Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

چھت پر ٹھہری دھوپ

مشتاق احمد نوری

چھت پر ٹھہری دھوپ

مشتاق احمد نوری

MORE BYمشتاق احمد نوری

    کیا تمہیں ایسا نہیں لگتا کہ ہم دونوں خود اپنے ساتھ فریب کر رہے ہیں؟ آخر اس خود فریبی میں مبتلا ہو کر ہم کس حقیقت سے فرار چاہ رہے ہیں۔ زندگی فرار کا نام تو نہیں ہے؟ زندگی تو خود سپردگی کا نام ہے۔

    تو پھر اپنے آپ کو چھلنے کی یہ خواہش اپنے ہی ساتھ کی جانے والی سازش تو نہیں؟

    اب دیکھو نا۔۔۔ بیس سال پرانا لمحہ تمہاری چھت پر زندگی کی صورت نظر آیا۔ یہ تم تھی۔ مجھے لگا وہی بیس سال والی وہ لڑکی ہے ،جو مجھے دیکھنے اور خود کو دکھانے کی تمنا میں دھوپ کی شدت کی پرواہ کئے بغیر چھت پر کھڑی ہے۔

    لیکن آج دھوپ کب تھی؟ وہ تو ڈھل چکی تھی۔

    اب نہ وہ شدت نہ وہ تمازت۔۔۔ ڈھلان پر رکے قدم جیسے۔۔۔

    ہم دونوں نے ایک دوسرے کو دیکھا، لیکن دونوں نے اپنے آپ کو فریب میں مبتلا رکھا۔ میں تمہیں دیکھ کر دیکھتا نہیں رہا بلکہ انجان بن کر تمہارے گھر کی جانب بڑھتا رہا، یہ سوچتا ہوا کہ تم دیکھ رہی ہوگی۔ اب چھت سے نیچے آؤ گی۔ میرے بل کا انتظار کرتی ہوئی جھٹ دروازہ کھول دو گی اور شرماتی ہوئی دریافت کروگی:

    ’’آپ کب آئے؟‘‘

    لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔

    میری ہی طرح تم بھی دیکھ لیے جانے اور دیکھنے کی خواہش کے درمیان خود کو چھلتی رہی اپنے آپ کو یہ کہہ کر بہلاتی رہی کہ تم نے مجھے دیکھا ہی نہیں، میں نے بل بجایا، لیکن دروازہ نہیں کھلا۔ عقب کی کھڑکی سے آواز آئی:

    ’’کب آئے؟ کہو تو دروازہ کھول دوں؟‘‘

    یہ تمہارے شوہر کی آواز تھی۔ میرا اچھا دوست رہا ہے۔ مکتب اور اسکول کا ساتھی۔

    ’’اگر چاہو تو باہر سے ہی لوٹ جاؤں؟‘‘

    میں نے جواب دیا اور وہ مسکراتا ہوا دروازہ کھول کر مجھے اندر لے گیا، لیکن میری ساری توجہ تو چھت پر تھی جہاں دھوپ کی شدت نہیں تھی، کیوں کہ دھوپ کے پاؤں تو ڈھلان پر تھے۔ میں تمہارے شوہر سے گفتگو کرتا رہا، لیکن میرا سارا دھیان تمہارے قدموں کی چاپ پر لگا ہوا تھا اور تم چھت پر انجان بنی اپنے آپ کو چھلنے میں مصروف تھی۔ اچانک تمہاری بچی سامنے آ گئی۔ میں تو چونک ہی گیا۔

    ’’ارے دھوپ کی یہ شدت کہاں تھی؟‘‘

    ہو بہو بیس سال پرانی تمہاری اپنی تصویر۔۔۔

    بیس سال بہت ہوتے ہیں۔

    دو زمانوں کی دوریاں کم نہیں ہوتیں۔

    لیکن مجھے ایسا کہاں لگتا ہے۔

    مجھے تو آج بھی درمیانی دوری نظر نہیں آتی۔۔۔

    تم جب سامنے ہوتی ہو تو یہ ساری دوریاں کہاں چلی جاتی ہیں؟

    لیکن تم سامنے کب ہو؟

    وہ لمحہ تو چھت پر ٹھہر گیا ہے۔

    میں بھی کتنا ضدی تھا۔ مجھے ضدی بھی تو تم نے ہی بنایا تھا۔ میری ہر بات ماننے کی تمہاری وہ ادا اور تمہاری ہر ادا پر قربان ہونے کی میری خواہش۔۔۔

    کیسے کیسے لمحے درمیان سے گزر گئے۔

    وہ زمانہ بھی خوب تھا۔ نہ جانے کس بات پر ناراض تھا میں۔ کئی دنوں تک تم سے ملنے نہیں گیا تھا۔ کئی دن اس زمانے میں زمانوں پر بھاری ہوا کرتے تھے۔ تمہاری معافی قبول ہوئی اور شرط یہ ٹھہری کہ بارہ بجے دن میں چھت پر کھڑی ہو کر میرا انتظار کرو۔ مابدولت سامنے کی سڑک سے گزریں گے۔

    وقت سے قبل تم آئی۔۔۔ وقت گزار کر میں گیا۔

    گھنٹہ دو گھنٹہ کھلی چھت پر مئی کی دوپہر میں بغیر کسی وجہ کے کھڑا رہنا کتنا مشکل ہوتا ہے، لیکن تم وہاں تھی۔ میرے من پسند لباس میں تمہاری لمبی زلفیں تمہارے وجود پر سایہ فگن تھیں ،جنہیں دیکھ کر میں اکثر کہا کرتا تھا:

    ’’ان زلفوں کوکھلی مت رکھنا۔ بہت سے مسافر اپنے گھر کا راستہ بھول جائیں گے۔‘‘

    جواب میں تم نے مسکراتے ہوئے کہا تھا:

    ’’جسے راستہ بھولنا تھا وہ بھول چکا اب تو سارے راستے بند ہو گئے ہیں۔‘‘

    تمہاری لمبی زلفیں تمہیں پریشان کر رہی تھیں، ہوا کے جھونکے بار بار انہیں چھیڑ رہے تھے۔ میں نے تمہیں چھت پر دیکھا اور دیکھتا ہی رہ گیا۔ نہ جانے وہ لمحہ اچانک ساکت کیوں ہو گیا۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے وہ لمحہ صدیوں پر محیط ہو گیا ہو۔ سڑک پر ایک ہی جگہ کھڑے ہو کر دیدار یار کرنا ممکن بھی نہ تھا، اس لیے نہ جانے کتنی بار اس سڑک پر ادھر سے ادھر آتا جاتا رہا، یہ یاد نہیں۔ یاد تو صرف تم ہو۔ کتنی شدت تھی ، کتنی بےقراری تھی اور کتنی تڑپ تھی دونوں طرف۔ ایک دوسرے کو دیکھنے اور دکھانے کی تمنا۔۔۔ آس پاس سے بے خبر دھوپ بھی خود پشیماں کہ اس کی شدت سے زیادہ شدت ہے اس جذبے میں۔

    لیکن آج وہ سب کہاں تھا؟

    جذبے تو شاید تھے، لیکن وہ شدت کہاں تھی؟

    ہم فریب کیوں دے رہے تھے خود کو؟

    چاہ تو آج بھی تھی کہ دیکھوں۔۔۔ جی بھر کے دیکھوں اور دیکھوں اور دیکھتا ہی رہوں، لیکن اندر ہی اندر اس جذبے کا گلا کیوں گھونٹ رہا تھا میں؟

    تم بھی تو ویسا ہی کر رہی تھی۔ تمہیں معلوم تھا کہ میں شدت سے چھت کے نیچے، تمہارے قدموں کی چاپ سننے کا منتظر ہوں، لیکن تم انجان بنتی رہی کہ چھت کے اوپر تمہیں کچھ نہیں معلوم، حالانکہ اندر ہی اندر تم بھی اسی طرح تڑپ رہی تھی، جس طرح کہ میں ۔۔۔ لیکن یہ انجانا احتیاط خود کو جان بوجھ کر چھلنے کی خواہش۔۔۔

    بہت دیر بعد تمہارے قدموں کی آہٹ میں نے پہچان لی۔سر اٹھایا، تم سامنے تھی۔ نگاہیں جھک گئیں جیسے چوری کر رہا ہوں تم نے بھی بس رسمی طور پر پوچھا:

    ’’کب آئے آپ؟‘‘

    جی میں آیا کہہ دوں:’’میں گیا ہی کب تھا۔‘‘

    لیکن تمہارے جواب میں تمہیں کیسے بتاتا کہ صدیاں بیت گئیں تمہارا انتظار کرتے کرتے۔

    تمہاری ساری توجہ اپنے شوہر پر مرکوز ہو گئیں ۔ تم نے اپنے شوہر پر اپنی محبت قربان کرتے ہوئے کہا:

    ’’آپ سوئٹر کیوں نہیں پہن لیتے۔ سردی لگ جائےگی۔‘‘

    میں بھی تو اندر ہی اندر بہت سرد ہو چکا ہوں۔

    میرے اندر کی گرمی سوئٹر سے واپس آ سکےگی کیا؟

    پھر۔۔۔ پھر۔۔۔

    لوگ کہتے ہیں کہ یگ کے ساتھ سب بدل جاتا ہے۔

    یہاں تو پورے دو یگ بیت گئے۔

    لیکن بدلاؤ کہاں آیا۔۔۔؟

    نہیں۔۔۔ شاید نہیں۔۔۔بدلاؤ تو آیا ہے۔

    دویگ قبل تم جس چھت پر کھڑی ہوا کرتی تھی اس کے نیچے ایک ہی منزل تھی آج تم جس چھت پر کھڑی تھی اس کے نیچے دو منزل تھی۔ سامنے کا میدان صرف فٹ بال گراؤنڈ ہوا کرتا تھا اور اب ایک اسٹیڈیم میں تبدیل ہو چکا تھا۔ میدان کے بغل میں جو خستہ حال ڈاک بنگلہ تھا وہ اب ایک سرکٹ ہاؤس کی شکل اختیار کر چکا تھا۔ گھر کے پاس والا سنیما ہال دوسری جگہ منتقل ہو گیا تھا اور اس کی جگہ ایک خوبصورت مارکیٹ نے لے لی تھی۔

    بدلاؤ تو ہوا تھا۔۔۔ سب کچھ بدل گیا تھا۔۔۔

    میں بھی بدلا ۔۔۔تم بھی بدل گئی۔۔۔

    لیکن وہ جذبہ جوں کا توں تھا۔

    چھت پر دھوپ جیسے ٹھہر گئی تھی۔

    لیکن وہ جذبہ صادق نہیں رہا تھا۔ ایک مجرمانہ کیفیت اس میں شامل ہو گئی تھی۔خلوص کی جگہ فرض نے لے لی تھی۔ بےقراری اور تڑپ کی جگہ بے بسی اور مجبوری آ گئی تھی۔

    میں وہی۔۔۔ وہی۔۔۔ تم ۔۔۔ درمیان کی ساری چیزیں بدل گئیں۔

    ایسا ہوتا ہے۔۔۔ اکثر ہوتا ہے۔۔۔

    ’’کہاں ٹھہرے ہو، رات کہاں گزاروگے؟‘‘

    تمہارے شوہر کی رسمی آواز نے مجھے چونکا دیا۔

    ’’سرکٹ ہاؤس میں ہی ٹھہرا ہوں ۔ساری سہولت ہے وہاں۔‘‘

    ’’سہولتیں یہاں بھی مل سکتی ہیں، چاہو تو یہیں ٹھہر جاؤ۔‘‘

    میں انکار کر دیتا ہوں۔۔۔ خواہشوں پر جبر کیسے کیا جاتا ہے اب پتہ چلا۔

    میں اسے یہ کیسے بتا پاؤں گا کہ قریب کے سرکٹ ہاؤس میں بھی میں رات بھر سونہیں پاؤں گا۔ ہزاروں گزرے لمحے مجھے پریشان کریں گے۔ میں ان لمحوں میں کھو کر شاید خود کو ہی گم کر دوں گا۔۔۔ اور اگر اس چھت کے نیچے سو گیا تو لمحے انگارے ہو جائیں گے۔ میرا کیا ہوگا۔۔۔ اور تم بھی سو پاؤگی کیا؟

    پھر وہی ہوگا۔۔۔ سارے لوگ تو آرام کی نیند سو رہے ہوں گے، لیکن دو روحیں بےقرار ہوں گی۔ جاگ کر بھی رات بھر سونے کا ڈھونگ کریں گے۔ پاس کے کمروں سے گاہے بگاہے کھانس کر گلا صاف کرنے کے بہانے، یا پھر چوڑیوں کی کھنک کے سہارے ایک دوسرے کو یہ احساس کراتے رہیں گے کہ ہم دونوں سو کر بھی جاگ رہے ہیں۔

    لیکن جب سامنے ہوتے ہیں تو پھر جاگ کر بھی سونے کا بہانہ کیوں کرتے ہیں؟

    یہ کیسی وفا داریاں ہیں؟

    ہم اندر ہی اندر سمندر کی طرح بےچین ہوتے ہیں اور باہر سے پر سکون ہونے کا ڈھونگ کرتے ہیں۔ ہماری اس بے چینی میں کتنا سکون ہوتا ہے اسے کوئی کیسے محسوس کر سکتا ہے؟

    ایک بار میں بچوں کے ساتھ گوا کے سفر پر گیا تھا۔ ہوٹل گو ون ہیری ٹیج بالکل سمندر کے کنارے تھا۔ شام اپنی بیگم کے ساتھ بیچ پر ٹہل رہا تھا۔ ماحول بالکل پر سکون تھا، لیکن چاروں طرف سمندر کی چنگھاڑتی لہروں کا شور تھا۔ سورج غروب ہونے کو تھا۔ سمندر کی چاندی جیسی لہروں پر شفق کا سونا بکھر ا ہوا تھا۔ میں وہاں کے ماحول میں گم تھا۔ شاید وہاں ہو کر بھی کہیں اور تھا۔ چاروں طرف سمندر کا شور۔۔۔ وسعت نگاہ تک چاندی پر پھیلی سونے کی پرت۔ میں نے بیگم سے کہا:

    ’’دیکھو تو اس شور میں کتنا سکون ہے۔‘‘

    ’’شور ہے تو سکون کیسے ہوگا؟‘‘ میری بیگم نے الٹے ہی سوال داغا:

    پروفیسر وں کے ساتھ یہی بیماری ہے۔ وہ ہر سوال سے سوال پیدا کریں گے۔

    ’’شور تو ہے، لیکن اس شور بھرے ماحول میں تمہیں سکون کا احساس نہیں ہوتا؟‘‘

    ’’شور میں اگر سکون کا احساس ہونے لگے تو پھر آدمی شہر کے شور سے بھاگے ہی کیوں؟‘‘

    ’’تو پھر تم مئی کی شدت بھری دوپہرمیں دھوپ کی تمازت میں بھی سکون محسوس نہیں کر سکوگی؟‘‘

    نہ جانے میری زبان سے یہ سوال کس طرح پھسل گیا۔ اس نے تضحیک بھری ہنسی سے سوال کیا:

    ’’دھوپ کی تمازت میں سکون۔۔۔ اور وہ بھی مئی میں۔۔۔‘‘

    اس کا سوال درست تھا۔

    اور میرا تجربہ بھی درست تھا۔

    دونوں اپنی اپنی بھوگی ہوئی سچائی جھیل رہے تھے۔

    ایک دن سمندر میں غسل کر رہا تھا۔ کچھ سمندر ی گھونگھے اور سیپ پاؤں کے نیچے آکر اپنی موجودگی کا احساس کرانے لگے۔ ہاتھوں میں لے کر دیکھا ان کی خوبصورتی نے متاثر کیا اور جیب بھر کر ہوٹل کے کمرے میں لے آیا۔ سمینار میں جانے سے قبل انہیں زندہ رکھنے کی تگ و دو میں پانی بھرے گلاس میں انہیں ڈال کر باہر نکل آیا۔ گھنٹہ دو گھنٹہ بعد واپس آنے پر دیکھا وہ ساری خوبصورت سمندری مخلوق مردہ پڑی تھی۔ میری حیرانی کی انتہا نہ رہی۔ بہت سوچنے پر خیال آیا کہ سمندر کا پانی چونکہ کافی کھارا ہوتا ہے اور میں نے انہیں میٹھے پانی میں رکھ دیا تھا۔

    اپنی دنیا سے نکل کر وہ دوسری دنیا میں زندہ نہیں رہ سکتے تھے۔

    ہم دونوں بھی تو اپنی اپنی دنیا سے نکلے ہوئے ہیں۔

    تو پھر زندہ کیوں ہیں؟

    ایک صبح سمندر کے کنارے کھڑا تھا۔ لہریں موج میں تھیں۔۔۔ بہت تیزی سے ہماری جانب آتیں، پاؤں چومتی ہوئی آگے نکل جاتیں۔ ایک عجیب سی مسرت کا احساس ہوتا، لیکن یہ کیا لہروں کا پانی واپسی میں پاؤں کے نیچے کی زمین کھسکا جاتا۔ یہ ایک عجیب تجربہ تھا میرے لیے۔

    ہم دونوں بھی تو اپنی اپنی جگہ مضبوطی سے قدم جمائے کھڑے تھے، لیکن نہ جانے کب حالات کے سمندر سے ایک تیز لہر آئی اور ہمارے پاؤں کے نیچے سے زمین ہی سرکا گئی۔

    کچھ باتیں دوسروں کو نہیں سمجھائی جا سکتیں۔ ان باتوں کو سمجھنے کے لیے دھوپ کی شدت میں سکون حاصل کرنے کی کلا سیکھنی ہوگی۔

    ہم دونوں ہی اپنی اپنی دنیا میں مگن ہیں۔ تم اپنے شوہر کی ایک ایک ضرورت کا خیال رکھتی ہو۔ میرے سامنے تو تم اور بھی وفادار ی کا ثبوت پیش کرتی ہو۔ جانتی ہو؟ یہ سب تمہارے اندر کا ڈر کرواتا ہے۔ یا پھر تم جتانا چاہتی ہوکہ تم اپنی زندگی سے بہت مطمئن ہو، لیکن سچ کا عکس اگر اپنے دل کے آئینے میں دیکھو گی تو ڈر جاؤگی۔

    میں بھی اپنی بیگم کے لیے ایک آئیڈیل شوہر ہوں۔ اس کے لیے تو لاکھوں میں ایک۔ میں نے اسے زمین سے اٹھا کر آسمان پر پہنچا دیا۔

    لیکن کیا اس طرح ہم ایک دوسرے سے انتقام لے رہے ہیں؟

    لیکن کس بات کا انتقام۔۔۔ کہیں یہ خود سے ہی انتقام تو نہیں۔۔۔؟

    تم سمندر ی گھونگھے کی طرح گلاس کے میٹھے پانی میں مری نہیں، بلکہ زندہ ہو اور حالات کے سمندر کی لہریں بار بار میرے پاؤں کے نیچے کی زمین سرکاتی رہیں۔ پھر بھی میں کھڑا ہوں۔

    یہ دو یگ گزار کر۔۔۔ ہم ادھورے نہیں لگتے؟

    سرکٹ ہاؤس کا کمرہ بہت شانت ہے۔ ایئر کنڈیشن کی ٹھنڈی ہواؤں میں بھی میں سکون محسوس نہیں کر پا رہا ہوں۔ نرم و ملائم بستر بھی مجھے راحت نہیں دے پا رہا ہے۔ میری نگاہیں چھت پر ٹکی ہیں۔ اس چھت پر میرا کھویا ہوا لمحہ ٹھہر گیا ہے اور اس چھت پر بےشمار گزرے ہوئے لمحے متحرک ہو گئے ہیں۔ ایک کے بعد دوسرا عکس میری نظروں سے اوجھل ہوتا جا رہا ہے۔ اچانک ایک عکس منجمد ہو گیا ہے۔

    میں ٹیبل پر بیٹھا ہوں۔ پانی کا گلاس چھلک گیا ہے۔ ایک ٹیوٹر ٹیوشن پڑھانے کے بعد اپنے اندر کی آگ ٹھنڈے پانی سے بجھانے کی تمنا میں گلاس بھرنے کے بعد بھی پانی انڈیلنے لگتا ہے۔ ٹیبل پر پانی پھیل گیا ہے۔ میری انگلی پانی پر جاتی ہے اور پھر ٹیبل پر لکیروں کا جال بننے لگتا ہے۔ میں اس جال میں گم ہونے لگتا ہوں، تم پیچھے سے آکر میرے کندھوں پر ہاتھ رکھ دیتی ہو اور دھیمے لہجے میں کہتی ہو:

    ’’ان لکیروں میں زندگی تلاش کر رہے ہیں یا پھر خود کو گم کرنے کا ارادہ ہے؟‘‘

    تمہارے ہاتھوں کے سبک دباؤ نے سارے زمانے کو وہیں ٹھہر جانے پر مجبور کر دیا ہے۔ میری انگلی ساکت ہو گئی ہے۔ نگاہیں ٹیبل پر پتھرا گئی ہیں۔ سر کے پیچھے سے کئی روشن دان کھل جاتے ہیں اور ہر روشن دان سے تم جھانکنے لگتی ہو۔ میں پیچھے نہیں مڑتا، لیکن تمہارا پورا سراپا میرے سامنے ہوتا ہے۔

    تمہاری انگلیاں میرے الجھے بالوں میں رینگ جاتی ہیں۔ میرے پورے بدن میں ایک عجیب سی سہرن کا احساس پیدا ہوتا ہے، پھر اچانک تم اپنی ٹھڈی میرے سر سے ٹکا تی ہوئی پھسپھساتی ہو:

    ’’ان لکیروں کی طرح خود کو دن بدن کیوں الجھاتے جا رہے ہیں؟‘‘

    میرے پاس کو ئی جواب نہیں ہے۔ سامنے صرف لکیروں کا جال ہے اور اسی جال کے درمیان سے راستہ تلاش کرنا میری مجبوری ہے۔ یہ زندگی کی ایک پہیلی ہے۔ میں جال بھرے راستے کے اس جانب ہو ں اور تم دوسری جانب ہو۔ جال کے درمیان سے راستہ تلاش کرکے تم تک پہنچنا ہے، میں جس راستے کو بھی پکڑتا ہوں وہ آگے جا کر بند ملتا ہے۔ دوسرا۔۔۔ تیسرا۔۔۔ چوتھا۔۔۔ سارے راستے ایک ہی جیسے ہیں۔ بڑھنے کا راستہ تو دیتے ہیں پھر اچانک بند ہو جاتے ہیں۔

    ’’ان بند دروازوں سے گزرنا آسان ہے کیا؟‘‘

    ’’مجھ تک پہنچنے کے لیے انہیں بند دروازوں سے گزرنا ہوگا۔‘‘

    تمہارا جواب میری پریشانی بڑھا دیتا ہے۔

    ’’ کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ تم اس جانب سے دروازہ تلاش کرتی ہوئی مجھ تک پہنچ جاؤ؟‘‘

    ’’نہیں ۔۔۔ اس پہیلی کو تو آپ کو ہی حل کرنا ہے۔ میں تو دیواروں میں چنی ہوئی ہوں۔ میرا اپنا آپ تو ان لکیروں میں گم ہے۔آپ کو ہی راستہ تلاش کرنا ہے اور اس دیوار کو بھی گرانا ہے۔‘‘

    ’’اور تم کچھ نہیں کرو گی میری شہزادی؟‘‘

    ’’کروں گی، ضرور کروں گی، میں آپ کا انتظار کروں گی۔‘‘

    میرے سامنے لوک کتھا کی وہ شہزادی تھی ،جس کے پورے جسم میں کانٹے پیوست تھے۔ جو یہ کانٹے نکال دیتا شہزادی اس کی ہو جاتی۔

    ’’شہزادوں کی کمی نہیں تھی، لیکن ایک غریب لکڑہارا بھی اس دوڑ میں شامل رہا۔ وہ تن من سے کانٹے نکالتا رہا۔ ایک دن ایسا بھی آیا کہ صرف آنکھ کا کانٹا نکالنا باقی رہ گیا۔ جسے اس نے دوسرے دن پر چھوڑ دیا اور جب دوسرے دن اس نے آنکھوں سے کانٹا نکالنا چاہا تو شہزادی نے جھٹ سے اپنی آنکھیں کھول دیں۔

    کون ہو تم۔۔۔ اور کیا کرنے آئے ہو؟ ‘‘ شہزادی نے چونک کر پوچھا۔

    ’’میں۔۔۔؟‘‘ اس نے پورے اعتماد سے کہا۔

    ’’میں وہی ہوں شہزادی، جو ایک یگ سے تمہارے جسم سے کانٹے نکالتا رہا ہے اور جس نے ہر کانٹے کی چبھن اپنی روح پر محسوس کی ہے۔‘‘

    ’’لیکن تم تو وہ نہیں ہو جس نے میری آنکھ سے کانٹا نکالا تھا؟‘‘ وہ تذبذب کے عالم میں گویا ہوئی۔

    ’’وہ تو کوئی اور تھا اور اس نے بھی یہی دعوا کیا تھا، میں تمہاری باتوں پر کس طرح یقین کر لوں؟‘‘

    وہ حیران و پریشان کھڑا ہے۔ اس کے پاس کو ئی جواب نہیں ہے۔ اس کے اندر سے آواز آتی ہے:

    ’’شہزادی ۔۔۔ تم ایک دن اور انتظار نہیں کر سکتی تھی؟‘‘

    میں چونک پڑتا ہوں۔

    سامنے لکیروں کا کوئی جال نہیں ہے۔ سارے راستے اب میری دسترس میں ہیں، لیکن اس جانب دیواروں کے درمیان کوئی نہیں ہے۔ دیوار کی اونچائی پہلے سے زیادہ ہو گئی ہے اور اس پر ایک مضبوط چھت بھی ہے۔ چھت پر بڑی شدت کی دھوپ ہوا کرتی تھی، لیکن اب وہ ڈھل چکی ہے اور چاروں طرف شام کی سیاہی پھیلتی جا رہی ہے۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے