مہدی عباس کا تعارف
مہدی عباس لکھنؤ میں پیدا ہوئے اور وہیں پرورش پائی۔ لڑکپن ہی سے شعر و سخن سے گہرا شغف رہا اور تقریباً 13-14 برس کی عمر میں شعر کہنا شروع کیا۔ خاندانی علمی و ادبی ماحول نے ان کے شعری ذوق کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی شاعری پر مذہبی ماحول کے اثرات بھی نمایاں ہیں اور بچپن ہی سے مجالس میں شرکت اور محمد و آلِ محمد اور امام حسین کی شان میں سلام، نوحہ، رباعی اور قطعہ سننے کی وجہ سے انہیں شاعری کی طرف خاص رغبت ہوئی۔
ابتدائی دور میں والدہ کی ترغیب پر انہوں نے فنِ شاعری، علمِ عروض اور اصلاحِ سخن کے لیے اپنے کلام کو اہلِ فن کی خدمت میں پیش کرنا شروع کیا۔ اگرچہ انہوں نے باقاعدہ کسی کی شاگردی اختیار نہیں کی، تاہم لکھنؤ کے معروف شاعر نیّر مجیدی سے اصلاح لیتے رہے۔ اس کے علاوہ عابد نظر، اعجاز زیدی اور فاضل لکھنوی جیسے شعرائے اہلِ بیت کی صحبت اور رہنمائی سے بھی مستفید ہوئے۔
مہدی عباس نے غزل، نوحہ اور سلام میں طبع آزمائی کی ہے۔ نوحہ اور سلام میں ’مہدی‘ جبکہ غزل میں ’دانش‘ تخلص استعمال کرتے ہیں۔