نہاں رباب کا تعارف
نہاں رُباب عصری ادبی منظرنامے میں ایک اُبھرتی ہوئی، توانا اور امید افزا آواز کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ اُنہوں نے اپنی پہلی کتاب "مظہرالحق: تحریکِ آزادیٔ ہند کا فراموش کردہ قائد" سے شاندار ادبی سفر کا آغاز کیا۔ یہ کتاب علمی اور ادبی لحاظ سے ایک غیر معمولی کارنامہ تسلیم کی گئی ہے۔ یہ اُن پچھتر مسودات میں شامل تھی جنہیں وزیراعظم یُووا سرپرستی اسکیم (PM-YUVA Mentorship Scheme) کے تحت منتخب کیا گیا تھا۔ یہ کتاب ہندوستان کے معروف ادارے نیشنل بُک ٹرسٹ (NBT)، انڈیا سے شائع ہوئی۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چند برسوں کے اندر اس کا دوسرا ایڈیشن بھی شائع ہو چکا ہے۔
اُن کی دوسری کتاب "تدریسی زاویے" (2023) تعلیمی پبلشنگ ہاؤس، دہلی سے شائع ہوئی۔ یہ کتاب معروف افسانہ نگار اور ماہرِ تعلیم پروفیسر غضنفر کے تعلیمی نظریات اور تدریسی طریقۂ کار پر مشتمل گراں قدر مضامین کا مجموعہ ہے جسے نیہا رُباب نے مرتب کیا ہے۔
نہاں رُباب نے اردو ادبی تنقید میں بھی اپنی تحقیقی خدمات انجام دی ہیں۔ اُن کا تحقیقی مقالہ ممتاز اور منفرد لب و لہجہ رکھنے والے شاعر اخترالایمان پر مبنی ہے۔ اُن کے علمی و ادبی مضامین اردو کے موقر جرائد و رسائل میں تسلسل سے شائع ہوتے رہتے ہیں، جو اُن کے ادبی مرتبے کی دلیل ہیں۔
علمی میدان کے ساتھ ساتھ وہ تخلیقی سرگرمیوں میں بھی پوری طرح مصروف عمل ہیں۔ اُن کی شاعری اور افسانے قارئین کی توجہ حاصل کر چکے ہیں، اور حال ہی میں اُنہوں نے ادبِ اطفال کی طرف بھی اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔ اُن کا ہندی زبان کے افسانے "رنگ پنچمی" کا اردو ترجمہ NBT انڈیا سے 2025 میں شائع ہوا۔ اسی سلسلے کی ایک اور کتاب "وطن کا سچا سپاہی" نیشنل کونسل فار پروموشن آف اردو لینگویج (NCPUL)، نئی دہلی سے طباعت کے مراحل میں ہے۔