سید صبا واسطی کا تعارف
سید صباحت حسین واسطی، تخلّص صبا، 8 فروری 1956 کو کراچی، پاکستان میں پیدا ہوئے۔ بنیادی طور پر طب کے شعبے سے وابستہ رہے اور بعد ازاں امریکا منتقل ہو کر انشورنس پروفیشنل کی حیثیت سے عملی زندگی کا سفر جاری رکھا۔ گزشتہ 25 برس سے امریکا میں مقیم ہیں۔
اردو ادب سے فطری شغف بچپن ہی سے رہا۔ 1970 کی دہائی میں ان کی پہلی کہانی معروف ادیبہ زاہدہ حنا کے ادارت میں شائع ہونے والے ’عالمی ڈائجسٹ‘ میں منظرِ عام پر آئی۔ بعد ازاں ’عمران ڈائجسٹ‘ اور ’اخبارِ جہاں‘ جیسے مقبول رسائل میں بھی کہانیاں شائع ہوئیں۔ شاعری کا ذوق بھی اسی زمانے سے پروان چڑھا، اور روزنامہ ’جنگ‘ اور ’اخبارِ جہاں‘ میں متعدد غزلیں شائع ہوئیں، جنہیں معروف شاعر اطہر نفیسؔ نے سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔
امریکا میں قیام کے دوران بھی ادب سے تعلق برقرار رہا، اور بالآخر 2020 میں معروف شاعر خالد شریف سے ملاقات ہوئی، جن کے اشاعتی ادارے ماروا پبلیکیشن کے تحت ان کا پہلا شعری مجموعہ "امیدیں کتنی" شائع ہوا۔ صباؔ کی شاعری جذبات، امید اور تجربات کی پختگی کا مظہر ہے۔