نعیم بدایونی کا تعارف
نعیم بدایونی 20 اپریل 1960 کو اتر پردیش کے شہر بدایوں میں پیدا ہوئے۔ بچپن سے ہی انھیں شاعری سے گہرا لگاؤ تھا۔ اپنے لفظوں اور اندازِ بیاں سے انھوں نے بہت کم وقت میں مشاعروں میں اپنی الگ پہچان بنائی۔ وہ نہ صرف ایک عمدہ شاعر تھے بلکہ ایک نیک دل اور امن پسند انسان بھی تھے۔ ان کی تعلیم اسلامیہ انٹر کالج، بدایوں میں ہوئی۔ وہ پیشے سے گھڑی ساز تھے اور روزگار کے سلسلے میں کچھ عرصہ جارڈن میں بھی رہے۔ روزی روٹی کی مصروفیات کے باوجود ان کا دل ہمیشہ اردو ادب اور شاعری سے وابستہ رہا۔ ان کی غزلوں میں درد، محبت، انسانی جذبات، سماجی احساس اور زندگی کے تلخ و شیریں تجربات کا نہایت خوبصورت اظہار ملتا ہے۔
نعیم بدایونی صاحب بدایوں کی ادبی محفلوں خاص طور پر بزمِ ادب، بدایوں کی محفلوں میں بھی شریک ہوتے رہے۔ وہ اپنی سادگی، خوش اخلاقی اور اثر انگیز شاعری کی وجہ سے اہلِ ادب میں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔