Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

سچی کہانی

شکیل انور صدیقی

سچی کہانی

شکیل انور صدیقی

MORE BYشکیل انور صدیقی

    جب کوثرؔ پہلے پہلے ہمارے گھر آئی تو دروازے میں ٹھٹھک کر رہ گئی۔ میں بیٹھا لکھ رہا تھا۔ رضیہ امی کے پاس بیٹھی تھی۔ منیو اور چمن، شمو کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ کوثر نے ایک بار اندر جھانک کر دیکھا پردے کی سر سراہٹ پر میں نے نگاہ اٹھا کر دیکھا اور وہ پیچھے ہٹ گئی۔

    میں پھر لکھنے لگا۔

    اس نے پھر جھانکا۔

    رضیہ اب بھی امی کے پاس بیٹھی تھی۔ منو اور چمن آپس میں لڑ رہے تھے اور شمی کھڑی منہ بسور رہی تھی۔

    پردہ پھر ہلا میں نے لکھتے لکھتے پھر نگاہ اٹھائی کوثر پھر ہٹ گئی اس بار میں تیزی سے اٹھ کر پردے کی آڑ میں جاکر کھڑا ہو گیا اور اس بار جونہی اس نے اندر جھانکا میں نے اس کا ہاتھ پکڑ کر اندر گھسیٹ لیا۔

    ’’رضیہ‘‘ کوثر کے منہ سے چیخ نکل گئی۔

    ’’ارے کوثرؔ تم‘‘ رضیہ اٹھ کر آئی کوثر اجنبیوں کی طرح چھپی چھپی سی کھڑی تھی۔

    ’’ہوں تو تم رضیہ کے پاس آئی ہو چوروں کی طرح کیوں جھانک رہی تھیں؟‘‘ ’’میں نے اس سے کہا اور اس نے جھینپ کر رضیہ کی پیٹھ کے پیچھے منہ چھپا لیا۔‘‘

    اس طرح وہ پہلے روز ہمارے یہاں آئی۔ وہ رضیہ کے ساتھ پڑھتی تھی۔ پھر وہ ہر روز گھر آنے لگی اور پھر گھر کے دوسرے بچوں کی طرح حرکتیں بھی کرنے لگی۔

    بھائی صاحب! یہ قلم مجھے دے دیجئے نا؟ اور یہ پھول جو گلدان میں لگا ہے مجھے بہت پسند ہے ’’ایک روز سیدھی میرے پاس چلی آئی’’ بھائی صاحب! آپ نے برتن بنانے کا کارخانہ دیکھا ہے؟

    اس نے مجھ سے پوچھا۔

    ’’ہاں ہاں اپنے زاہد خالو کا جو کارخانہ ہے‘‘

    ’’تو پھر آپ نے ان کارخانوں کے منشی بھی ضرور دیکھے ہوں گے؟‘‘ ’’ارے ہاں بھئی یہ اپنے برابر میں منشی مجیب صاحب رہتے ہیں‘‘ بس تو پھر میری بات مانئے اور یہ کہانیاں وہانیاں لکھنی چھوڑکر کسی کارخانہ کی منشی گیری شروع کر دیجئے۔

    میں نے اسے گھورا۔

    ’’آپ کی کتنی ہی کہانیاں پڑھی ہیں سب ایک ہی جیسی ہیں۔ کسی میں شرارتیں، کسی میں حلوہ کی چوری، کسی میں بھائی بہن کی لڑائی آخر آپ لکھتے کیا ہیں؟‘‘

    ’’کوثر‘‘ میں نے اسے آہستہ سے ڈانٹا۔

    ’’نہیں نہیں بھائی صاحب، ایک بات’’ کوثر نے کچھ اس انداز سے کہا کہ باوجود غصے کہ ہنسی آ گئی۔

    ’’دیکھئے نا کہانیوں سے تو ہمیں تعلیم ملتی ہے۔ ہمارے کورس کی کتابوں میں بھی کتنی ہی کہانیاں ہیں۔ کسی سے سبق ملتا ہے چوری مت کرو۔ کسی سے ہم سیکھتے ہیں دوسروں کو مت ستاؤ مگر آپ ہیں کہ چوری کی ترغیب دیتے ہیں شرارتوں کی ترکیب بتاتے ہیں، میرے اچھے بھائی صاحب۔ ایسی کہانیاں مت لکھئے۔ آپ تو بہت اچھا لکھتے ہیں کتنے ڈھیر سارے خط آتے ہیں آپ کی کہانیوں کی تعریف میں، بڑے بڑے رسالوں میں آپ کی کہانیاں چھپتی ہیں، مگر آپ کی بچوں کی کوئی بھی کہانی ایسی ہے جس پر کسی نے آپ کو خط لکھا ہو۔ آخر ہم بچوں نے آپ کا کیا بگاڑا ہے کہ الٹی سیدھی کہانیاں ہمارے لئے لکھتے ہیں‘‘

    میں کوثر کو دیکھتا رہ گیا۔ وہ بولے چلی جارہی تھی گیارہ بارہ برس کی آٹھویں جماعت میں پڑھنے والی لڑکی کس قدر تیز اور کسی لیڈر کی طرح تقریر کئے جا رہی تھی۔

    ’’کوثر‘‘ میں نے مسکرا کر اس کے سر پر ہاتھ رکھ دیا۔ ’’پگلی! آج کل کے بچے بھی تو ایسی ہی کہانیاں پسند کرتے ہیں ورنہ پھر ان رسالوں کے مدیران کو کیا پڑی ہے کہ وہ کہانیاں شائع کریں۔‘‘

    ’’بھائی صاحب! ان ایڈیٹروں کی بھی ایک ہی کہی۔۔۔ دینا دلانا تو کچھ ہوتا نہیں۔ ایک دو کہانیاں یوں ہی بھرتی کی چھاپ دیں۔ اس سے ان حضرات کی صحت پر کیا اثر پڑتا ہے’’ وہ بولی۔

    ’’اچھا بڑی بی! آپ کی نصیحت سر آنکھوں پر، ایسی ہی کہانیاں لکھوں گا جن کو پڑھ کر بچے اچھی باتیں سیکھ سکیں۔ اب تو خوش‘‘

    ’’ویسے آپ کہانیاں بہت اچھی لکھتے ہیں‘‘ اس نے ہنس کر کہا۔ ’’خوشامد کہیں کی، لو چلو بھاگو، میں نے ایک رسالہ اٹھاکر اس کی طرف بڑھا دیا اور وہ رضیہ کے پاس چلی گئی۔‘‘

    اس کے جانے کے بعد میں کافی دیر تک اس کے بارے میں سوچتا رہا۔ انتہائی ذہین بچی ہے۔ کتنی سمجھداری کی باتیں کرتی ہے ضرور اپنے درجہ میں اول آتی ہوگی اور پھر میں نے طے کر لیا کہ اب بچوں کے لئے جو بھی کہانی لکھوں گا وہ سبق آموز ہوگی۔ صرف تفریح ہی تو مقصد نہیں ہے۔

    اچانک کوثر کئی دن ہمارے یہاں نہیں آتی۔ مصروفیت کے سبب میں نے کوئی دھیان نہیں دیا۔ آج خیال آیا تو میں نے رضیہ سے معلوم کیا۔ ’’ارے بھئی رضوؔ ! یہ تمہاری کوثر بی آج کل کہاں غائب ہیں؟‘‘ ’’بھائی صاحب! ایک روز رات میں اسٹول سے گر پڑی، کافی چوٹ آئی ہے، اسکول بھی نہیں آرہی ہے آج اسے دیکھنے جاؤں گی‘‘ ’’ارے ہمیں تو خبر ہی نہیں بڑی اچھی لڑکی ہے‘‘

    شام کو رضیہ کے ساتھ میں بھی اسے دیکھنے چلا گیا۔ کوثر کی والدہ کو ہم خالہ جان کہتے ہیں۔ وہ کوثر کو دوادے رہی تھیں۔ اس کے ایک ہاتھ پر پلاسٹر چڑھا ہوا تھا۔

    ’’کیوں بھئی بڑی بی! تمہیں کافی چوٹ آئی معلوم ہوتی ہے‘‘ میں نے کہا۔

    ’’حرکتیں ہی ایسی کرتی ہے‘‘ خالہ جان کوثر کو گھور کر بولیں۔ ’’جی‘‘ میں نے ایک بار کوثر کو اور پھر خالہ جان کو دیکھا۔ ’’کیا بتاؤں شو کی بیٹے! یہ لڑکی اتنی شریر ہے کہ ناک میں دم کر دیا ہے۔‘‘

    ’’امی!‘‘ کوثر کمزور آواز میں مچل کر بولی۔

    ’’کیا بتاؤں نہیں؟ ارے بیٹے ہوا یہ کہ راشد کے تایا میاں نے دہلی سے سوہن حلوہ بھجوایا تھا دونوں کو برابر برابر دے دیا۔‘‘

    راشد میاں مچل گئے اور لگے رونے، ضد کرنے کہ ان کا حصہ کم ہے ’’کم تھا تو آپ نے بجیا کو زیادہ دیا تھا’’ قریب کھڑا ہوا راشد بولا۔

    ’’تھا زیادہ تمہارا سر، کہیں اچھے بچے ایسی باتیں کرتے ہیں‘‘ خالہ جان نے راشد میاں کو جھڑک دیا۔

    ’’ہاں تو پھر یہ ہوا کہ جب خوب روئے تو ہم نے کوثر سے کہا تم بڑی ہو اپنے حصے میں سے تھوڑا انہیں اور دے دو۔‘‘

    ’’تھوڑا سا، سب تو لے لیا تھا اوں‘‘ لیٹے لیٹے کوثر بی۔

    ’’بڑا احسان کیا تھا شرم نہیں آتی‘‘ خالہ نے اسے بھی جھڑک دیا ’’جی پھر‘‘ میں نے مسکرا کر کوثر کی طرف دیکھا خالہ جان آگے سنانے لگیں ’’کوثر نے اپنا حلوہ کھا کر برابر کر دیا۔ راشد میاں ذرا کنجوس واقع ہوئے ہیں ایک ایک دانہ سنبھال کر رکھا۔ رات کو میز پر ڈبہ لے کر سوگئے۔ ہم نے اٹھا کر کارنس پر رکھ دیا۔ خدا جانے یہ جاگ رہی تھی ہم تو سمجھے کہ سو گئی ہے جب بتی وغیرہ بند کردی تو یہ بی اٹھ کر اسٹول پر چڑھیں۔ دیکھو نا یہ کارنس بہت اونچا ہے اسٹول پر کرسی رکھی بس گر پڑیں‘‘

    ’’چوری کر رہی تھیں ماشاء اللہ‘‘ میں مسکرایا۔

    ’’اب تم ہی دیکھو‘‘ خالہ جان کمرے سے ہم لوگوں کے لئے چائے بنانے چلی گئیں۔ اب تو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ کوثر کا کیا حال تھا لاکھ کہنے پر بھی اس نے اپنا منہ چادر سے باہر نہیں نکالا۔

    اور اب یہ کہانی لکھ چکنے کے بعد میں سوچ رہا ہوں کہ وہ اس کہانی سے کیا سبق لے گی حالانکہ یہ اس کی اپنی کہانی ہے اور بالکل سچی ہے۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے