میری ہولی
کاش حاصل ہو حقیقی زندگی کا ایک دن
سر خوشی کا ایک لمحہ یا خوشی کا ایک دن
کر دیا ہے شورش عالم نے دیوانہ مجھے
ہے بساط دہر وحشت ناک ویرانہ مجھے
اک نئی دنیا کی خلقت ہے مری تخئیل میں
جو معاون ہو سکے انسان کی تکمیل میں
اہتمام زندگی جس میں بطور خاص ہو
آسماں جس کا محبت ہو زمیں اخلاص ہو
کرشن کی آج یاد رفتہ محفل زندہ کرو
برج و گوکل کی بجھی شمعوں کو تابندہ کرو
خشکیٔ گنگ و جمن کی آبیاری کے لئے
دعوتیں دو گوپیوں کو رنگ باری کے لئے
از سر نو پھر مرتب ہو جہان رنگ و بو
خار و خس سے پھر ہو پیدا کارخانے رنگ و بو
پریم رس سے لاؤ بھر کر خوش نما پچکاریاں
ہوں نئی دامان ہستی پر لطافت باریاں
روح کی آواز ہم آئیں گے ساز و چنگ ہو
جو پڑے انساں پہ وہ انسانیت کا رنگ ہو
چاہتا ہوں یوں ہو رنگیں پیرہن اور ساریاں
شست و شو سے بھی نہ زائل ہو سکیں گل کاریاں
جسم کی صورت رہے دل بھی مسرت میں شریک
روح آزادی بھی ہو جائے حقیقت میں شریک
چاہتا ہوں گلشن کہنہ پر آ جائے شباب
تنکا تنکا پھول ہو اور پتا پتا آفتاب
تازگی وجہ شگفت خاطر عالم رہے
میری دنیا میں ہمیشہ ایک ہی موسم رہے
شاعر و صناع ہو فکر و خلش سے بے نیاز
خواجہ و مزدور میں باقی نہ ہو کچھ امتیاز
ارتقا کے رنگ سے لبریز جھولی ہو میری
انقلاب ایسا کوئی ہو لے تو ہولی ہو میری
- کتاب : Hindustan Hamara-1 (Pg. 255)
- Author : Jan Nisar Akhtar
- مطبع : B.K. Offset Navin Shahdara Delhi-110032 (2010)
- اشاعت : 2010
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.