ہمیں ہیں مشق ستم ہائے آسماں کے لئے
ہمیں ہیں مشق ستم ہائے آسماں کے لئے
عبد المنان بیدل عظیم آبادی
MORE BYعبد المنان بیدل عظیم آبادی
ہمیں ہیں مشق ستم ہائے آسماں کے لئے
چنے گئے ہیں ہمیں یاس جاوداں کے لئے
قسم خدا کی نہیں شوق زندگی ہم کو
ہمیں یہ چاہئے اس حسن جاں ستاں کے لئے
اضافہ اور غم جاں ستاں میں ہوتا ہے
اثر بنا ہی نہیں ہے مری فغاں کے لئے
خبر نہیں مرا تنکوں کا ایک جا کرنا
ہے بجلیوں کے لئے یا کہ آشیاں کے لئے
کسی کی تیغ گلے پر چلے تو کیا اس سے
کہاں نشاط شہادت ہے سخت جاں کے لئے
ہزاروں ظلم وہ کرتا ہے اس بہانے سے
ادا تمہاری کھلونا ہے آسماں کے لئے
وہ جو ہے سارے زمانے کا جز ترے بیدلؔ
تڑپ یہ ہے اسی بیگانہ مہرباں کے لئے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.