سحر جوکھن پوری کا تعارف
دانستہ بی، جن کا شعری تخلص سحر جوکھن پوری ہے، یکم جنوری 1994 کو ضلع بریلی (اتر پردیش) کے قصبہ جوکھن پور میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے عالمیت، فضیلت اور تخصص کی تعلیم حاصل کی، بی اے مکمل کیا، جبکہ ایم اے کی تعلیم جاری ہے۔ پیشے کے اعتبار سے شعبۂ تدریس و تعلیم سے وابستہ ہیں۔
شعر و ادب سے گہری دلچسپی رکھنے والی سحر جوکھن پوری مطالعہ اور تحریر کو اپنا محبوب مشغلہ قرار دیتی ہیں۔ وہ وقتاً فوقتاً مختصر کہانیاں اور مضامین بھی لکھتی ہیں، جن میں سے بعض اخبارات و جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ خطاطی سے بھی خصوصی شغف رکھتی ہیں اور نستعلیق و ثلث رسم الخط میں مہارت کے ساتھ کتابت کرتی ہیں۔
انہوں نے 2016 میں باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا۔ غزل اور نظم ان کی تخلیقی اظہار کی بنیادی اصناف ہیں۔ اگرچہ تاحال ان کی کوئی مستقل تصنیف شائع نہیں ہوئی، تاہم متعدد کہانیاں تحریر کر چکی ہیں جو ابھی اشاعت کے مراحل سے نہیں گزریں۔