بلال رؤف کا تعارف
محمد بلال، قلمی نام بلال رؤف، کا تعلق حیدرآباد، سندھ (پاکستان) سے ہے۔ وہ معلم، محقق اور شاعر کی حیثیت سے علمی و ادبی حلقوں میں اپنی شناخت رکھتے ہیں۔ 28 ستمبر 1998ء کو حیدرآباد سندھ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد جامعہ سندھ، جامشورو کے شعبۂ اردو سے بی ایس مکمل کیا۔ ان کا تحقیقی مقالہ ’’کلیاتِ قابؔل اجمیری کا فنی و فکری جائزہ‘‘ علمی و تحقیقی ذوق کی عمدہ مثال ہے۔
بلال رؤف گزشتہ کئی برسوں سے شعر و ادب، تحقیق اور تنقید سے وابستہ ہیں۔ تدریس کے شعبے میں بھی سرگرمِ عمل ہیں اور اس وقت کیڈٹ کالج پٹارو میں بحیثیتِ اردو معلم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تخلیقی سطح پر حیدرآباد کے مختلف معتبر ادبی حلقوں اور مشاعروں میں اپنا کلام پیش کرچکے ہیں، جبکہ ان کی شاعری مختلف ٹی وی چینلز کے ذریعے بھی سامعین تک پہنچتی رہی ہے۔
تحقیقی میدان میں ان کے مقالات بین الاقوامی سطح پر انجمن ترقیِ اردو (ہند و پاک) اور بنگلہ دیش کے ممتاز تحقیقی جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف معتبر ادبی رسائل میں بھی ان کی تخلیقات اور تحقیقی مضامین باقاعدگی سے منظرِ عام پر آتے رہتے ہیں۔ بلال رؤف اپنی تحریروں کے ذریعے روایت اور جدت کے درمیان ایک مضبوط علمی و ادبی ربط قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔