوتا جاتا تھا۔ بھنگن کہتی، ’’اور مونڈن میں جوڑے لوں گی بہو جی کہے دیتی ہوں۔‘‘

    بہو جی، ’’ہاں ہاں جوڑے لینا بھائی۔ دھمکاتی کیوں ہے۔ چاندی کے لے گی یا سونے کے۔‘‘

    ’’واہ بہو جی واہ۔ چاندی کے جوڑے پہن کے کسے منہ دکھاؤں گی۔‘‘

    ’’اچھا سونے کے لینا بھئی کہتی تو ہوں۔‘‘

    ’’اور بیاہ میں کنٹھالوں گی اور چودھری (گوڈر) کے لیے ہاتھوں کے توڑے۔‘‘

    بہو جی، ’’وہ بھی لینا۔ وہ دن تو بھگوان دکھائیں۔‘‘

    گھر میں مالکن کے بعدبھنگن کی حکومت تھی۔ مہریاں، مہرراجن، مزدورنیں سب اس کا رعب مانتی تھیں۔ یہاں تک کہ خود بہوجی اس سے دب جاتی تھی۔ ایک بار تو اس نے مہیش ناتھ کو بھی ڈانٹا تھا۔ ہنس کرٹال گئے۔ بات چلی تھی بھنگیوں کی۔ مہیش ناتھ نے کہا تھا، ’’دنیا میں اور چاہے کچھ ہو جائے بھنگی بھنگی رہیں گے انھیں آدمی بنانا مشکل ہے۔‘‘ اس پر بھنگن نے کہا تھا، ’’مالک بھنگی تو بڑے بڑوں کو آدمی بناتے ہیں۔ انھیں کیا کوئی آدمی بنائے گا۔‘‘

    یہ گستاخی کرکے کسی دوسرے موقع پر بھلا بھنگن سلامت رہتی۔ سر کے بال اکھاڑلیے جاتے لیکن آج بابو صاحب ہنسے اور قہقہہ مار کر بولے، ’’بھنگن بات بڑے پتے کی کہتی ہے۔‘‘

    بھنگن کی حکومت سال بھر تک قائم رہی۔ پھر چھن گئی۔ بچّے کا دودھ چھڑادیا گیا۔ اب برہمنوں نے بھنگی کا دودھ پینے پر اعتراض کیا۔ موٹے رام شاستری تو پرائشچت کی تجویز کر بیٹھے۔ لیکن مہیش ناتھ احمق نہ تھے۔ پھٹکار پلائی، ’’پرائشچت کی خوب کہی آپ نے شاستری جی۔ کل تک اسی بھنگن کا خون پی کر پلا۔ اب پرائشچت کرنا چاہیے واہ۔‘‘

    شاستری جی بولے، ’’بے شک کل تک بھنگن کا خون پی کر پلا۔ گوشت کھاکرپلا۔ یہ بھی کہہ سکتے ہو۔ لیکن کل کی بات کل تھی آج کی بات آج ہے۔ جگن ناتھ پور میں چھوت اچھوت سب ایک ساتھ کھاتے ہیں۔ مگر یہاں تو نہیں کھا سکتے۔ کھچڑی تک کھالیتے ہیں۔ بابو جی اور کیا کہیں۔ پوری تک نہیں رہ جاتے۔ لیکن اچھے ہوجانے پر تو نہیں کھا سکتے۔‘‘

    ’’تو اس کے معنی یہ ہیں کہ دھرم بدلتا رہتاہے کبھی کچھ کبھی کچھ۔‘‘

    ’’اور کیا! راجہ کا دھرم الگ، پرجا کا دھرم الگ، امیر کا دھرم الگ، غریب کا دھرم الگ۔ راجہ مہاراجے جو چاہیں کھائیں۔ جس کے ساتھ چاہیں کھائیں جس کے ساتھ چاہیں شادی بیاہ کریں۔ ان کے لیے کوئی قید نہیں۔ راجہ ہیں مگر ہمارے اورتمہارے لیے تو قدم قدم پر بندشیں ہیں۔ اس کا دھرم ہے۔‘‘ پرائشچت تو نہ ہوا۔ لیکن بھنگن سے اس کی سلطنت چھین لی گئی۔ برتن، کپڑے اناج اتنی کثرت سے ملے کہ وہ اکیلی نہ لے جا سکی اور سونے کے جوڑے بھی ملے۔ اور ایک دو نئی خوبصورت ساڑھیاں۔ معمولی نین سکھ کی نہیں جیسی لڑکیوں کی بار ملی تھیں۔

    اسی سال چیچک کا زور ہوا۔ گوڈر پہلے ہی زد میں آگیا۔ بھنگن اکیلی ہی رہ گئی۔ مگر کام جوں کا توں چلتا رہا۔ بھنگن کے لیے گوڈر اتنا ضروری نہ تھا جتنا گوڈر کے لیے بھنگن۔ لوگ منتظر تھے کہ بھنگن اب گئی اب گئی۔ فلاں بھنگی سے بات چیت ہوئی۔ فلاں چودھری آئے لیکن بھنگن کہیں نہ گئی۔ یہاں تک کہ پانچ سال گذر گئے اور منگل دبلا کمزور اور دائم المرض رہنے پربھی دوڑنے لگا۔ ماں کا دودھ نصیب ہی نہ ہوا۔ دائم المرض کیوں نہ ہوتا۔

    ایک دن بھنگن مہیش ناتھ کے مکان کا پرنالہ صاف کررہی تھی۔ مہینوں سے غلاظت جمع ہوگئی تھی۔ آنگن میں پانی بھر ارہنے لگا تھا۔ پرنالے میں ایک لمبا بانس ڈال کر زور سے ہلا رہی تھی۔ پورا داہنا ہاتھ پرنالے کے اندر تھا کہ یکایک اس نے چلّاکر ہاتھ باہر نکال لیا اور اسی وقت ایک لمبا سا کالا سانپ پرنالے سے نکل کر بھاگا۔ لوگوں نے دوڑ کر اسے تو مارڈالا۔ لیکن بھنگن کو نہ بچا سکے۔ خیال تھا کہ پانی کا سانپ ہے۔ زیادہ زہریلا نہ ہوگا۔ اس لیے پہلے کچھ غفلت کی گئی۔ جب زہر جسم میں پیوست ہوا اور لہریں آ نے لگیں۔ تب پتہ چلا کہ پانی کا سانپ نہیں کالا سانپ تھا۔

    منگل اب یتیم تھا۔ دن بھر مہیش بابو کے دروازے پر منڈلایا کرتا گھر میں اتنا جوٹھا بچتا تھا کہ ایسے ایسے دس پانچ بچّے سیر ہوسکتے تھے۔ منگل کو کوئی تکلیف نہ تھی ہاں دور ہی سے اسے مٹی کے ایک سکور ے میں کھانا ڈال دیا جاتا اور گاؤں کے لڑکے اس سے دور دوررہتے تھے۔ یہ بات اسے اچھی نہ لگتی تھی سب لوگ اچھے اچھے برتنوں میں کھاتے ہیں اس کے لیے مٹی کے سکورے۔ یوں اسے اس تفریق کا مطلق احساس نہ ہوتا لیکن لڑکے اسے چڑھاچڑھا کر اس ذلّت کے احساس کو سان پر چڑھاتے رہتے تھے۔ مکان کے سامنے ایک نیم کا درخت تھا۔ اسی کے نیچے منگل کا ڈیرا تھا۔ ایک پھٹا پھٹا سا ٹاٹ کا ٹکڑا، دو سکورے اور دھوتی جو مہیش بابو کے خوش نصیب فرزند سریش کے اتارے کپڑوں میں سے ایک تھی۔ جاڑا، گرمی، برسات، ہر موسم کے لیے وہ ایک سی آرام دہ تھی۔ یہی اس کی خصوصیت تھی اور سخت جان منگل جھلستی ہوئی لو اور کڑاکے کے جاڑے اور مو سلا دھار بارش میں زندہ تھا اور تندرست تھا۔ بس اس کا کوئی رفیق تھا تو گاؤں کا ایک کتّاجو اپنے ہم چشموں کی بدمزاجیوں اور تنگ ظرفیوں سے تنگ آکر منگل کے زیر سایہ آپڑا تھا۔ کھانا دونوں کا ایک تھا کچھ طبیعت بھی یکساں تھی اور غالباً دونوں ایک دوسرے کے مزاج سے واقف ہوگئے تھے۔

    منگل نے اس کا نام رکھا تھا ٹامی۔ مگر ٹامی مہیش ناتھ کے انگریزی کتّے کا نام تھا۔ اس لیے اس کا استعمال وہ اسی وقت کرتا جب دونوں رات کو سونے لگتے۔

    منگل کہتا، ’’دیکھو ٹامی، ذرا اور کھسک کر سوؤ۔ آخر میں کہاں لیٹوں۔ سار اٹاٹ تو تم نے گھیر لیا۔‘‘ ٹامی کوں کوں کرتا اور دم ہلاتا۔ بجائے اس کے کہ کھسک جائے اور اوپر چڑھ آتا اور منگل کا منہ چاٹنے لگتا۔ شام کو وہ ایک بار روز اپنا گھر دیکھنے اور تھوڑی دیر رونے جاتا۔ پہلے سال پھوس کا چھپر گرا۔ دوسرے سال ایک دیوار گری اور اب صرف آدھی دیواریں کھڑی تھیں۔ جس کا اوپر کا حصہ نوک دار ہوگیا تھا۔ یہیں اسے محبت کی دولت ملی تھی وہی مزا وہی یاد وہی کشش اسے ایک بار ہر روز اس ویرانے میں کھینچ لے جاتی اور ٹامی ہمیشہ اس کے ساتھ ہوتا تھا۔ وہ کھنڈر کی مخروطی دیوار پر بیٹھ جاتا اور زندگی کے آنے والے اور گذشتہ خواب دیکھنے لگتا اور ٹامی دیوار پر کود جانے کی باربارناکام کوشش کرتا۔

    ایک دن کئی لڑکے کھیل رہے تھے۔ منگل بھی پہنچ کر دور کھڑا ہوگیا۔ سریش کو اس پر رحم آیا یا کھیلنے والوں کی جوڑی پوری نہ پڑتی تھی۔ کچھ ہی ہو اس نے تجویز کی کہ آج منگل کو بھی کھیل میں شریک کرلیا جائے۔ یہاں کون دیکھنے آتا ہے۔

    سریش نے منگل سے پوچھا، ’’کیوں رے کھیلے گا؟‘‘

    منگل بولا، ’’کھلاؤ گے تو کیوں نہ کھیلوں گا؟‘‘

    سریش نے کہا، ’’اچھا تو ہم تینوں سوار بنتے ہیں اور تم ٹٹو بن جاؤ۔ ہم لوگ تمھارے اوپر سوار ہوکر گھوڑا دوڑائیں گے۔‘‘

    منگل نے پوچھا، ’’میں برابر گھوڑا ہی رہوں گا کہ سواری بھی کروں گا۔‘‘

    یہ مسئلہ ٹیڑھا تھا۔ سریش نے ایک لمحہ غور کرکے کہا’’تجھے کون اپنی پیٹھ پر بٹھائے گا سوچ آخر تو بھنگی ہے کہ نہیں۔‘‘

    منگل نے کسی قدر دلیر ہو کر کہا، ’’میں کب کہتا ہوں کہ میں بھنگی نہیں ہوں لیکن جب تک مجھے بھی سواری کرنے کو نہ ملے گی میں گھوڑا نہ بنوں گا۔ تم لوگ سوار بنو اور میں گھوڑا ہی بنا رہوں گا۔‘‘

    سریش نے تحکمانہ لہجہ میں کہا، ’’تجھے گھوڑا بننا پڑے گا۔‘‘ اس نے منگل کو پکڑنا چاہا۔ منگل بھاگا سریش بھی دوڑا، منگل نے قدم اور تیز کیا۔ سریش نے بھی زور لگایا مگر بسیار خوری نے اسے تھل تھل بنادیا تھا۔ اور دوڑنے سے اس کا سانس پھولنے لگتا تھا۔ آخر سر یش نے رک کر کہا، ’’آکر گھوڑا بنو ورنہ کبھی پاؤ ں گا تو بُری طرح پیٹوں گا۔‘‘

    ’’تمھیں بھی گھوڑا بننا پڑے گا۔‘‘

    ’’اچھا ہم بھی بن جائیں گے۔‘‘

    ’’تم بعد میں بھاگ جاؤگے اس لیے پہلے تم بن جاؤ۔ میں سواری کرلوں پھر میں بنوں گا۔‘‘

    سریش نے چکمہ دیا۔ منگل نے اس کے مطلب کو برہم کردیا۔ ساتھیوں سے بولا، ’’دیکھو اس کی بدمعاشی، بھنگی ہے۔‘‘

    تینوں نے اب کے منگل کو گھیر لیا اور زبردستی گھوڑا بنا دیا۔ سریش اپنا وزنی جسم لے کر اس کی پیٹھ پر بیٹھ گیا اور ٹک ٹک کرکے بولا، ’’چل گھوڑے چل‘‘ مگر اس کے بوجھ کے نیچے غریب منگل کے لیے ہلنا بھی مشکل تھا دوڑنا تو دور کی بات تھی۔ ایک لمحہ تو وہ ضبط کیے چوپایہ بنا کھڑارہا لیکن ایسا معلوم ہونے لگا کہ ریڑھ کی ہڈّی ٹوٹی جاتی ہے۔ اس نے آہستہ سے پیٹھ سکوڑی اور سریش کی ران کے نیچے سے سرک گیا سریش گدسے گر پڑا۔ اور بھو نپو بجانے لگے۔ ماں نے سنا سریش کیوں رورہا ہے۔ گاؤں میں کہیں سریش روئے ان کے ذکی الحسن کانوں میں ضرور آواز آجاتی تھی اور اس کا رونا تھا بھی دوسرے لڑکوں سے بالکل نرالا جیسے چھوٹی لائن کے انجن کی آواز۔

    ایک منٹ میں سریش آنکھیں ملتا ہوا گھر میں آیا۔ آپ کو جب کبھی رونے کا اتفاق ہوتا تھا تو گھر میں فریاد لے کر ضرور آتے تھے۔ ماں چپ کرانے کے لیے کچھ نہ کچھ دے دیتی تھی۔ آپ تھے توآٹھ سال کے مگر بہت بیوقوف حد سے زیادہ پیارے۔ ماں نے پوچھا، ’’کیوں رورہا ہے سیریش؟ کس نے مارا؟‘‘ سریش نے روتے ہوئے کہا، ’’منگل نے چھو دیا۔‘‘

    پہلے تو ماں کو یقین نہ آیا۔ لیکن جب سریش قسمیں کھانے لگا تو یقین لانا لازم ہوگیا۔ اس نے منگل کو بلوایا اور ڈانٹ کر بولی، ’’کیوں رے منگلو اب تجھے بدمعاشی سوجھنے لگی میں نے تجھ سے کہا تھا کہ سریش کو چھونا نہیں۔ یاد ہے کہ نہیں، بول۔‘‘ منگل نے دبی آواز سے کہا، ’’یاد ہے‘‘

    ’’تو پھر تونے اسے کیوں چھوا؟ تونے نہیں چُھوا تو یہ روتا کیوں تھا؟‘‘

    ’’یہ گر پڑے اس لیے رونے لگے۔‘‘

    ’’چوری اور سینہ زوری‘‘دیوی دانت پیس کر رہ گئیں۔ ماریں تو اسی وقت اشنان کرنا پڑتا۔ قمچی تو ہاتھ میں لینا ہی پڑتی اور چھوت کی برقی روقمچی کے راستہ ان کے جسم میں سرایت کر جاتی اس لیے جہا ں تک گالیاں دے سکیں، دیں اور حکم دیا کہ، ’’اسی وقت یہاں سے نکل جا۔ پھر جو تیری صورت نظر آئی تو خون ہی پی جاؤں گی۔ مفت کی روٹیاں کھا کھا کر شرارت سوجھتی ہے۔‘‘

    منگل میں غیرت تو کیا ہوگی خوف تھا۔ چپکے سے اپنے سکورے اٹھائے، ٹاٹ کا ٹکڑا بغل میں دبایا، دھوتی کندھے پر رکھی اور روتا ہوا وہاں سے چل پڑا۔ اب وہ یہاں کبھی نہیں آئے گا۔ یہی تو ہوگا کہ بھوکوں مرجاؤں گا کیا ہرج ہے اس طرح جینے سے فائدہ ہی کیا۔ گاؤں میں اور کہاں جاتا۔ بھنگی کو کون پناہ دیتا۔ وہی اپنے بے درودیوار کی آڑتھی۔ جہاں پچھلے دنوں کی یادیں اس کے آنسو پونچھ سکتی تھیں۔ وہیں جا کر پڑرہا۔ اور خوب پھوٹ پھوٹ کر رویا۔ ابھی آدھ گھنٹہ بھی نہ گذرا ہوگا کہ ٹامی بھی اسے ڈھونڈتا ہوا آپہنچا۔

    لیکن جوں جوں شام ہوتی گئی اس کا احساسِ ذلّت بھی غائب ہوتا گیا۔ بچپن کی بے تاب کرنے والی بھوک جسم کا خون پی پی کر اور بھی بے پناہ ہوتی جاتی تھی۔ آنکھیں بار بار سکوروں کی طرف اٹھ جاتیں۔ اس نے مشورتاً ٹامی سے کہا، ’’کھاؤ گے کیا؟ میں تو بھوکا ہی لیٹ رہوں گا۔‘‘ ٹامی نے کوں کوں کرکے شاید کہا، ’’اس طرح کی ذلتّیں تو ساری زندگی سہنی ہیں پھر ذرا دیر میں دم ہلا ہوتا ہوا اس کے پاس جا پہنچا۔ ہماری زندگی اسی لیے ہے بھائی۔‘‘

    منگل بولا، ’’تم جاؤ جو کچھ مل جائے کھالو۔ میری پرواہ نہ کرو۔‘‘ ٹامی نے پھر اپنی سگستانی بولی میں کہا، ’’اکیلا نہیں جاتا تمھیں ساتھ لے چلوں گا۔‘‘ ایک لمحہ بعد پھر بھوک نے تالیف کا ایک نیا پہلو اختیار کیا۔ ’’مالکن تلاش کررہی ہوں گی۔ کیوں ٹامی۔‘‘ اور کیا بابوجی اور سریش کھا چکے ہوں گے؟ کہارنے ان کی تھالی کا جوٹھا نکال لیا ہوگا اور ہمیں پکار رہا ہوگا۔ بابو جی اور سریش دونوں کی تھالیوں میں گھی اور میٹھی میٹھی چیز۔ ہاں ملائی۔ ہماری آواز نہ سنائی دے گی۔ تو سب کا سب گھورے پر ڈال دیں گے۔ ذرا دیکھ لیں کہ ہمیں پوچھنے آتا ہے۔ یہاں کون پوچھنے آئے گا۔ کوئی برہمن ہوں۔‘‘

    ’’اچھاچلو تو وہیں چلیں مگر چھپے ہوئے رہیں گے اگر کسی نے نہ پکارا تو میں لوٹ آوں گا۔ یہ سمجھ لو۔‘‘

    دونوں وہاں سے نکلے اور آکر مہیش ناتھ کے دروازے پر ایک کونے میں دبک کر کھڑے ہوگئے۔ ٹامی شاید اِدھر ادھر خبر لانے چلا گیا۔ مہیش بابو تھالی پر بیٹھ گئے تھے نوکرآپس میں بات چیت کررہے تھے۔ ایک نے کہا، ’’آج منگلو نہیں دکھائی دیتا۔ بھوکا ہوگا بے چارہ۔ مالکن نے ڈانٹا تھا۔ اسی لیے بھاگا تھا شاید۔‘‘ منگل کے جی میں آیا چل کر اس آدمی کے قدموں پر گر پڑے۔ دوسرے نے جواب دیا، ’’اچھا ہوا نکالا گیا۔ نہیں تو سبیرے سبیرے بھنگی کا منہ دیکھنا پڑتا تھا۔‘‘ منگل اور اندھیرے میں کھسک گیا۔ اب کیا امید کی جاسکتی تھی۔ مہیش اور سریش تھالی سے اٹھ گئے نوکر ہاتھ منہ دھلا رہا ہے۔ اب بابوجی حقّہ پیئں گے۔ سریش سوئے گا۔ غریب منگل کی کسے فکر ہے۔ اتنی دیر ہوگئی کسی نے نہیں پکارا۔ کون پکارے گا۔ منگل آدھ گھنٹے تک وہاں دبکا رہا۔ کسی نے اس کا نام نہ لیا۔ اس نے ایک لمبی سانس لی اور جانا ہی چاہتا تھا کہ اس نے اسی کہار کو ایک تھال میں جوٹھا کھانا لے جاتے دیکھا۔ شاید گھورے پر ڈالنے جارہا تھا۔ منگل اندھیرے سے نکل کر روشنی میں آگیا۔ اب صبر نہ ہوسکتا تھا۔ کہار نے کہا ارے تو یہاں تھا۔ ہم نے کہا، ’’کہیں چلا گیا۔ لے کھالے میں پھینکنے لے جارہا تھا۔‘‘ منگل نے کہا، ’’میں تو بڑی دیر سے یہاں کھڑاتھا۔ کہار نے کہا تو بولا کیوں نہیں۔‘‘ منگل بولا، ’’ڈرلگتا تھا۔‘‘ منگل نے کہا، ر کے ہاتھ سے تھال لے لیا اور اسے ایسی نظر سے دیکھا جس میں شکر اور احسان مندی کی ایک دنیا چھپی ہوئی تھی۔ پھر وہ دونوں نیم کے درخت کے نیچے حسب معمول کھانے لگے۔ منگل نے ایک ہاتھ سے ٹامی کا سر سہلا کر کہا، ’’دیکھا پیٹ کی آگ ایسی ہوتی ہے لات کی ماری ہوئی روٹیاں بھی نہ ملتیں تو کیا کرتے؟ ٹامی نے دم ہلائی۔ سریش کو اماں ہی نے پالا ہے ٹامی۔‘‘

    ٹامی نے پھر دم ہلا دی۔ لوگ کہتے ہیں دودھ کا دام کوئی نہیں چکا سکتا۔ ٹامی نے دم ہلادی۔ ’’اور مجھے دودھ کا یہ دام مل رہا ہے۔‘‘ ٹامی نے پھر دم ہلادی۔

    مأخذ:

    پریم چند کے منتخب افسانے (Pg. 123)

      • ناشر: انجمن ترقی اردو (ہند)، دہلی
      • سن اشاعت: 2006

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے