ابوذر فاطمی کا تعارف
سید ابوذر فاطمی ۲۰ فروری ۱۹۹۹ کو بہار کے ضلع مشرقی چمپارن میں پیدا ہوئے اور دہلی کے ادبی ماحول میں پرورش پائی۔ ابتدائی دینی تعلیم کے طور پر حفظِ قرآن مکمل کیا، اس کے بعد دو برس تک عربی و فارسی کی باقاعدہ تعلیم مدارس میں حاصل کی۔ بعد ازاں عصری تعلیم کی طرف رجوع کرتے ہوئے دسویں اور بارہویں جماعت امتیازی نمبروں سے پاس کیں اور پھر دہلی یونیورسٹی سے اردو زبان و ادب میں بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔
نئی نسل کے ابھرتے ہوئے شعرا میں سید ابوذر فاطمی نے مختصر عرصے میں اپنی ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ ان کی شاعری میں فکری پختگی، زبان کی سلاست اور اظہار کی لطافت کا حسین امتزاج ملتا ہے۔ وہ روایت کی پاسداری کے ساتھ عہدِ حاضر کے موضوعات کو بھی نہایت سلیقے سے برتتے ہیں۔ خواب، وحشت اور داخلی کرب جیسے عصری موضوعات کو وہ اپنے منفرد زاویۂ نظر سے پیش کرتے ہیں، ساتھ ہی دہلی کی کلاسیکی شعری روایت کی لفظیات کو شامل کر کے اپنے کلام کو ایک نئی معنویت عطا کرتے ہیں۔ یہی خصوصیات انہیں آنے والے وقتوں میں ایک معتبر اور اہم شاعر کے طور پر نمایاں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔