بشر کی ذات کو غم سے کہاں مفر ہے میاں
بشر کی ذات کو غم سے کہاں مفر ہے میاں
ہزار کہئے کوئی غم نہیں مگر ہے میاں
سفر میں زاد سفر ہی تو کام آتا ہے
سفر کو سہل نہ جانو سفر سفر ہے میاں
ملال کیا کریں دستار کے نہ ہونے کا
وبال دوش یہاں تو خود اپنا سر ہے میاں
بہ عافیت گزر آئے تھے ہر تلاطم سے
مگر کنارے پہ اب ڈوبنے کا ڈر ہے میاں
یہ زندگی جو مسائل سے پر ہے آخر تک
اسے بسر بھی تو کرنا بڑا ہنر ہے میاں
جو پونچھے بھی کوئی آنسو تو پونچھے کس کس کے
ہر ایک آنکھ یہاں آنسوؤں سے تر ہے میاں
زمانہ ہو گیا بازئ دل تو ہارے ہوئے
رہی حیات سو اب وہ بھی داؤ پر ہے میاں
ہے اس کا طالب دید آئنہ بھی میں ہی نہیں
وہ پر کشش ہے بہت جاذب نظر ہے میاں
خوشی تو ہستئ نا معتبر نہ دے گی وقارؔ
جو رشتہ غم سے ہے وہ پھر بھی معتبر ہے میاں
- کتاب : Waqar-e-Hunar (Pg. 42)
- Author : Mohammad Zahiir
- مطبع : Waqar Manvi, Sui walan, Darya Ganj, Delhi (1998)
- اشاعت : 1998
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.