صبیحہ انور کا تعارف
صبیحہ انور معروف ادیبہ، محققہ، مترجمہ اور سماجی کارکن ہیں۔ وہ مشہور محقق، ادیب اور طنز و مزاح نگار وجاہت علی سندیلوی کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے لکھنؤ یونیورسٹی سے اردو اور فارسی میں امتیاز کے ساتھ ایم اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ وہ کرامت حسین پوسٹ گریجویٹ کالج، لکھنؤ میں اٹھارہ برس تک پرنسپل اور اٹھائیس برس تک صدر شعبۂ اردو کے عہدے پر فائز رہیں۔ ان کا تعلق فخرالدین میموریل کمیٹی، اردو اکادمی اور متعدد تعلیمی و سماجی اداروں سے بھی رہا ہے۔ خواتین کی فلاح و بہبود اور سماجی ہم آہنگی کے شعبوں میں بھی ان کی نمایاں خدمات ہیں۔ ان کی علمی، تعلیمی اور ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ اتر پردیش نے انہیں 2016ء میں ’’یش بھارتی‘‘ اور ’’یو پی رتن‘‘ جیسے اہم اعزازات سے نوازا۔ اس کے علاوہ انہیں لائنز کلب اور اردو اکادمی سمیت مختلف اداروں کی جانب سے متعدد اعزازات مل چکے ہیں۔ ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر ان کے انٹرویوز اور مضامین نشر ہوتے رہے ہیں، جب کہ وہ ادبی سیمیناروں اور کانفرنسوں میں بھی اپنے تحقیقی مقالات پیش کرتی ہیں۔ ان کی تصانیف میں افسانوی مجموعے ’’ورق ورق زندگی‘‘ اور ’’خواب در خواب‘‘، سفرنامہ ’’ہم نے دیکھا استنبول‘‘، ترجمہ ’’فدائے لکھنؤ‘‘، تحقیقی و تنقیدی کتاب ’’اردو میں خود نوشت سوانح‘‘، ’’باقی سوالات‘‘ اور ’’عابد سہیل‘‘ (مونوگراف) شامل ہیں۔