اسماعیل میرٹھی کا تعارف
آغاز عشق عمر کا انجام ہو گیا
ناکامیوں کے غم میں مرا کام ہو گیا
شناخت: جدید اردو نظم کے معماروں میں شامل، ماہرِ تعلیم اور بچوں کے ادیب
مولوی اسماعیل میرٹھی 12 نومبر 1844ء کو میرٹھ (اتر پردیش) کے محلہ مشائخان (موجودہ اسماعیل نگر) میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام شیخ پیر بخش تھا۔ ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی اور فارسی کی اعلیٰ تعلیم مرزا رحیم بیگ سے پائی۔ بعد ازاں میرٹھ کے نارمل اسکول (ٹیچرز ٹریننگ اسکول) سے مدرسی کی سند حاصل کی۔ دورانِ تعلیم انہیں علمِ ہندسہ، فزیکل سائنس اور علمِ ہیئت سے خصوصی دلچسپی رہی۔ رڑکی کالج میں اوورسیئر کا کورس ادھورا چھوڑ کر انہوں نے محکمۂ تعلیم میں ملازمت اختیار کی۔ 1867ء میں سہارنپور میں فارسی کے استاد مقرر ہوئے اور 1888ء میں آگرہ کے سینٹرل نارمل اسکول سے وابستہ ہوئے، جہاں سے 1899ء میں ریٹائر ہو کر میرٹھ واپس آ گئے۔
مولوی اسماعیل میرٹھی کا شمار اردو نظم کے ابتدائی معماروں اور جدید نظم کے بنیاد گزاروں میں ہوتا ہے۔ 1857ء کے بعد کے دور میں جب سر سید تحریک نے ذہنی اور فکری بیداری کی فضا پیدا کی، تو انہوں نے ادب کو تعلیم و تربیت کا مؤثر ذریعہ بنایا۔ اردو قاعدوں اور درسی کتابوں کی تیاری میں ان کی خدمات بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ اگرچہ وہ بچوں کے ادب کے حوالے سے زیادہ معروف ہیں، لیکن ان کی ادبی شخصیت اس سے کہیں زیادہ وسیع اور ہمہ گیر ہے۔
انہوں نے غزل، قصیدہ، مثنوی، رباعی اور نظم کی مختلف ہیئتوں میں طبع آزمائی کی۔ مثلث، مربع، مخمس اور مثمن میں کامیاب تجربات کیے اور نظمِ معرّٰی کی راہیں ہموار کیں۔ ان کی شاعری میں فطرت نگاری، اخلاقی تربیت، قومی بیداری، انسانی ہمدردی اور عملی زندگی کے حقائق نمایاں نظر آتے ہیں۔
ان کی نظموں کا پہلا مجموعہ ’’ریزۂ جواہر‘‘ 1885ء میں شائع ہوا، جس میں بعض انگریزی نظموں کے منظوم تراجم بھی شامل تھے۔ انہوں نے فارسی ریڈریں مرتب کیں، جغرافیہ پر کتاب لکھی اور ’’تذکرۂ غوثیہ‘‘ جیسی تصنیف بھی یادگار چھوڑی۔ 1909ء میں انہوں نے میرٹھ میں مدرسۃ البنات قائم کیا، جو آج اسماعیلیہ ڈگری گرلز کالج کے نام سے معروف ہے۔ وہ میرٹھ مسلم لیگ کے نائب صدر اور انجمن ترقی اردو کی مجلسِ شوریٰ کے رکن بھی رہے۔ ان کی علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ وقت نے انہیں ’’خان صاحب‘‘ کا خطاب عطا کیا۔
وفات: مولوی اسماعیل میرٹھی کا انتقال یکم نومبر 1917ء کو میرٹھ میں ہوا۔
مددگار لنک : | https://en.wikipedia.org/wiki/Ismail_Merathi