تم کو ہم خاک نشینوں کا خیال آنے تک
تم کو ہم خاک نشینوں کا خیال آنے تک
شہر تو شہر بدل جائیں گے ویرانے تک
دیکھیے محفل ساقی کا نتیجہ کیا ہو
بات شیشے کی پہنچنے لگی پیمانے تک
اس جگہ بزم ساقی نے بٹھایا ہے ہمیں
ہاتھ پھیلائیں تو جاتا نہیں پیمانے تک
صبح ہوتی نہیں اے عشق یہ کیسی شب ہے
قیس و فرہاد کے دہرا لئے افسانے تک
پھر نہ طوفان اٹھیں گے نہ گرے گی بجلی
یہ حوادث ہیں غریبوں ہی کے مٹ جانے تک
میں نے ہر چند بلا ٹالنی چاہی لیکن
شیخ نے ساتھ نہ چھوڑا مرا مے خانے تک
وہ بھی کیا دن تھے کہ گھر سے کہیں جاتے ہی نہ تھے
اور گئے بھی تو فقط شام کو مے خانے تک
میں وہاں کیسے حقیقت کو سلامت رکھوں
جس جگہ رد و بدل ہو گئے افسانے تک
باغباں فصل بہار آنے پہ وعدہ تو قبول
اور اگر ہم نہ رہے فصل بہار آنے تک
اور تو کیا کہوں اے شیخ تری ہمت پر
کوئی کافر ہی گیا ہو ترے مے خانے تک
اے قمرؔ شام کا وعدہ ہے وہ آتے ہوں گے
شام کہلاتی ہے تاروں کے نکل آنے تک
اے قمر صبح ہوئی اب تو اٹھو محفل سے
شمع گل ہو گئی رخصت ہوئے پروانے تک
- کتاب : Auj-Qamar (Pg. 104)
- Author : Ustad Sayed Mohd. Hussain Qamar Jalalvi
- مطبع : Shaikh Shokat Ali And Sons (1952)
- اشاعت : 1952
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.