Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

ہزار پایہ

بانو قدسیہ

ہزار پایہ

بانو قدسیہ

MORE BYبانو قدسیہ

    کہانی کی کہانی

    میاں بیوی کے رشتہ میں لاپروائی اور بے توجہی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال کی عکاسی اس کہانی میں کی گئی ہے۔ تہمینہ کے دولہا بھائی انتہائی خوبرو اور ائر فورس میں ملازم ہیں، شادی سے پہلے اور شادی کے بعد بھی باجی، یوسف بھائی کے سلسلہ میں بے نیاز اور لا تعلق سا رہتی ہیں۔ حتی کہ نہاتے وقت ان کو تولیہ اٹھا کر دینے کی بھی زحمت گوارا نہیں کرتیں۔ یوسف کو اندر ہی اندر ہی یہ غم کھائے جاتا ہے اور ایک آدھ بار وہ اشارہ کنایہ میں اس کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ ایک مرتبہ یوسف بھائی کے سر میں شدید درد ہوتا ہے اور تہمینہ ان کا سر دباتے دباتے سو جاتی ہے۔ باجی یہ دیکھتی ہے تو اگلے ہی دن اپنے گھر چلی جاتی ہے۔ اس وقت تہمینہ کو بہت غصہ آتا ہے اور وہ بد دعا کرتی ہے کہ خدا کرے باجی مر جائے۔ اور کچھ دن بعد باجی واقعی انفلوئنزا سے مر جاتی ہے۔ تہمینہ کو ایسا لگتا ہے کہ باجی انفلوئنزا سے نہیں بلکہ اس کی بد دعا سے مری ہے۔

    گاڑی دھچکا کھا کر رکی لیکن اگر گاڑی یوں نہ بھی رکتی تو بھی میں جاگ پڑتی کیوں کہ بڑی دیر سے مجھے لگ رہا تھا کوئی کنکھجورا میری گردن پر ہولے ہولے رینگ رہا ہے۔ ابھی وہ میرے منہ پر آ جائےگا اور اپنے سوئیوں ایسے پاؤں میری آنکھوں میں گاڑ دےگا۔

    باہر پھیکی چاندنی میں ایک کالا بدہیئت انجن سیاہ چمکدار ناگوں ایسی لائنوں پرشنٹ کر رہا ہے۔ اندر ہمارے ڈبے میں ایک سیٹ پر امی، ایک پر بڑی آپا اور ایک پر زینب آپا ایرانی بلیوں کی طرح سو رہی ہیں۔ غسل خانے کی بتی امی کے بڑے ٹرنک پر روشنی کا گول سفید دھبہ ڈال رہی ہے۔ ادلتے بدلتے پنکھے چھت سے چمٹے گھوں گھوں کرتے ادھرادھر چہرے گھما رہے ہیں۔ سارے ڈبے میں باسی پانی اور تازہ سانسوں کی خوشبو پھیلی ہوئی ہے اور رسالے بھی سیٹ سے کھسک کر فرش پر پھیل گئے ہیں جن کے سہارے یہ سفر کٹ جانے کی امید تھی۔ اگرمجھے باجی سے آنکھیں ملانے کا اندیشہ نہ ہوتا تو میں بھی زینب آپا، بڑی آپا اور امی کی طرح روتی روتی ہی سو جاتی۔

    لیکن آج مجھے باجی ڈرا رہی ہیں۔ عرصہ دراز پہلے ایک دن انہوں نے کچھ کہے بغیر مجھے ڈرا دیا تھا۔ امی نے نعمت خانے میں ان کے لئے مٹھائی رکھ کر تالا لگایا تھا۔ پھر وہ چابیاں تخت پر رکھ کر نماز پڑھنے لگی تھیں تو میں نے چابیوں کا گچھا اٹھا لیا اور دبے پاؤں نعمت خانے تک جا پہنچی۔ گرمیوں کی خاموش دوپہر تھی۔ میرے اور امی کے سوائے سب سو رہے تھے لیکن اس کے باوجود میں ڈرتے ڈرتے نعمت خانے کے تالے کو چابی سے کھول رہی تھی۔ جب بڑی ہمت کے بعد میں نے پلیٹ نعمت خانہ سے نکالی تو باجی آ گئیں۔ میں نے پلیٹ میں سے کچھ بھی نہ اٹھایا تھا لیکن باجی نے نگاہوں ہی نگاہوں میں مجھے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چور بنا دیا۔

    یہ باجی کا مقدر ہے کہ انہیں ہمیشہ سے اچھی چیزیں ملتی ہیں۔ امی مٹھائی کا حصہ رکھیں گی تو باجی کے لئے زیادہ رکھیں گی۔ گھر پر کپڑا آئےگا تو باجی اپنی پسند کا اٹھا لیں گی۔ پکچر جانا ہوگا تو جس فلم کا نام باجی لیں گی سبھی وہی دیکھیں گے۔ اورتواور دولہا ملنے میں بھی باجی کا مقدراپنی بڑی دو بہنوں پر سبقت لے گیا۔ بڑی آپا اور زینب آپا کے دولہے تو ایسے تھے۔۔۔ خیرجیسے آدمی ہوتے ہیں لیکن باجی کا دولہا۔۔۔

    اس دن میں نے آنگن دھویا تھا۔ پائنچے بھیگ گئے تھے اور ہاتھوں میں خالی بالٹی تھی۔ سر اٹھا کر میں نے دیکھا، ایئرفورس کی وردی پہنے سنہری مونچھوں والا باوا سامنے کھڑا تھا۔۔۔ لمحے بھر کے لے میرا دل دھڑکتا دھڑکتا رک گیا۔ جیسے خواب میں سے اٹھا کر کسی نے تھپڑ مارا ہو۔ پھر سنہری مونچھوں والے باوے نے ہنس کر مجھ سے بالٹی لے لی اور پوچھا، ’’کہاں رکھنا ہے اسے؟‘‘

    زینب آپا اور بڑی آپا کے شوہروں سے کتنی مختلف بات تھی۔ ان کے سامنے سارے گھر کی چارپائیاں اندر باہر کرتے سانس پھول جاتی لیکن وہ ٹانگ پر ٹانگ دھرے سگریٹ پیتے رہتے۔ جب ولایتی باوا تانگے سے اپنا سامان اتروا رہا تھا تو اندر باہر ایک طوفان سا آ گیا۔ سوائے باجی کے سبھی کچھ نہ کچھ کر رہے تھے اور جس لاتعلقی سے وہ بیٹھی کشیدہ کاڑھ رہی تھیں، اس سے صاف ظاہر تھا کہ در اصل باوے کا سب سے زیادہ تعلق انہیں سے ہے۔ پتہ نہیں کیوں، اسی روز مجھے باجی سے سخت چڑ پیدا ہو گئی۔ باجی کی ہمیشہ سے عادت ہے کہ خواہ مخواہ چڑانا شروع کر دیتی ہیں۔ بس چھوٹی سی بات میں ایسا الجھاؤ پیدا کر دیتی ہیں کہ رونے کو جی چاہتا ہے۔ ہم چاروں بہنیں بیٹھی نئے باوے کے متعلق باتیں کر رہی تھیں۔ زیبب آپا بولیں، ’’سب کچھ اچھا ہے، ویسے تو یوسف کا سب کچھ اچھا ہے، اک ذرا مجھے آنکھیں ناپسند ہیں۔‘‘

    مجھے پتہ نہیں ان کی بات سن کر کیوں غصہ آ گیا، جھٹ بولی، ’’کیوں؟ ان کی آنکھوں کا رنگ تو اس قدر خوبصورت ہے جیسے نیلے نیلے کنچے۔‘‘ باجی نے ہنس کر پوچھا، ’’اور تمہیں نیلے کنچے پسند ہیں کیا؟‘‘ میری ناک پر پسینہ آ گیا۔ میں جھلا کر بولی، ’’ہاں۔ کیوں نہیں؟‘‘ اب باجی کو چڑانے کی سوجھی۔ میرے کندھے پکڑ کر جھلانے لگیں۔ پھر اپنے مخصوص انداز میں لب اٹھا کر بار بار دوہراتی گئیں، ’’کیوں تمہارا کروا دیں بیاہ یوسف سے۔۔۔؟ بولو جی تہمینہ۔۔۔ بولو جی!‘‘

    اس سے پہلے کئی بار باجی نے مجھے چڑایا تھا لیکن میں روئی نہ تھی۔ اس دن میں نے کندھے جھٹک دیے اور رونے لگی۔ آنسو تھے کہ آپی آپ آنکھوں میں آ رہے تھے اور گرتے جا رہے تھے۔ بڑی آپا نے گلے سے لگا کر کہا، ’’ارے رونے لگیں۔۔۔ یہ باجی تو پگلی ہے تہمینہ۔۔۔ اس کے کہنے سے کوئی تیری شادی تھوڑی ہو چلی ہے یوسف سے۔‘‘ پھر وہ باجی کو ڈانٹتے ہوئے بولیں، ’’خوشی سے لڈو اپنے دل میں پھوٹ رہے ہیں، رلا اس بےچاری کو رہی ہے۔ اس عمر میں ایسے مذاق نہیں کیا کرتے۔‘‘ پھر سب معاملہ رفع دفع ہو گیا لیکن رات جب میں سونے لگی تو ایک بار پھر آنسو میری آنکھوں میں تیرنے لگے اور میں ہاتھ مروڑتی ہوئی کہنے لگی، ’’اللہ میاں کرے باجی تو مر ہی جائے۔۔۔ مر ہی جائے بالکل ساری کی ساری۔‘‘

    باجی میری بددعا سے مر تو نہ سکی۔ ہاں ہمارا گھر چھوڑ کر ضرور چلی گئی۔ انہیں یوسف بھائی کے ساتھ کار میں بٹھا کر ہم سب واپس لوٹے تو آتے ہی میں نے دن رات بجنے والی ڈھولک کو پیر مار کر پھاڑ دیا اوربستر پر اوندھی لیٹ کر رونے لگی۔ سارے گھر میں باسی پھولوں اور پلاؤ فرنی کی خوشبو اڑ رہی تھی۔ ہر ایک کسی نہ کسی کونے میں بیٹھا باجی کی کمی محسوس کرتا ہوا افسردہ ہو رہا تھا لیکن مجھے باجی کی عدم موجودگی کے ساتھ ساتھ ایک عجیب طرح کا غصہ بھی آ رہا تھا۔ ساری شام انہوں نے مجھے بھگا بھگا کر پیر چھلنی کر دیے تھے۔ پھر بھی جو کوئی تھا، ان ہی کی تعریف کر رہا تھا، انہیں ہی گھور رہا تھا۔ خالہ نے شام کے دوران میں بس ایک مرتبہ مجھ پرعنایت کی جو پوچھا تھا، ’’اب کس جماعت میں ہو تہمینہ۔۔۔؟‘‘

    ’’جی دسویں میں۔۔۔‘‘ اس پر وہ ہنس کر بولی تھیں، ’’چلو اب تمہاری باری آئے گی۔۔۔‘‘ پھر جب باجی اپنے چھوٹے سے بچے کو لے کر ہمارے ہاں آئیں تو ان کا بچہ دیکھ کر سب کے منہ کھلے کے کھلے رہ گئے۔ سنہری بال، سفید رنگت اور کنچوں ایسی نیلی نیلی آنکھیں ۔۔۔ لیکن میں نے دیکھا کہ یوسف بھائی میں پہلے سے بہت فرق آ چکا تھا۔ ناک کے دونوں طرف گہری لکیریں پڑ چکی تھیں اور وہ بوڑھے نظر آتے تھے۔ باجی سارا سارا دن اپنے بچے کو گود میں لئے کھیلتی رہتی اور میں کنکھیوں سے دیکھتی، یوسف بھائی بے چینی سے منتظر رہتے کہ کب باجی کو فرصت ہو اور وہ ان سے بھی بات کرے۔ ایسے میں یوسف بھائی کے پاس جا بیٹھتی اور ان سے باتیں کرنے لگتی۔ وہ ہوائی جہازوں کی اونچی اڑانوں پر مجھے ساتھ لے جاتے۔ ایسے ناگہانی حادثات بیان کرتے کہ دل ہوائی جہاز کے پنکھے کی طرح چلنے لگتا۔۔۔ پھران کی نیلی آنکھوں میں موت سے کھیلنے والے پائلٹ کا سا خوف آ جاتا اور وہ اپنے بچے سے بھی کم عمر نظر آتے۔ میرا جی چاہتا کہ ان کے سنہری بالوں میں انگلیوں کو ڈبو کر کہوں، ’’موت سے کیوں ڈرتے ہو۔ وہ تو اپنے پلنگ پر بھی آ جاتی ہے۔‘‘

    اگر یوسف بھائی کے کچھ اپنے فکر تھے تو ان میں باجی شامل نہ تھیں۔ وہ ان چھوٹی موٹی جھلاہٹوں میں بھی یوسف بھائی کے ساتھ شامل نہ ہوتیں جو عموما ًمیاں بیوی میں خواہ مخواہ لڑائی کی شکل اختیار کر لیا کرتی ہیں۔ یوں تو روز کچھ نہ کچھ ہوتا ہی رہتا تھا لیکن اس دن یوسف بھائی غسل خانے میں گھسے ہی تھے کہ مجھے احساس ہوا کہ اندر کوئی تولیہ نہیں ہے اورابھی وہ نہا کر تولیے کے لئے پکاریں گے۔ تھوڑی دیرکے بعد انہوں نے باجی کو پکارنا شروع کر دیا۔ باجی اندرپلنگ پر بیٹھی ننھے کو پاؤڈر لگا رہی تھیں۔ انہوں نے سنی ان سنی کر دی تو میں غسل خانے کے کواڑ کے پاس جا کر بولی، ’’کہیے بھائی جان ۔۔۔‘‘

    ’’بھئی ذرا تولیہ پکڑانا تہمینہ۔۔۔‘‘

    میں تولیہ لے کر گئی توہ کھڑکی کا آدھا پٹ کھولے سر نکالے کھڑے تھے۔ دھلے دھلائے چہرے پرشہد کی بوندوں کی طرح پانی کے قطرے لڑھک رہے تھے اور نیلی کنچوں جیسی آنکھیں بالکل زمردیں لگ رہی تھیں۔ گیلے بازو پر تولیہ رکھتے ہوئے انہوں نے پوچھا، ’’اور ملکہ صاحبہ کیا کر رہی ہیں؟‘‘ گو میں جانتی تھی کہ باجی کو کوئی ایسا کام نہ تھا لیکن میں بولی، ’’جی وہ ننھے کو دودھ پلا رہی ہیں۔‘‘ وہ کواڑ بند کرتے ہوئے بولے، ’’اگر انہیں فرصت بھی ہوتی تو بھی وہ کب آتی تھیں۔‘‘ پھر وہ اونچے اونچے کہنے لگے، ’’تہمینہ! شادی کے بعد اپنے شوہر کا خیال ضرور رکھنا اچھا۔۔۔!‘‘

    ایسی کئی ننھی ننھی باتیں ان بڑے بڑے ناگوں کی طرح میرے ذہن میں ابھر رہی تھیں جن پر ایک کالا بدہیئت انجن شنٹ کر رہا ہے اور جسے دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے ہماری گاڑی چل رہی ہو۔ اس بدہیئت انجن کی طرح ایک خیال میرے دل میں آگے پیچھے چکر لگا رہا ہے۔ اگر یہ خیال چند لمحے کے لئے مجھے چھوڑ دیتا تو میں بڑی آپا، آپا زینب اور امی کی طرح تھوڑی دیر کے لئے سو جاتی۔

    اور سونا تو اس رات بھی ممکن نہ تھا جب یوسف بھائی کے سر میں بلا کا درد اٹھا تھا۔ پہلے تو باجی کچھ دیر بیٹھی دباتی رہی۔ پھر جب ننھا رونے لگا تھا تو وہ اسے چپ کرانے کے لئے اٹھیں اور اسے تھپکتے تھپکتے خود بھی سو گئیں۔ یوسف بھائی کروٹیں بدلتے ہوئے کراہ رہے تھے۔ بڑی آپا نے اسپرو کھلائی مگر افاقہ نہ ہوا۔ امی نے پانی دم کر کے پلایا۔ درد ویسے ہی رہا۔ پھر میں خود بخود اٹھ کر ان کے سرہانے جا بیٹھی اور ان کا سر دبانے لگی۔ سنہری بالوں پر بندھا ہوا سرخ ریشمی رومال میں نے کھول دیا۔ یوسف بھائی نے میری طرف دیکھا اور تکیے پر ڈالا ہوا سرمیری جانب اور کھسکا دیا۔ آہستہ آہستہ یوسف بھائی سو گئے۔ ان کا سانس میرے زانو کو چھونے لگا۔ اس رات میں نے کتنی ہی انجانی راہوں پر ڈرتے ڈرتے قدم دھرنے کے خواب دیکھے اور یہ شاید انہی خوابوں کا نتیجہ تھا کہ میں سر دباتے دباتے اونگھ گئی۔

    جب باجی نے مجھے جگایا تو میرے ہاتھ یوسف بھائی کے بالوں میں تھے اور دوپٹہ ان کے چہرے پر پڑا تھا۔۔۔ پتہ نہیں کیوں اس وقت بھی مجھے وہ دن یاد آ گیا جب میں نے تخت سے چابیاں اٹھا کر نعمت خانے سے مٹھائی نکالی تھی۔۔۔! اگر صبح ہی باجی اپنے گھر جانے کا پروگرام نہ بنا لیتیں تو شاید اتنی شدید نفرت میرے دل میں کبھی پیدا نہ ہوتی۔۔۔ لیکن ادھر باجی اور یوسف بھائی اپنے گھر روانہ ہوئے اور ادھر میں غم وغصہ سے رونے لگی۔ باربار مجھے یوں لگتا جیسے باجی جی ہی جی میں مجھ پر الزام دھرتی گئی ہیں۔ جتنا میں باجی کے الزام کے متعلق سوچتی اتنا ہی مجھے اپنے بے قصور ہونے کا خیال آتا۔ اور جب میرا بس نہ چلتا تو میں تکیے میں منہ دے کر کہتی، ’’اللہ میاں جی! باجی تو مر ہی جائے بالکل ساری کی ساری ۔۔۔‘‘

    لیکن اب یہی خیال بدہیئت انجن کی طرح میرے ذہن کو کوٹ رہا تھا۔۔۔ مجھے پورا یقین ہے کہ میری بددعا نے باجی کی جان لی۔ وہ انفلوئنزا سے نہیں اپنی بہن کی بددعا سے مر گئی ہے۔۔۔ اور اب جب وہ مر گئی ہے تو میں اسے کیسے یقین دلاؤں کہ یہ بددعا میں نے جی سے نہ دی تھی۔ اسٹیشن کی بےرونق بتیوں کی طرح باجی کے گلے میں باسی مرجھائے پھول ہوں گے اور وہ ڈرائے دھمکائے بغیرمجھے مل کر پوچھےگی، ’’بولو اب تو خوش ہو؟ اب تو خوش ہو۔۔۔؟‘‘

    گاڑی دھچکا کھا کر چلنے لگی ہے۔ بدہیئت کالا انجن ہم سے دور ناگوں ایسی لائنوں پر شنٹ کرتا پیچھے رہ گیا ہے۔ امی، بڑی آپا اور آپا زینب ایرانی بلیوں کی طرح سیٹوں پر پڑی سو رہی ہیں۔۔۔ لیکن احساس گناہ کا ہزار پایہ ہولے ہولے میری گردن پر رینگ رہا ہے۔

    ابھی وہ میرے منہ پر آ جائےگا اور میری آنکھوں میں سوئیوں ایسے پاؤں گاڑ دےگا!

    مأخذ:

    آتش زیر پا (Pg. 27)

    • مصنف: بانو قدسیہ
      • ناشر: کتابی دنیا، دہلی
      • سن اشاعت: 2001

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے