Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

پر جھڑنے کے دن

علی تنہا

پر جھڑنے کے دن

علی تنہا

MORE BYعلی تنہا

    کتھئی رنگ کے وصل آباد ریلوے سٹیشن پر کھڑے ہوں تو ناک کی سیدھ میں آم کے باغات کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔ گرمیوں میں یہ باغات پھل سے لد جاتے ہیں اور ٹہنیوں سے سونے کی رنگت والے آم، دھوپ میں پلیٹ فارم پر یوں نظر آتے ہیں جیسے سیاہ وہ گہرے سبز لباس میں گہنوں سے لدی حسینائیں وصل کو آباد کرنے پلیٹ فارم پر آنے کے لیے بے تاب ہوں۔

    وصل آباد ریلوے پلیٹ فارم کے سیدھے رخ پر سٹیشن ماسٹر کا دفتر، کنٹرول روم، گودام اور کونے میں مختصر سا مسافر خانہ ہے۔ مسافر خانے سے باہر نکلیں تو سامنے وصل آباد کا قصبہ ہے۔

    وصل آباد ریلوے سٹیشن کے پچھواڑے صدیوں پرانا بوہڑ کا درخت ہے۔ جس کی داڑھی زمین پر سجدہ ریز ہے۔ بوہڑ کے بزرگ درخت کے بارے میں بے شمار قصے مشہور ہیں، جسے بیان کرنے کے لیے خدا بخش کی زبان نہیں تھکتی۔

    بوہڑ کے پھیلے ہوئے تنے کے ساتھ نانا جی حجام نے اپنی دکان سجا رکھی ہے، جہاں وہ لوگوں کی حجامت بناتا ہے۔ خدا بخش کہتاہے کہ ایک طرف بوہڑ کی داڑھی سجدے میں ہے، دوسری طرف بوہڑ کی بددعا لینے نانا حجام لوگوں کی داڑھیاں صفا چٹ کرنے پر جٹا ہوا ہے اسی لیے اس کے دن نہیں پھرتے۔ یہی نہیں بلکہ غیبت کرنے کے لیے اس کی زبان قینچی کی طرح چلتی ہوئی گناہوں کے ڈھیر لگاتی رہتی ہے۔

    دونوں کو ایک دوسرے سے خدا واسطے کا بیر ہے۔ نانا جی حجام کے ماتھے پر گومڑ ہے جسے خدا بخش برائی کی نشانی کہتا ہے اس کا خیال ہے بوہڑ کی داڑھی زمین پر سجدہ اس لیے کر رہی ہے کہ نانا حجام لوگوں کی داڑھیاں مونڈھنے سے باز رہے۔

    بوہڑ کے سائے تلے سگریٹ، پان اور مٹھائی کا کھوکھا، گلاب دین قصاب کی دکان اور موچی کے علاوہ وصل آباد کے بےروزگار نوجوانوں کی سبھا روز جمتی ہے۔

    اس قصبے کو آباد ہوئے تین صدیاں ہونے کو آئی ہیں۔ لیکن پچھلے تیس سالوں میں اس کی آباد ی جس تیزی سے بڑھی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس کے باوجود وصل آباد کا پلیٹ فارم مسافروں سے خالی رہنے لگا ہے۔ ورنہ جن دنوں یہ پلیٹ فارم آباد تھا۔ یہاں کھوے سے کھوا چھلتا تھا اور خدا بخش کے تین ملازم چائے، کھانا دیتے دیتے ادھ موئے ہو جاتے تھے مگر جب سے ریلوے کا پٹرا ہوا ہے۔ یہ پلیٹ فارم آدمی کی ذات کو ترستا ہے۔

    وصل آباد ریلوے سٹیشن پر اب نصیبوں ماری تین پسنجر گاڑیاں رکتی ہیں۔ ایک دوپہر سوا گیارہ بجے اور دوسری چار بجے سہ پہر کہنے کو آتی ہیں۔ مگر کئی سالوں سے لیٹ آنا ان کی شناخت بن چکا ہے۔ خدا بخش کے تینوں لڑکے کماؤ پتر ہیں۔ اس لیے ٹی سٹال کے مندے کی اسے پرواہ نہیں۔ خدا بخش باتونی، صابر و شاکر اور پیشن گوئیوں پر زندہ رہنے والا شخص ہے۔

    خدا بخش کے ٹی سٹال کے سامنے تین فٹ اونچے تھڑے پر جہان بھر کی الا بلا دھری رہتی ہے۔ ان میں کالے تیتروں کے دو پنجرے کونے میں پڑے رہتے ہیں۔ کالے تیتر، وقت بے وقت بولیں توخدا بخش جھوم اٹھتا ہے۔

    ٹی سٹال کی پشت پر سات فٹ اونچی شیشے کی الماری میں پرانے برتن، اونٹ کی کھال والے چار ٹیبل لیمپ اور چھ رنگین پھولوں والے گلدان بھی ہیں۔

    دونوں گاڑیاں گھنٹوں لیٹ آتی ہیں۔ اس لیے خدا بخش کا ٹی سٹال بوہڑ کے نیچے تاش کھیلنے والے یا آوارہ نوجوانوں کی وجہ سے چل رہا ہے۔ خدا بخش چائے کے ساتھ ساتھ اپنی شیریں اور انوکھی باتوں سے لوگوں کو باندھ کے رکھ دیتا ہے۔ اس کی گفتگو میں زور اس وقت پیدا ہوتا ہے جب نانا حجام کی غیبت کی جائے۔

    ملا نور دین کے بیٹے فضل الٰہی کو یہ گر معلوم ہے۔ اس لیے سٹال پر آکر نانا حجام کے پھوہڑ پن کی بات کرتے ہی خدا بخش کھل اٹھتا ہے۔

    ’’نانا، کو پچاس سالوں میں جھوٹ کے علاوہ کوئی کام نہیں آیا‘‘۔

    ’’تیرے بچے جئیں، سچ کہا، جس روز سے اس نے دوکان کھولی ہے، پلیٹ فارم ویران ہو کر رہ گیا ہے۔ ایسا سبز قدم اور بھورا ہے کہ مت پوچھو۔ جادو، ٹونا بھی کر تا ہے میں نے کس لیے کالے تیتر رکھے ہیں، صرف نانا کے وار خطا کرنے کے لیے‘‘۔

    فضل الٰہی مفت کی چائے پی کے اڑنچھو ہو جاتا ہے اور خدا بخش مجال ہے، کبھی رقم مانگے۔

    خدا بخش کی ڈھلتی عمر میں خشخشی داڑھی سفید ہونے لگی ہے۔ کھڑی ناک میں اس کا بیضوی چہرہ البتہ اب بھی خوبصورت ہے۔ گھٹنوں میں کچھ دنوں سے زہر بادکی وجہ سے درد رہنے لگا ہے۔ جس کی وجہ سے اس نے اونچی کرسی سٹال میں رکھ لی ہے۔ جس پر بیٹھے وہ تیتروں کے پر جھڑنے کے دنوں میں سخت پریشان رہتا ہے۔ کیونکہ پرندے کریز کریں تو جادو کا اثر ہو جاتا ہے۔ جس قدر انہونی، جس کے نصیب میں ہوتی ہے، پر جھڑنے کے دنوں ہی میں ہوتی ہے۔

    نکلتی گرمیوں میں جب تیتری نے پرنوچنے شروع کئے تو سٹیشن ماسٹر ملک حاجی نے اسے بتایا کہ چھ ماہ بعد وصل آباد سٹیشن بند ہو جائےگا۔

    ’’ریلوے نے فیصلہ کر لیا ہے۔ خدا بخش اب جانے کا سامان باندھ رکھو، ہر شے خسارے میں جارہی ہے سنتے ہو۔ وصل آباد ریلوے سٹیشن نے فلیگ ہونا ہی ہے‘‘۔

    کبھی کبھار دہی کے دو کونڈے بھی خدا بخش لے آتا ہے، جس میں سے آدھ کلو تو کھڑے کھڑے حاجی سٹیشن ماسٹر چٹ کر جاتا ہے۔ اس روز بھی میٹھا دہی کھاتے اس نے یہ منحوس خبر دے کر اسے بےہوش کر دیا۔

    ’’حاجی تیرا خانہ خراب ہو۔ نمک حرام، یہ ریلوے سٹیشن بند کروا کے تیرے کو کیا ملےگا‘‘۔

    وہ بڑبڑاتا ہوا پلیٹ فارم کے جنوب میں شیشم کے درخت تلے سوئے ہڈیوں کے ڈھیر ملنگ کے پاس جا کھڑا ہوا۔

    ’’بابا سنتے ہو، سٹیشن چھ ماہ بعد بند ہو جائےگا، دعا کر، وصل آباد ، بند نہ ہو‘‘۔

    اس نے سرخ بوٹی آنکھوں سے خدا بخش کو گھورا۔

    ’’جا پرے مر، کہاں کا وصل، وصل سٹیشنوں پر ملتا ہے۔ جا دور ہو جا‘‘۔

    ملنگ نے کندھوں پر پھیلی، میلی چکٹ زلفوں میں ہاتھ ڈال کے جواب دیا۔

    وہ نامراد لوٹ آیا، سٹال کے سامنے کھڑے ہو کر، تیسری لائن پر مدتوں سے موجود مال ڈبے میں کتوں کو لڑتے دیکھ کر اس کا غم کچھ گھٹ گیا۔ یہ ڈبہ کھڑے کھڑے گل رہا ہے، ریلوے والے شاید اسے بھول ہی گئے ہیں۔ دن میں اس ڈبے کے اندر جہاں بھر کے کتوں کا راج رہتا ہے اوررات کو چور، اچکے یہاں آن براجتے ہیں۔

    مال گاڑی کے ڈبے کی طرح وصل آباد ریلوے سٹیشن کا نصیبہ بھی جلا ہے۔ مجال ہے کہ کوئی خیر کی خبر یہاں سننے میں آئی ہو۔ ایک ہجر، وصل سے ایسا چمٹ کے رہ گیا ہے کہ وقت تک گاڑیاں بھول بیٹھی ہیں۔ سب کے پر جھڑنے کے دن آن لگے ہیں۔ خدا بخش سوچتا ہوا، ان بیس سالوں کو پلیٹ فارم پر ڈھونڈتا رہا، جو پلک جھپکنے میں گم ہو گئے۔ شروع کے دن کیسے خوشیوں بھرے تھے۔

    کالو کانٹے والے نے پلیٹ فارم پر پھرتے، گہر ی سوچ میں گم خدا بخش کے کاندھے پر ہاتھ مارا۔

    ’’جانتے ہو، وصل آباد سٹیشن کے دن پورے ہو گئے، جو مزے تم نے لوٹنے تھے لوٹ لیے ، اب یہاں کچھ نہیں رہےگا۔ جانے کی تیاری کرو۔ بہت کما لیا تم نے‘‘۔

    ’’ہاں سن لیا ہے یار، تم کدھر جا رہے ہو؟‘‘

    ’’کہیں نہیں، بس ذرا خط نانا سے سے بنوا لوں، کیا خیال ہے؟‘‘

    ’’بنوالو، خط، مگر بدخط بنائےگا۔ بڑی حرامی چیز ہے یہ نانا، بچ کے رہنا، صابر پٹھان کا آدھا کان نہیں کاٹ لیا تھا، یاد آیا؟‘‘

    کالو کے علاوہ روزانہ آنے والوں میں سدو مالی اور اس کا بڑا بھائی بکھو بھی ہے۔ سدو کے ساتھ خدابخش کی نہیں بنتی کیونکہ وہ اس کی پیشن گوئیوں کا مذاق اڑاتا ہے۔ البتہ بکھو کو یقین ہے کہ خدا بخش ہر بات جانتا ہے۔ بکھو کے جسم پر سانپ کے کاٹے کے بعد ڈھیلا ڈھالا چمڑا ہی رہ گیا ہے۔ وہ بھینس کی طرح ابلی آنکھوں سے ہر بات کو اپنے اندر اتار لیتا ہے۔ایک ٹانگ پر زور دے کر چلتا ہے۔ یہ لنگ جامن کے پیڑ پر چڑھتے ڈگالے سے گرنے کی وجہ سے ہوا، لمبے ہاتھوں کو گھٹنوں پر رکھ کر وہ جہاں زمین پر جگہ ملے،بیٹھ جاتا ہے۔

    ہر آدمی سے سراسیمہ بکھو کی زندگی یہی باغ ہے۔ جہاں تر سالوں میں وہ چڑیل، سانپوں اور مزدوری سے لڑتے جیا ہے۔

    بکھو اکیلا سامع ہے، جو اس کی ہر بات پر ایمان لے آتا ہے۔ گھٹنوں تک دھوتی باندھے اور کھردرے ہاتھوں میں کھرپا اٹھائے، وہ گاڑی سے اترتے یا پلیٹ فارم پر آتے جس شخص کو بھی تکتا ہے، حیران ہو اٹھتا ہے۔

    ’’یہ بندے کہاں جاتے ہیں، تھکتے ہیں نہیں لالہ خدا بخش؟‘‘

    ’’بکھو نہ پوچھ، کہاں جاتے ہیں، یہ گاڑی ہے نا، گیارہ بجے والی، سخت بے ایمان ہے، وقت سے روٹھی ہے اور یہ لوگ، انہیں معلوم ہی نہیں کہاں آ، جا رہے ہیں۔ سالے بے مقصد، عمریں گنوا بیٹھے ہیں، نانا نائی کی طرح‘‘۔

    ’’نانا، بئی ایمان ہے‘‘۔

    ’’شاباش بکھو، تیرے ایمان کی خیر، پورے وصل آباد میں ایک تم کام کے آدمی ہو، مگر کیسے یہ عورت سے ڈر گئے، بتاؤ‘‘۔

    ’’کیا کہوں، چاند رات کو آ جاتی ہے۔ پہلے سدو کے کتے کو مار ڈالا، پھر، مجھے بلاتی رہی، مگر میں کملا تو نہیں نا، میں نے کہا، جا تیری ذات پر لعنت، کلہاڑی دکھا کر بھگایا، چڑیل لوہے سے بھاگتی ہے، یاد رکھو‘‘۔

    ’’مرن جوگے، بچ اس چڑیل سے، ورنہ مارا جائےگا‘‘۔

    ’’اچھا‘‘۔

    وہ حیرت میں ڈوبا، خدا بخش کو محویت سے تکتا رہتا ہے۔

    سدو، انہیں سرجوڑے دیکھ کر جل بھن جاتا ہے۔

    ’’بکھو، تیری زنانی، خبر لے گی، دن سارا ، پلیٹ فارم پر، کتے کی طرح گزارنے لگے ہو، خدا بخش کی باتوں میں بیٹھے بیٹھے، گل سڑ جاؤگے، خانہ خراب، اٹھو، گھر کی راہ لو‘‘۔

    بکھو کی ساری کائنات وصل آباد کا یہ ٹکڑا ہے۔ جہاں ہجر ہے نہ وچھوڑا۔ اس لیے سدو کی بات پر دھیان نہیں دھرتا۔ وہ اس کا ازلی دشمن ہے۔ دوسرے دشمنوں میں ریلوے پولیس کا توندیل سپاہی، پسنجر ٹرین کا ٹی ٹی غلام قادر اور کالو کانٹے والا، ان دشمنوں کی وجہ سے اس کی جان پر بن آتی ہے۔ وہ باغ سے باہر نکل کے اچھی طرح یقین کر لیتا ہے کہ کوئی دشمن تو پلیٹ فارم پر موجود نہیں۔ اگر خدا بخش کو ان دشمنوں کے درمیان گھرا پالے، تو خاموشی کے ساتھ باغ میں لوٹ جاتا ہے۔ وہ آم کے پرانے پیڑوں پر شور مچاتے پرندوں کی بولی تک جانتا ہے۔ مگر خدا بخش کے تیتر، دل چیرنے والی آواز میں جادو کس طرح اڑاتے ہیں، اس کی سمجھ اسے نہیں آتی۔

    وہ وصل آباد سٹیشن سے گزرتی ایکسپریس گاڑیوں کو بڑی حسرت سے تکتا ہے۔ ایک بار ایکسپریس کے گزرنے پر خدا بخش سے پوچھ بیٹھا۔

    ’’یہ زمین ہلاتی ٹرین اتنی تیز کیسے بھاگتی ہے۔ لوگ، ڈرتے نہیں؟‘‘

    ’’لو اور سنو، ابے پاگل خانے، سمندر پار گاڑیاں ایک گھنٹے میں دوسو میل دوڑتی ہیں، تو ان کھٹارا گاڑیوں کو روتا ہے‘‘۔

    خدا بخش نے زندگی میں پہلی بار، ہنسی میں لوٹ پوٹ بکھو کو دیکھا۔

    ’’اتنا بڑا جھوٹ بولا تم نے خدا بخش۔ پہاڑ جتنا بڑا جھوٹ توبہ توبہ‘‘۔

    ’’ارے پاگل خانے، جا، ماسٹر حمید گل سے پوچھ، تیرے کو بتا دےگا، جامر ادھر‘‘۔

    بکھو کے پیٹ میں ہنس ہنس کر بل پڑ گئے۔ اصل میں جھوٹ کے اتنے بڑے ٹکڑے کو سمانا، اس کے بس کی بات ہی نہ ہو۔ دو من کے جھوٹ کو ہضم کرنا، مخول ہے، پھٹ نہ جائے پیٹ بندے کا۔

    ’’سڑی، دماغ پھر گیا ہے تیرا، جا، اپنی کوٹھری میں جا کے، منہ کالا کر ، یا گوڈی کر باغ میں‘‘۔

    خدا بخش کا جی چاہا، دو چار مکے، بکھوکی خمیدہ کمر پر مارے۔ مگر اس کے کمائے ہوئے، ڈھیلے پوسٹ پر خاک اثر ہوگا۔

    وصل آباد کے پلیٹ فارم پر جو بھی آتا ہے، نرالا ہی آتا ہے۔ اس نے کتنے ہی مردو زن یاد کیے۔ جو بار بار مدتوں آیا کئے اور پھر ان کے خدوخال تک خدا بخش کے ذہن سے مٹ گئے۔ ایک بکھو باقی ہے ہر سر دو گرم میں آتا رہا ہے۔ بارش ہو، آندھی ہو، وہ دن میں ایک آدھ پھیرا ضرور لگا جاتا ہے، وصل آباد کی آندھیاں کون بھول سکتا ہے۔ اس لیے، پچھلے جمعہ کو جب زرد آندھی اٹھی ہے تو پہلے بوڑھا تیتر آہستہ آہستہ تھکا ہوا بولا۔ خدا بخش کو معلوم ہے یہ غیبی اشاروں کو جاننے والا پرندہ کب آہستہ بولتا ہے جب آندھی آئی ہے تو زمین اور آسمان ایک ہو گئے۔ مگر جب زمین اپنے مدار پر آئی ہے تو اس کا دل دھک سے بیٹھ گیا۔

    پلیٹ فارم کے ایک کنارے پر گہنوں سے لدی پھندی، پنٹ گوری، عورت بال بکھرائے، خدابخش کو دیکھ کر پہلے مسکرائی اور پھر اشارے سے بلانے لگی۔ اس کے چہرے پر بلا کی کشش تھی، چاہا دوڑ کر اس کے پاس پہنچ جائے۔

    ’’آؤنا، ادھر تو آؤ‘‘۔

    اسے ایک دم دھیان پڑا کہ اتنے زیور پہنے، یہ عورت، آندھی کے تھمتے ہی کہاں سے آ گئی، اب جو غور سے دیکھا ہے تو اس کے پیر، پیچھے کی طرف مڑے ہوں۔ وہ سر سے پاؤں تک تھرتھر کانپنے لگا۔

    ’’الٰہی، خیر، نانا کے جادو کو لوٹا دے۔ یہ کیا بلا ہے پچھل پیری ہے‘‘۔

    اس نے کانپتے ہوئے اپنے آپ سے کہا اور تیزی سے چھری نکال کے اسے دکھائی، لوہا دیکھتے ہی، وہ چیخ مار کر، پلیٹ فارم سے اترکر، باغ کی سمت دوڑتی ہوئی مڑ مڑ کر اسے تکتی گئی۔

    ’’یہ نانا حجام کا وار تھا۔ مگر شاباش میرے کالے تیتر، تو نے بچا لیا‘‘۔

    دو، دو من کے قدم اٹھاتا، سیدھا حاجی سٹیشن ماسٹر کے دفتر جا پہنچا۔

    ’’حاجی صاحب، لو، آج پچھل پیری آ گئی پلیٹ فارم پر‘‘۔

    ’’کیا کہتے ہو، خدا بخش، پچھل پیری؟ تمہارا دماغ تو نہیں چل بسا؟‘‘

    ’’خدا کی قسم صاحب جی، ابھی ابھی گئی ہے، باغ کی طرف کتنی بار بکھو نے اسے دیکھا ہے، اب کم ذات پلیٹ فارم پر آ گئی‘‘۔

    اخبار ایک طرف رکھ کر حاجی سٹیشن ماسٹر نے ہاتھ جوڑے۔

    ’’جا، پاگل مت بنا، سٹال سنبھال، چند دنوں کے بعد کون پلیٹ فارم، کون میں، کون تم اور کون چڑیل؟‘‘

    وہ ڈھے دل کے ساتھ، سٹال پر آیا ہے تو تیتر کا پنجرہ سٹینڈ سے گرا ہوا ہے۔ یہ بدشگونی تھی۔

    لیکن ، چپ چپاتے، دل پر پتھر رکھ کر خدا بخش نے پنجرہ اٹھایا اور دیر تک پرندے سے باتیں کرتا رہا۔ بڈھا کالا تیتر، پروں میں چونچ دبائے، مشکل سے ایک آدھ بار نیم باز نظروں سے دیکھ کر آنکھ میچ لیتا، جیسے کہتا ہو،ہر شے کا موسم بدل رہا ہے۔ تم بھی بدل جاؤ، ورنہ مارے جاؤ گے۔ موت سر پر ہے۔ خدا بخش نے پنجرہ، سٹینڈ پر دھرا اور آندھی کے بعد عورت کے قصے کو کتنے دن بھلاتا رہا۔ مگر اس بھول کے بیچ وہ یاد کرتا ہے کہ اسے دھوکہ تو نہیں ہوا۔ حتیٰ کہ پچھلی سوموار کو جب غضب کا جاڑا پڑا ہے، وہ کمبل میں لپٹا، تین عورتوں کو ایکسپریس ٹرین سے اترتے دیکھ کر گھبرا گیا۔ ایکسپریس کراس کی وجہ سے وصل سٹیشن پر رک گئی تھی۔

    پچھل پیری کی رشتہ دار تو نہیں، اس نے سب سے پہلے ان کے پیروں پر نگاہ دوڑائی مگر اطمینان ہوا کہ ان کے پیر مڑے ہوئے نہ تھے۔ خوشبو میں بسی، وہ سٹال پر کھڑی چائے پیتی رہیں۔

    ’’سنا ہے، وصل آباد بند ہو رہا ہے، فلیگ ہو رہا ہے‘‘۔

    ’’جی ہاں، اب تو چند ماہ رہ گئے‘‘۔

    ’’پھر تم کیا کروگے؟‘‘

    خدا بخش نے شربتی آنکھوں اور اس بے حد دل لبھانے والی عورت کو جواب دینا چاہا مگر ایکسپریس نے وسل دے دیا اور وہ پرس سے رقم دے کر ٹرین کی طرف بھاگ گئی۔

    وصل آباد پلیٹ فارم کی یہی اچھی بات ہے کہ یہاں پر ہر آن نئی بات چلتی رہتی ہے۔ زمین کا یہ ٹکڑا حادثوں اور انہونی باتوں سے بھرا پڑا ہے۔ اس کا سارا نظام، کسی اور کے ہاتھ میں ہے، حاجی سٹیشن ماسٹر تو محض آتی جاتی گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر رہ جاتا ہے۔

    سرما کے ان دنوں میں ، باغ مرجھایا ہوا ہو اور پالے کی وجہ سے اس کے گھٹنوں کے درد میں اضافہ ہوتا گیا، چاہا، بھرا میلا چھوڑ دے اور وصل آباد پلیٹ فارم کو ویران ہونے سے پہلے آخری سلام کرے۔

    خدا بخش نے تینوں بیٹوں سے صلاح لی۔ مگر تینوں راضی نہ ہوئے۔ کیونکہ کئی بار یہ فیصلہ ہوا اور وصل آباد کے بند ہونے کے فیصلے پر عمل کا وقت نہ آیا۔

    جس صبح، آسمان پر بادل تھے اور یخ ہوا چل رہی تھی۔ وہ سیاہ دھسے میں لپٹا، نو بجے پلیٹ فارم پر پہلی بار صرف ایک تیتر لے کر آیا۔

    سٹال کھولتے ہی، تیتر ، گودوں میں اترتی سردی سے بےپرواہ بول اٹھا۔

    اس کی مست بولی میں عجب سرور ہو، لگا پوری فضا جھوم اٹھی ہے۔

    ’’واہ مستانے، واہ ، کیا سریلا بولا ہے، واہ۔ خوش کر دیا آج‘‘۔

    اس کی خوشی میں کھنڈت ڈالتا، حاجی سٹیشن ماسٹر جھومتا ہوا آ گیا۔

    ’’خدا بخش، تو، سپیشل آ رہی ہے۔ تم دس کلو دودھ اور منگوا لو، کرو، موبائل، بیٹے نور الٰہی کو‘‘۔

    اس نے حاجی کے کہنے پر موبائل جیب سے نکال کر دس کلو دودھ لانے کے لیے بیٹے کو تاکید کی۔

    ’’اتنی دیر میں گرما گرما چائے بناؤ اور سنتے ہو، رات مستی خان کی حویلی میں ڈاکہ پڑ گیا‘‘۔

    ’’مستی خان کے گھر ڈاکہ، ارے ، ارے یہ کیا ہوا؟‘‘

    چائے پیتے حاجی سٹیشن ماسٹر نے بتایا کہ ڈاکو مستی خان کے داماد کو بھی قتل کر گئے اور گھر میں جھاڑو پھیر دیا، عورتوں کو الگ مارا اور بےغیرتوں نے بے آبرو بھی کیا۔

    اس کا جی چاہا، دھاڑیں مار مار کے روئے۔ مستی خان جیسے دل گردے اور نیک دل شخص کے ساتھ یہ ظلم۔ جو دن گزرتا ہے، بری خبر ہی چھوڑ جاتا ہے۔

    نور الہٰی نے بھی باپ کو یہی خبر سنائی اور بڑی کتیلی پانی سے بھر کر، چولہے پر رکھ دی۔

    سپیشل نے بیس منٹ کے بعد آنا تھا۔ خدا بخش نے گھڑی دیکھ کے نور الٰہی سے کہا۔

    ’’پتر، بسکٹ بھی لے آتے تو اچھا تھا، سپیشل پر آنے والے لوگ بسکٹ ضرور مانگتے ہیں‘‘۔

    ’’جاتا ہوں بابا‘‘۔

    وہ چند قدم ہی چلا تھا کہ آوٹر سگنل پر قیامت خیز دھماکا ہوا۔ سپیشل ٹرین آوٹر سگنل پر ٹریک سے اتر کر زمین میں دھنس گئی تھی اور غبار تھا کہ آسمان کو چھو رہا تھا۔ پلک جھپکنے میں پورا وصل آباد آوٹر سگنال کی طرف بھاگ رہا تھا۔ خدا بخش کو زندگی میں پہلی بار ٹی سٹال اور کا لا تیتر بھول گئے۔ وہ دیوانہ وار بھاگتا، الٹی ٹرین میں پھنسے لوگوں کو دیر تک نکالتا رہا۔

    واپس آیا تو نور الہٰی سے خدا بخش نے کہا۔

    ’’آج صبح تیتر کس لیے بولا، میں نے غلط جانا، وہ دے رہا تھا حادثے کی چتاؤنی، لیکن بیٹے، یہ سب کیا ہو رہا ہے، حادثے بڑھے جاتے ہیں، ہم سٹال اکھاڑ نہ لیں، اب کیا بچا ہے یہاں؟ اس پلیٹ فارم کے دن گنے جا چکے‘‘۔

    ’’ٹھیک ہے بابا، ٹھیک ہے‘‘۔

    ان کے بولنے کے دوران میں کتنے لوگ سپیشل میں مرنے والوں کے بارے میں باتیں کرتے سٹال پر آتے رہے وہ دودھ جو سپیشل میں آنے والے زندوں کے لیے تھا، اب مردہ تھے اور جو زندہ پی رہے تھے، وہ مردوں سے بدتر۔

    خدا بخش نے ٹی سٹال پر آنے والے گھنی مونچھوں کو تاؤ دیتے، سرخ و سپید چہرے والے بھاری بھر کم شخص کے ہاتھ میں سوٹ کیس دیکھ کر سوچا۔

    ’’یہ، کون ہو، کہیں، مستی خان کے گھر ڈاکے میں شامل ڈاکو تو نہیں؟‘‘

    اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب مونچھل نے پوچھا۔

    ’’یہاں حادثے سے پہلے، باغ کی طرف سے دوڑتی عورت تم نے دیکھی؟‘‘

    ’’عورت، باغ کی طرف سے آتی ہوئی؟‘‘

    ’’ہاں ہاں۔ عورت؟‘‘

    ’’دونوں نے معنی خیز نظروں سے ایک دوسرے کو دیکھا اور گھر آکر خدا بخش اسی ادھیڑ بن میں رہا کہ وہ عورت، جسے حادثے سے پہلے سرخ چہرے والے خوفناک شخص نے دیکھا، کون ہو؟‘‘

    ’’کہیں چڑیل تو نہ تھی؟‘‘

    یہ کالے تیتر کے پر جھڑنے کے دن ہوں۔ ہر شے خزاں کے آتے آتے ویران تھی۔ پلیٹ فارم کو خدا بخش روز بھلاتا ہے۔ مگر وہ کس طرح بھول سکتا ہے۔ خدا بخش کو جمعرات کے دن جب بارش تھمی ہے، کیا یاد آیا کہ نور الہی کو لے کر وصل آباد کے اجڑے پلیٹ فارم پر آ گیا۔

    دونوں باپ بیٹا، کتنی دیر ٹی سٹال کی جگہ کھڑے باغ اور سنسان پلیٹ فارم کو تکتے رہے۔

    ’’نور الہٰی، دیکھو، وہ پھر باغ سے نکل کے آ رہی ہے‘‘۔

    ’’کون؟‘‘

    ’’وہی عورت، لیکن اس کے تو بال جھڑ گئے ہیں، عورت دیکھی تم نے؟ اس کے بال کہاں گئے؟ نانا حجام کے ہاتھ تو نہیں چڑھ گئی‘‘۔

    ’’کون عورت بابا، کون؟ سامنے باغ کے تو کچھ نہیں، کوئی عورت دکھلائی نہیں دے رہی؟‘‘

    خدا بخش کا جی چاہا، زوردار چانٹا، بیٹے کے منہ پر دے مارے۔

    ’’کیا تم اندھے ہو، بالکل نا بینا ہو تمہیں اتنی بڑی عورت نظر نہیں آ رہی؟‘‘

    نور الہٰی نے دور تک نگاہ دوڑائی، خالی بھنڈار، ویران پلیٹ فارم اور باغ کے آس پاس دور دور تک کسی ذی روح کا نام و نشان تک نہ ہو۔ اس نے دوڑ کر خدا بخش کو دونوں بازوؤں میں جکڑ لیا، کیونکہ زہر باد کے درد کے باوجود وہ بھاگتا ہوا، باغ کی سمت جانا چاہتا تھا۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے