Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر
noImage

آشکارہ خانم کشف

1977 | دلی, انڈیا

آشکارہ خانم کشف کا تعارف

پیدائش : 11 Nov 1977 | امروہہ, اتر پردیش

رشتہ داروں : صہیب فاروقی (شوہر)

آشکارہ خانم 'کشف' کی پیدائش 11 نومبر 1977ء کو ضلع امروہہ، اتر پردیش کے قصبہ سِہالی جاگیر میں ہوئی۔ آپ نے روہیل کھنڈ یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں ایم اے کیا، جبکہ اردو زبان و ادب میں ادیبِ کامل اور معلّم کی اسناد بھی حاصل کیں۔ شعبۂ تعلیم سے وابستگی کے دوران آپ نے گجرولہ کے ایک معروف نجی تعلیمی ادارے میں بطور پرنسپل خدمات انجام دیں اور تدریسی و انتظامی میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔

جون 2001ء میں آپ کا نکاح جناب صہیب فاروقی صاحب سے ہوا، جو دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر، معروف اردو شاعر اور ادیب ہیں۔ نکاح کے بعد آپ دہلی میں مقیم ہوئیں، جہاں ادبی ماحول اور فکری رفاقت نے آپ کے تخلیقی ذوق کو مزید مہمیز دی۔ اسی عرصے میں آپ نے شاعری کی جانب سنجیدگی سے توجہ دی اور اپنے لیے "کشف" کا تخلص اختیار کیا، جس کے معنی ہیں: انکشاف، ظہورِ حقیقت اور پردۂ راز کا اٹھ جانا۔

شعری اظہار کی باقاعدہ تربیت کے لیے آپ نے مرحوم قاضی ابرار کرت پوری صاحب کی شاگردی اختیار کی اور ان سے شرفِ تلمذ حاصل کیا۔ ان کی رہنمائی میں آپ نے غزل کے فنی محاسن، اسالیبِ سخن اور علمِ عروض کے دقیق نکات کا گہرا مطالعہ کیا۔ مسلسل ریاضت، مطالعے اور مشقِ سخن کے نتیجے میں آپ نے نہ صرف اپنی منفرد شعری شناخت قائم کی بلکہ علمِ عروض پر اپنی مضبوط گرفت کے باعث ادبی حلقوں میں ایک ماہرِ عروض کے طور پر بھی اعتبار حاصل کیا۔

آپ کی شاعری میں لطافتِ احساس، فکری سنجیدگی، سماجی شعور اور نسائی تجربات کی معنویت نمایاں طور پر جلوہ گر ہوتی ہے۔ غزل آپ کی محبوب صنفِ سخن ہے اور اب تک آپ کی سو سے زائد غزلیں مکمل ہو چکی ہیں جو اشاعت کے مراحل میں ہیں۔ دہلی اور قومی دارالحکومت کے ادبی و ثقافتی حلقوں میں منعقد ہونے والے اہم مشاعروں، علمی نشستوں اور ادبی پروگراموں میں آپ کی باقاعدہ شرکت رہتی ہے۔

آشکارہ خانم 'کشف' معاصر اردو شاعری کی اُن ابھرتی ہوئی آوازوں میں شمار کی جاتی ہیں جو خلوصِ احساس، فکری گہرائی اور سادہ مگر مؤثر اظہار کے ذریعے اپنے عہد کے مشاہدات اور انسانی تجربات کو شعری جمالیات عطا کرتی ہیں۔

موضوعات

Recitation

بولیے