کتب خانہ: تعارف
بنات اردو خواتین قلمکاروں کی ایک بین الاقوامی ادبی تنظیم ہے، جس کی بنیاد 4 اکتوبر 2017ء کو دہلی میں رکھی گئی۔ اس کا قیام خواتین ادیباؤں کو ایک مؤثر ادبی پلیٹ فارم فراہم کرنے، اردو زبان و ادب کے فروغ، نسائی فکر کی ترویج اور نئی لکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے عمل میں آیا۔ نگار عظیم، عذرا نقوی اور تسنیم کوثر کو بالترتیب صدر، نائب صدر اور سکریٹری منتخب کیا گیا۔ بنات کا پہلا باضابطہ اجلاس 31 اکتوبر 2017ء کو غالب اکیڈمی، بستی حضرت نظام الدین، نئی دہلی میں منعقد ہوا۔
بنات کے پلیٹ فارم سے افسانہ نگار، شاعر، ناقد، انشائیہ نگار، خاکہ نگار اور دیگر ادبی اصناف سے وابستہ خواتین سرگرم ہیں۔ تنظیم میں سینئر اور نوآموز قلمکاروں کے ساتھ مختلف ممالک کی ادیبائیں بھی شامل ہیں۔
تنظیم کا بنیادی مقصد خواتین قلمکاروں کی ادبی خدمات کا اعتراف، نسائی ادب کی ترویج، ادبی مکالمے کو فروغ دینا اور اردو زبان کے فروغ کے لیے علمی و ادبی سرگرمیوں کا انعقاد ہے۔ اس مقصد کے لیے بنات باقاعدگی سے ادبی نشستیں، مباحثے، سیمینار، مشاعرے اور خصوصی تقریبات منعقد کرتی ہے، جن میں یومِ خواتین اور یومِ تاسیس نمایاں ہیں۔ تنظیم کا واٹس ایپ گروپ اور "بنات لائیو" پلیٹ فارم بھی ادبی سرگرمیوں، تحریری مباحث اور ادبی خبروں کی اشاعت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
مختصر عرصے میں بنات نے اردو کی مختلف اکادمیوں، جامعات اور ادبی اداروں کے اشتراک سے متعدد کامیاب پروگرام منعقد کیے ہیں اور خواتین قلمکاروں کے لیے ایک مضبوط اور مؤثر ادبی پلیٹ فارم کی حیثیت حاصل کی ہے۔ تنظیم کی ادبی سرگرمیوں اور مطبوعات کا ایک منتخب حصہ اب ریختہ کی ڈیجیٹل لائبریری پر بھی دستیاب ہے، جہاں دنیا بھر کے قارئین اور محققین اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔