فاطمہ حسن کا تعارف
باکمال مصنّفہ بیگم فاطمہ حسن (1940–1998) نے چھ کتابیں تصنیف کیں۔ اس کے علاوہ وہ آل انڈیا ریڈیو، لکھنؤ سے متعدد اردو پروگراموں سے بھی وابستہ رہیں اور ان کا کلام مشہور و معروف میگزینوں اور رسالوں میں شائع ہوتا رہا۔
ان کی تین کتابیں مختصر کہانیوں پر مبنی ہیں: ’چوتھا شوہر‘، ’آوارہ بگولے‘ اور ’گل و خار‘ اس کے علاوہ ’قبائلی کہانیاں‘ بچوں کے لیے لکھی گئی دل چسپ کہانیوں کا مجموعہ ہے۔
انہوں نے اپنے والدِ محترم پروفیسر سید محمد ضامن علی کی دو کتابیں ’غزلیاتِ ضامن‘ اور ’مجموعۂ قصائد و سلام‘ مرتب کر کے ان کے انتقال کے بعد شائع کروائیں۔
پروفیسر سید محمد ضامن علی نے الہٰ آباد یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کی بنیاد رکھی اور اس کے سرپرستِ اعلیٰ رہے۔ وہ ایک معروف شاعر، مصنّف اور ماہرِ تعلیم تھے۔ اردو زبان و ادب کی خدمت اور اس کے فروغ کے سلسلے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ ہند کے محکمۂ ڈاک نے 1980ء میں ان کے نام کا ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔