ایکتا
ہر بلا سے ماورا ہے ایکتا
ملک و ملت کی بقا ہے ایکتا
بزدلوں کا کام ہے بغض و عناد
اہل ہمت کی ادا ہے ایکتا
ایکتا ہے مخزن صد انبساط
رنج سے ناآشنا ہے ایکتا
ابر رحمت ہے یہ اپنوں کے لئے
غیر کے حق میں بلا ہے ایکتا
دور کرتی ہے دلوں سے تیرگی
منبع نور خدا ہے ایکتا
تفرقہ ہے زہر قوموں کے لئے
چشمۂ آب بقا ہے ایکتا
پھولتی پھلتی ہیں اس سے بستیاں
ضامن نشو و نما ہے ایکتا
اس کے دامن میں ہے امن و عافیت
ہر مصیبت کی دوا ہے ایکتا
جبر و استبداد کی دشمن ہے یہ
بے کسوں کا آسرا ہے ایکتا
دشمنان حریت کے واسطے
ایک تیر بے خطا ہے ایکتا
ایکتا سے قوم و ملت کا فروغ
قومیت کی انتہا ہے ایکتا
ایکتا ہے ہر پیمبر کا پیام
بربط حق کی نوا ہے ایکتا
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.