کتب خانہ: تعارف
انجمن ترقی اردو (ہند) اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے قائم ہندوستان کا ایک تاریخی اور مؤثر ادارہ ہے، جس کی بنیاد 1903ء میں رکھی گئی۔ اس کے پہلے سکریٹری علامہ شبلی نعمانی تھے، جبکہ 1912ء میں مولوی عبدالحق اس کے سکریٹری منتخب ہوئے۔ انہی کی قیادت میں انجمن نے اردو زبان کی ترویج، اشاعت اور تعلیمی اداروں کے قیام میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔ 1903ء سے 1980ء تک انجمن کو ہندوستان میں اردو کا سب سے اہم ادارہ سمجھا جاتا رہا۔ ملک بھر میں اردو کے فروغ کے لیے قائم ہونے والے متعدد اداروں اور جامعات کے شعبہ ہائے اردو کے پس منظر میں بھی انجمن کی کاوشیں نمایاں ہیں۔ تقسیمِ ہند کے بعد انجمن نے مختلف مراحل طے کیے اور آج اس کی تقریباً 600 شاخیں ملک کے طول و عرض میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ ایک صدی سے زائد علمی، ادبی اور تہذیبی خدمات کے نتیجے میں انجمن نے ایک گراں قدر ذخیرۂ کتب و رسائل جمع کیا ہے، جو اب ریختہ کی ڈیجیٹل لائبریری پر دستیاب ہے۔