قمر صدیقی فتحپوری کا تعارف
شمس الحق صدیقی، قلمی نام قمرؔ صدیقی فتح پور ی ، 4 جون 1945 کو ضلع فتح پور (یوپی) میں پیدا ہوئے۔ شاعری کا آغاز انہوں نے 1963 میں کیا۔ اسی برس ان کی پہلی غزل کہی گئی اور مختلف ادبی رسائل میں اشاعت کا سلسلہ شروع ہوا۔ قمرؔ صدیقی کی غزلوں میں فکری گہرائی اور عصری شعور کے ساتھ ساتھ جمالیاتی نزاکت بھی نمایاں ہے۔
ان کے کلام کو برصغیر اور بیرونِ ملک کے اہم رسائل و جرائد میں شائع کیا گیا، جن میں سب رس (حیدرآباد)، نگار (کراچی)، شب خون (الہ آباد)، بیسویں صدی (دہلی)، منشور (کراچی)، نیا دور (لکھنؤ)، استعارہ (دہلی)، جمالستان (دہلی)، ڈائجسٹ ہدی (دہلی)، صبح نو (پٹنہ)، مزاج (بھوپال)، بقلم خود (کراچی)، شاعری (کراچی)، شاخسار (کٹک)، سفیر اردو (لندن)، شاعر (ممبئی)، انیس ادب (دہلی)، نگینہ (سرینگر)، آدرش ہندی (کولکتہ) اور متعدد دیگر رسائل شامل ہیں۔
قمرؔ صدیقی کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے نوازا گیا ہے، جن میں رویندر ناتھ ٹیگور لیکھک ایوارڈ، ماجد ادبی ایوارڈ، ملک محمد جائسی ایوارڈ اور جنوں ادبی ایوارڈ خصوصی طور پر قابلِ ذکر ہیں۔