مشتاق انجم کا تعارف
تخلص : 'انجم'
اصلی نام : مشتاق احمد
پیدائش : 31 Aug 1955 | ہاوڑہ, مغربی بنگال
وفات : 16 Jan 2025 | ہاوڑہ, مغربی بنگال
رشتہ داروں : قیصر شمیم (استاد)
LCCN :n89263007
مشتاق انجم کا اصل نام مشتاق احمد ہے لیکن ادبی اور سماجی دنیا میں وہ مشتاق انجم کے نام سے معروف تھے۔ ان کا تخلص انجم ہے۔ ان کی ولادت محمد معین الدین (قلمی نام:صابر جمیل) کے دولت کدے پر 31 اگست 1955 میں ہوئی تھی۔ تعلیم ایم اے، پی ایچ ڈی تک تھی۔ مشتاق انجم پیشہ کے اعتبار سے سرکاری ملازم تھے۔ وہ حکومت مغربی بنگال میں اسپیشل آفیسر تھے۔ انہیں قیصر شمیم سے شرفِ تلمذ حاصل تھا۔
ان کی تصانیف کی تعداد اس طرح ہے۔ (1) بے گھری (افسانے) 1994ء، (2)تلاش (افسانے) 2000ء، (3)اندھی کھڑکی (افسانے) دیوناگری میں 2004ء، (4)رانگ نمبر (ناول) 2006ء، (5) آسماں پہچانتا ہے (شاعری) 2010ء، (6)راجا رام موہن رائے کی سوانح (بنگلہ سے ترجمہ) 2014ء، (7) خواب دریچہ (افسانوں کا مجموعہ) 2016ء، (8) مغربی بنگال میں اردو کا ایک اہم مرکز: ہوڑہ (تحقیقی کتاب) 2017ء، (9) تین بیگہ زمین (ترجمہ بنگلہ ناول سے) 2017ء، (10)، شام کے بادلوں کا ہار ہو تم (ترجمہ بنگلہ ناول سے) 2017ء، (11) وقتِ قیام (ناول)، (12) مغربی بنگال میں اردو افسانے کی عصری تاریخ 2025ء۔
مشتاق انجم کو ان کی کتاب ”تلاش“ اور ”تین بیگہ زمین“ پر مغربی بنگال اردو اکاڈمی سے انعام ملا اور بہار اردو اکاڈمی کی جانب سے انہیں ان کی کتاب ”بے گھری“، ”رانگ نمبر“، ”آسماں پہچانتا ہے“ اور ”خواب دریچہ“ پر انعام سے سرفراز کیا گیا۔ علاوہ ازایں مشتاق انجم کو انجمن جمہوریت پسند مصنفین کی جانب سے راحت اندوری ایوارڈ اور ہوڑہ رائٹرس ایسوسی ایشن کی طرف سے بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ڈاکٹر مشتاق انجم کی تخلیقی سرگرمیوں پر شاعر، ادیب، محقق اور تذکرہ نگار ایم نصر اللہ نصر کی رائے ملاحظہ کریں۔
”ڈاکٹر مشتاق انجم بنگال کے ادب نگاروں میں خصوصی طور پر افسانہ نگاروں اور ناول نویسوں میں کافی اہمیت رکھتے تھے۔ بنگال کے معتبر اور معروف افسانہ نگاروں میں ان کا نام صف اول کے فکشن نگاروں میں شامل ہے۔ اب تک ان کے کئی افسانوی مجموعے اوردو ناول ”رانگ نمبر“ اور ”وقتِ قیام“ منظرِ عام پر آ کر پذیرائی کے اسناد حاصل کر چکے ہیں۔ وہ ایک اچھے شاعر اور مقالہ نگار بھی تھے۔ ان کا شعری مجموعہ ”آسماں پہچانتا ہے“ کو کافی شہرت ملی۔ ہوڑہ اور بنگال کی ادبی محفلوں میں ان کی بڑی عزت تھی۔“
موضوعات
اتھارٹی کنٹرول :لائبریری آف کانگریس کنٹرول نمبر : n89263007