ہوش جونپوری کے اشعار
خدا بدل نہ سکا آدمی کو آج بھی ہوشؔ
اور اب تک آدمی نے سیکڑوں خدا بدلے
دیوار ان کے گھر کی مری دھوپ لے گئی
یہ بات بھولنے میں زمانہ لگا مجھے
ٹوٹ کر روح میں شیشوں کی طرح چبھتے ہیں
پھر بھی ہر آدمی خوابوں کا تمنائی ہے
کیا ستم کرتے ہیں مٹی کے کھلونے والے
رام کو رکھے ہوئے بیٹھے ہیں راون کے قریب
میرے ہی پاؤں مرے سب سے بڑے دشمن ہیں
جب بھی اٹھتے ہیں اسی در کی طرف جاتے ہیں
کھو گئی جا کے نظر یوں رخ روشن کے قریب
جیسے کھو جاتی ہے بیوہ کوئی دلہن کے قریب
گر بھی جاتی نہیں کم بخت کہ فرصت ہو جائے
کوندتی رہتی ہے بجلی مرے خرمن کے قریب