جامعہ ہمدرد، دہلی کا تعارف
جامعہ ہمدرد، نئی دہلی، کا شمار ہندوستان کے ممتاز تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے، جس کا قیام یکم اگست 1989ء کو عمل میں آیا۔ جنوبی دہلی کے تغلق آباد علاقے میں واقع یہ جامعہ اعلیٰ تعلیم، خصوصاً طب، فارمیسی، یونانی طب، سائنس اور دیگر عصری علوم کے میدان میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ جامعہ ہمدرد نے مختصر عرصے میں قومی و بین الاقوامی سطح پر علمی وقار حاصل کیا اور فارمیسی کی تعلیم و تحقیق میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
جامعہ کی حکیم محمد سعید سینٹرل لائبریری اس کا ایک اہم علمی مرکز ہے، جس کا نام بانیِ جامعہ حکیم عبدالحمید کے چھوٹے بھائی حکیم محمد سعید کے نام پر رکھا گیا ہے۔ لائبریری میں مختلف علوم و فنون پر مشتمل تقریباً ڈیڑھ لاکھ کتابیں محفوظ ہیں، جن میں اردو، فارسی اور عربی زبانوں کی نادر کتابیں، رسائل اور خصوصاً سائنس اور طب سے متعلق اردو تراجم کا قابلِ قدر ذخیرہ شامل ہے۔ یہ لائبریری طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے ایک اہم تحقیقی مرکز کی حیثیت رکھتی ہے۔
جامعہ ہمدرد نے اپنے قیمتی اردو ذخیرے کو محفوظ رکھنے اور اسے عالمی سطح پر قارئین تک پہنچانے کے لیے ریختہ کے ساتھ تعاون کیا، جس کے نتیجے میں حکیم محمد سعید سینٹرل لائبریری کے نادر اردو ذخیرے کا ایک بڑا حصہ اب ریختہ کی ڈیجیٹل لائبریری پر دستیاب ہے، جہاں دنیا بھر کے قارئین، طلبہ اور محققین اس سے آن لائن استفادہ کر سکتے ہیں۔