معاذ معاویہ کا تعارف
محمد معاذ، تخلص معاویہ، 24 اکتوبر 1998 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم پرائیویٹ اسکول سے مڈل تک حاصل کی ہے۔ شاعری کا ذوق بچپن ہی سے تھا، تاہم باقاعدہ آغاز 2018 میں کیا۔ شاعری میں ان کے اساتذہ عثمان محمود اور مصعب شاہین ہیں۔
معاویہ نے اب تک صرف اردو زبان میں طبع آزمائی کی ہے۔ ان کی نظمیں ملک کے مختلف معروف بچوں کے جرائد میں شائع ہو چکی ہیں، جن میں بچوں کی دنیا، بچوں کا باغ، جگنو، اقراء مجلہ، پیغام ڈائجسٹ، ندائے گل، پھول، مسلمان بچے اور باغیچۂ اطفال شامل ہیں۔
معاویہ کی ایک کتاب "میرال کی گڑیا" کے عنوان سے شائع ہو چکی ہے، جو انہوں نے اپنی بیٹی میرال کے نام سے منسوب کی۔ اس کتاب میں بچوں کے لیے آسان اور دلکش نظموں کے ساتھ تصویری خاکے بھی شامل کیے گئے تاکہ بچوں کی دلچسپی مزید بڑھائی جا سکے۔
معاویہ کو ان کی ادبی خدمات پر کئی اعزازات سے نوازا گیا، جن میں ماہنامہ بچوں کی دنیا ایوارڈ، ڈاکٹر نصیر احمد ایوارڈ (سیالکوٹ)، چلڈرن لٹریری ایوارڈ اور صوفی تبسم ایوارڈ شامل ہیں۔
پیشہ کے اعتبار سے معاویہ لاہور میں اسٹیشنری، کسٹمائزڈ پروڈکٹس اور گفٹ آئٹمز کی دکان کے مالک ہیں، لیکن دل سے وہ ادبِ اطفال کے ایک مخلص خادم اور عاشق ہیں۔