اسماء محمد شاہد خان کا تعارف
اسماء محمد شاہد خان ممبئی، مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والی نو عمر قلمکارہ ہیں۔ ابتدائی تعلیم سرکاری اسکول سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے انجمن گرلز سیف طیب ہائی اسکول و جونیئر کالج سے گیارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور مہاراشٹر کالج آف آرٹس، کامرس اینڈ سائنس سے گریجویشن مکمل کیا۔ اس وقت وہ ممبئی یونیورسٹی سے اردو میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور ساتھ ہی صحافت کا کورس بھی کر رہی ہیں۔
شاعری سے ان کی دلچسپی دسویں جماعت کے بعد پیدا ہوئی، جو وقت کے ساتھ ایک باقاعدہ تخلیقی عمل میں ڈھل گئی۔ ان کا رجحان بالخصوص غزل گوئی کی طرف ہے اور وہ اپنے خیالات، مشاہدات اور احساسات کو اشعار کی صورت میں پیش کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اسماء کا شمار نئی نسل کی ان آوازوں میں کیا جا سکتا ہے جو ادب سے سنجیدہ وابستگی رکھتی ہیں اور مسلسل ارتقاء کی جستجو میں ہیں۔