حمید ناگپوری کا تعارف
حمید ناگپوری 05 نومبر 1907ء کو ناگپور میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ مہاراشٹر کے ایک نامور اردو شاعر تھے۔ ان کے والد کا نام شیخ رسول ہےجو پیشے سے قصاب تھے۔ 1964ء میں حمید فالج سے متاثر ہوئے ۔ حکومت مہاراشٹر کی جانب سے انھیں ماہانہ پچاس روپے وظیفہ جاری ہوا تھا۔ حمید ناگپوری کے مجموعہ کلام ”حرفِ خاموش“ کو 1961ء میں اپنا کتاب گھر (کامٹی) نے شائع کیا۔ کتاب 144 صفحات پر مشتمل ہے جس میں غزلیں، نظمیں، قطعات، رباعیات اور متفرق اشعار شامل ہیں۔
اردو کے بلند پایہ نقاد اور شاعر آل احمد سرور نے حمید ناگپوری کی کتاب ”حرفِ خاموش“ کے پیش لفظ میں اس طرح اظہارِ خیال کیا ہے۔
”حمید ناگپوری کے کلام کا انتخاب ”حرفِ خاموش“ کے نام سے شائع ہورہا ہے۔ میں وسطِ ہند کے اس شاعر سے اب تک ناواقف تھا۔ کلام پڑھا تو حیرت بھی ہوئی اور افسوس بھی۔ حیرت کلام کی خوبی پر اور افسوس اپنی لاعلمی پر۔
اس چھوٹے سے مجموعے میں غزلیں بھی ہیں، نظمیں بھی، قطعے بھی اور متفرق اشعار بھی۔ غزلوں کی تعداد نسبتاً زیادہ ہے۔ کلام میں سوز و گداز ہے۔ شاعر اپنے جذبات بیان کر رہا ہے مگر ان میں دوسروں کی داستانِ درد کا رنگ بھی جھلکتا ہے۔ جابجا ایسے نشتر ہیں جو اپنی طرف متوجہ کرلیتے ہیں۔“
06 جولائی1973ء کو حمید ناگپوری کا انتقال ہوا۔