طارق نوادوی کا تعارف
محمد طارق زماں، تخلص طارق نوادوی، 3 اپریل 1980ء کو بہار کے ضلع نوادہ کی بستی پچروکھی میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ایک ایسے علمی و ادبی خانوادے سے ہے جس کی جڑیں شعر و ادب کی روایت سے گہری وابستگی رکھتی ہیں۔ دادیہال کی جانب سے معروف شاعر شفق عمادپوری ان کے خانوادے کا نمایاں ادبی حوالہ ہیں، جبکہ نانیہال، پھلواری شریف (پٹنہ)، بھی ادبی اور شعری سرگرمیوں کے لیے شہرت رکھتا ہے۔
شاعری کا ذوق انہیں اپنے والد محمد شمس الزماں (1944ء–2008ء) کی تربیت سے ورثے میں ملا، جبکہ نانیہال کی علمی و ادبی فضا نے اس شوق کو مزید نکھارا۔ ان کے نانا مولانا منظر امام روش پھلواروی اور بڑے ماموں زینبی پھلواروی بھی شعر و سخن سے وابستہ تھے۔ یوں خاندانی روایت، ادبی ماحول اور بزرگوں کی صحبت نے ان کے شعری ذوق کی آبیاری میں اہم کردار ادا کیا۔