محمد باقر شمس کا تعارف
مولانا سید محمد باقر شمسؔ (10 اگست 1909ء–6 جنوری 2007ء) اردو کے ممتاز شاعر، نقاد، محقق، مورخ، ادیب اور ماہرِ تعلیم تھے۔ 23 رجب 1327ھ کو جونپور، ہندوستان میں پیدا ہوئے اور 16 ذوالحجہ 1427ھ کو کراچی، پاکستان میں وفات پائی۔ ان کا تعلق ہندوستان اور پاکستان کے علمی و دینی خانوادے سے تھا۔ ان کے والد مولانا سید سبط حسین قبلہ طاب ثراہ معروف مجتہد تھے، جب کہ والدہ ملاذ العلماء مولانا سید ابوالحسن، المعروف مولوی بچن صاحب قبلہ طاب ثراہ، کی صاحب زادی تھیں۔ مولانا شمسؔ نے لکھنؤ یونیورسٹی سے دبیرِ کامل کی سند حاصل کی اور لکھنؤ کے منبعِ طب کالج میں طب کی تعلیم حاصل کی۔ اردو، فارسی اور عربی زبانوں پر عبور کے علاوہ انھیں عبرانی اور انگریزی زبانوں سے بھی واقفیت تھی۔
مولانا شمسؔ نے 1923ء میں، محض 14 برس کی عمر میں، شاعری کا آغاز کیا اور 1926ء میں 17 برس کی عمر سے ادبی مضامین اور مقالات لکھنے لگے۔ ان کی علمی و ادبی سرگرمیوں میں تحقیق، تنقید، تصنیف و تالیف، تخلیقی ادب اور تعلیمی اصلاحات کو نمایاں مقام حاصل تھا۔ ان کی تصانیف میں ’شکستِ آئینہ‘ (1928ء)، ’فلسفۂ خیام‘ (1937ء)، ’درِ منظوم‘ (1937ء)، ’لکھنؤ کی زبان‘ (1955ء)، ’تاریخِ لکھنؤ‘ (1972ء)، ’شعورِ شاعری‘ (1974ء)، ’شبابِ لکھنؤ‘ (1975ء)، ’لکھنؤ کی شاعری‘ (1978ء)، ’انتخابِ دیوانِ جاوید‘ (1978ء)، ’لکھنؤ کی تہذیب‘ (1982ء)، ’نگارشاتِ رنگ رنگ‘ (1989ء)، ’تاریخِ زبانِ اردو‘ (1991ء)، ’تنقیدی مباحث‘ (1995ء)، ’آثارِ شمس‘ (1998ء) اور ’پنج آہنگ‘ (1999ء) شامل ہیں۔ ان کی کتاب ’فلسفۂ خیام‘ میں عمر خیام کی رباعیات کا فلسفیانہ مطالعہ پیش کیا گیا ہے۔ 1937ء میں سر فراز پریس، لکھنؤ سے شائع ہونے والی یہ کتاب طویل عرصے تک لکھنؤ یونیورسٹی کے بی اے اور دبیرِ کامل کے نصاب میں شامل رہی۔
مولانا شمسؔ کے علمی و ادبی مضامین روزنامہ سرفراز، لکھنؤ، رسالہ حقائق، لکھنؤ، ماہنامہ نگار، لکھنؤ، ماہنامہ عکسِ لطیف، کراچی اور طلوعِ افکار، کراچی سمیت متعدد معروف اخبارات و رسائل میں شائع ہوئے۔ ان کا شمار آرزو لکھنوی، ڈاکٹر احسن فاروقی، ڈاکٹر شوکت سبزواری، عزیز لکھنوی، صفی لکھنوی، حسین انجم، جوش ملیح آبادی، مولانا علی نقی، مرزا جعفر علی خاں اثر، مرزا کاظم حسین محشر، مرزا محمد ہادی عزیز، مرزا محمد ہادی رسوا، مشفق خواجہ، ندیم سیتاپوری، نیاز فتح پوری، پروفیسر مسعود حسن ادیب اور ساحر لکھنوی جیسی علمی و ادبی شخصیات کے رفقا میں ہوتا تھا۔
مولانا شمسؔ کی علمی وسعت، تحقیقی بصیرت، تنقیدی صلاحیت اور زبان و بیان پر قدرت کے اعتراف میں انھیں مختلف علمی و ادبی خطابات سے نوازا گیا، جن میں ’چابک دست مبصر‘، ’مصلح الادباء‘، ’ادیبِ دوراں‘، ’مجموعۂ کمالات‘، ’عظمتِ زبان و بیان کے علم بردار‘، ’نابغۂ روزگار‘، ’مؤرخِ کبیر‘، ’عظیم محقق‘، ’آبروئے لکھنؤ‘، ’ادیبائی مجتہد‘، ’لکھنؤ کے دائرۃ المعارف‘، ’استاذ الشعراء‘، ’علامۂ عصر‘، ’علمِ تاریخ کے بحرِ ذخار‘، ’فریدِ دہر‘، ’رئیس التحریر‘، ’ادیبِ شہیر‘، ’فاضلِ یگانہ‘، ’محققِ یگانہ‘، ’ناقدِ بصیر‘، ’سرمایۂ افتخار‘ اور ’صاحبِ اسلوب مصنف‘ شامل ہیں۔ ادب، تاریخ، تحقیق اور تعلیم کے میدانوں میں ان کی خدمات برصغیر کی علمی و ادبی روایت کا اہم سرمایہ ہیں۔ ادب کے علاوہ انھیں طب اور شکار سے بھی خصوصی دل چسپی تھی۔