کوکب مشتاق کا تعارف
کوکب مشتاق، جن کا قلمی نام بھی کوکب مشتاق ہی ہے، 16 اکتوبر 1995 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ والدِ محترم کے فوج میں فرائض کی ادائیگی کے سبب ابتدائی زندگی میں کھاریاں اور پھر مستقل طور پر گجرات (پنجاب) کو مسکن بنایا۔ کمپیوٹر سائنس میں گریجوایشن کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کا ترجمہ، تجوید اور دیگر دینی کورسز بھی مکمل کیے۔
پیشے کے اعتبار سے استانی اور ٹیچر ٹرینر ہیں۔ ادبی سفر کا آغاز بچپن میں اسکول کے زمانے سے کیا۔ ان کی پہلی نظم "بارش" اسکول کے سہ ماہی رسالے میں شائع ہوئی۔ غزلیں اور نظمیں مختلف قومی اخبارات کے ادبی صفحات کی زینت بنتی رہیں۔
سال 2022 سے باقاعدہ اشاعت کا آغاز ہوا اور جلد ہی اپنا ادبی مقام بنانے میں کامیاب ہوئیں۔ 2024 میں بچوں کے لیے لکھنے کی جانب خاص طور پر متوجہ ہوئیں۔ پنجابی اور انگریزی زبان میں بھی بچوں کے لیے تخلیقات پیش کر رہی ہیں۔ شاعری میں کسی استاد سے باقاعدہ رہنمائی حاصل نہیں کی، تاہم حالیہ دور میں اپنی تخلیقات نازیہ نزی اور ایوب اختر کو دکھاتی ہیں۔
ان کی نظمیں اور کہانیاں پاکستان اور ہندوستان کے متعدد رسائل اور اخبارات (بچوں کی دنیا، بچوں کا باغ، جگنو، ذوق و شوق، ہلال برائے اطفال، ادبیاتِ اطفال، فیملی میگزین، زیست وغیرہ) میں شائع ہو رہی ہیں۔
کوکب مشتاق کئی مجلات کی مجلسِ مشاورت و ادارت کا حصہ ہیں اور اپنا ذاتی ادبی میگزین بھی ماہانہ بنیاد پر شائع کر رہی ہیں۔
انہیں متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں "قلم سے قلب تک" کی بہترین کارکردگی (2022)، "بہترین مدیرہ" (2022)، "ادبِ اطفال کے شاعری مقابلہ میں اول پوزیشن"، "الوکیل ایوارڈ" (بہاولپور 2023، 2024)، "گوہرِ نایاب میگزین" حسن کارکردگی ایوارڈ (2023)، اور "چلڈرن لٹریری سوسائٹی" سے بہترین شاعرہ (2024) کے اعزازات شامل ہیں۔
کوکب مشتاق نئی نسل کے لیے اُمید کی ایک روشن کرن ہیں، جن کا مقصد ادبِ اطفال اور ادبِ عالیہ میں مثبت خدمات انجام دینا ہے۔