محمد رضا حیدری کا تعارف
تخلص : 'رضا'
پیدائش : 21 Sep 2000
محمد رضا حیدری، تخلص رضا، 21 ستمبر 2000ء کو مشہد، ایران میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق حیدرآباد، سندھ (پاکستان) سے ہے۔ ان کے والد شیعہ عالم علامہ کرم علی حیدری الکربلائی ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم مشہد میں حاصل کی۔ 2013ء میں ایران کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ کر پاکستان آ گئے اور اپنے آبائی شہر حیدرآباد، سندھ میں سکونت اختیار کی۔ مسلم سائنس کالج، حیدرآباد سے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 2023ء میں جامعہ سندھ، جامشورو سے بی ایس (اردو) کی ڈگری حاصل کی۔ وہ اس وقت حیدرآباد میں فارسی اور اردو کے معلم کی حیثیت سے درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
محمد رضا حیدری نے 2016ء میں باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا۔ ان کی شاعری میں عشق و محبت کے جذبات و احساسات کے اظہار کے ساتھ ساتھ حالاتِ حاضرہ، معاشرے کے تلخ حقائق، انسان دوستی، مذہبی ہم آہنگی، غربت و افلاس اور ظلم و بربریت جیسے موضوعات کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ حقیقت نگاری، سادہ بیانی اور عام فہم اسلوب ان کی شاعری کی نمایاں خصوصیات ہیں، جن کی بنا پر ان کا کلام قارئین میں پسند کیا جاتا ہے۔ انہوں نے غزل، حمد، نعت، منقبت، سلام اور آزاد نظم جیسی اصناف میں طبع آزمائی کی ہے اور متعدد مشاعروں میں اپنا کلام پیش کر چکے ہیں۔