اداس شام گھنے پیڑ اور ہوا اور میں
اداس شام گھنے پیڑ اور ہوا اور میں
وہ ٹمٹماتا ہوا دور اک دیا اور میں
شکستہ حال منڈیروں پہ جگنوؤں كا نزول
خیال و خواب كا ہلکا سا جھُٹپٹا اور میں
وہ رات اور وہ سرگوشیاں بہاروں کی
وہ چھت وہ چاند وہ بادل وہ رتجگا اور میں
ملی دلی سی رضائی مڑا تڑا تکیہ
اور آنسوؤں کی امنڈتی ہوئی گھٹا اور میں
پرانے گھر میں نئی زندگی کے ہنگامے
نیا نیا مرے کمرے كا آئنہ اور میں
دبی دبی سی ہنسی جامنی دوپٹے بیچ
وہی شریر وہی باؤلی ہوا اور میں
وہ شب وہ شور وہ اندوہ آگہی كا ہجوم
یہ دل یہ حسن تمنا كا معجزہ اور میں
اک انتظار مگر کس کا انتظار ہے اب
یہ دستکوں سے الجھتی ہوئی ہوا اور میں
بہت محیط بہت بے کراں خموشی میں
کلام کرتا ہوا بس مرا خدا اور میں
Ek Diya Aur Ek Phool
Buy This BookAdditional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.