Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر
Arif Shafiq's Photo'

عارف شفیق

1956 | پاکستان

عارف شفیق کے اشعار

1.9K
Favorite

باعتبار

غریب شہر تو فاقے سے مر گیا عارفؔ

امیر شہر نے ہیرے سے خودکشی کر لی

جو میرے گاؤں کے کھیتوں میں بھوک اگنے لگی

مرے کسانوں نے شہروں میں نوکری کر لی

اپنے دروازے پہ خود ہی دستکیں دیتا ہے وہ

اجنبی لہجے میں پھر وہ پوچھتا ہے کون ہے

کیسا ماتم کیسا رونا مٹی کا

ٹوٹ گیا ہے ایک کھلونا مٹی کا

تجھے میں زندگی اپنی سمجھ رہا تھا مگر

ترے بغیر بسر میں نے زندگی کر لی

اندھے عدم وجود کے گرداب سے نکل

یہ زندگی بھی خواب ہے تو خواب سے نکل

مجھ کو ویسا خدا ملا بالکل

میں نے عارفؔ کیا گماں جیسا

عارفؔ حسین دھوکا سہی اپنی زندگی

اس زندگی کے بعد کی حالت بھی ہے فریب

اکثر سب کو رستہ دینے والے لوگ

میری طرح سے خود پیچھے رہ جاتے ہیں

کوئی لشکر یہاں سے گزرا ہے

اتنی اجڑی یہ رہگزر کیوں ہے

عارف شفیقؔ ورثے میں اولاد کے لئے

میں جا رہا ہوں جرأت اظہار چھوڑ کر

کیا کبھی تو نے سچ نہیں بولا

تیرے شانوں پہ پھر یہ سر کیوں ہے

عارف شفیقؔ کوئی نہ آگے نکل سکا

میں نے ہر آنے والے کو خود راستہ دیا

آنکھوں میں جاگ اٹھے ہیں تنہا شجر کے دکھ

گلدان میں جو پھول سجے دیکھتا ہوں میں

اس شخص پر بھی شہر کے کتے جھپٹ پڑے

روٹی اٹھا رہا تھا جو کچرے کے ڈھیر سے

کسی کی آنکھ سے آنسو بھی پونچھ لیتا کبھی

غرور کرتا ہے جو شخص اپنے سجدوں پر

وہی ہیں لفظ پرانے جو لکھ رہے ہیں سب

معانی ان میں مری شاعری اتارتی ہے

وہاں ہر چیز تھی اک جنس وفا تھی نایاب

خاک ڈال آیا ترے شہر کے بازاروں پر

مجھے خدا نے وہ بخشا ہے شاعری کا ہنر

جو خواب دیکھتا ہوں وہ دکھا بھی سکتا ہوں

ساری دنیا ہے آشنا مجھ سے

اجنبی اپنے خاندان میں ہوں

آنسو پونچھے دکھ بانٹے انسانوں کے

میں نے بھی تو ساری عمر عبادت کی

میں نے سیکھا ہے اپنے بچوں سے

سچ کا اظہار برملا کرنا

ہر ایک ہاتھ میں ہتھیار ہوں جہاں عارفؔ

مجھے قلم سے وہاں انقلاب لانا ہے

عارف وہ فیصلے کی گھڑی بھی عجیب تھی

دل کو سنبھالنا پڑا میزان کی طرح

اک فتویٰ پھر آیا ہے یہ غاروں سے

کافر کہہ کر مجھ کو مارا جا سکتا ہے

چند سکے نہ دے ہم کو خیرات میں

اپنی محنت کا پورا صلہ چاہیے

یقیں اب ہو گیا میں سچ ہوں عارف

جبھی دنیا مجھے جھٹلا رہی ہے

پوچھتے ہیں لوگ مجھ سے کیوں مرا نام و نسب

سوچ لیں پیغمبروں سے سلسلہ مل جائے گا

جب کوئی اہم فیصلہ کرنا

اپنے بچوں سے مشورہ کرنا

ایسا نہ ہو وہ خود کو سمجھنے لگے خدا

اتنا بھی جھکنا ٹھیک نہیں التماس میں

Recitation

بولیے