ہر سحر رنگیں نوا ہر شام خوش آہنگ ہے
یہ جوانی ہے کہ فردوس رباب و چنگ ہے
جور پیہم سے تعجب کے اگر دل تنگ ہے
وہ ہنسی جو حد سے بڑھ جائے پیام جنگ ہے
یہ خبر بھی اے اسیر جلوۂ صد رنگ ہے
دل کے آئینہ کو عکس لالہ و گل رنگ ہے
عہد عہد ناتواں ہر عذر عذر لنگ ہے
کیا یہی تہذیب شمع محفل افرنگ ہے
تم نہیں تو اک دل مغموم پر کیا منحصر
ہر گل فردوس تصویر شکستہ رنگ ہے
وہ اگر شعلہ زن دل ہوں تو حسن التفات
دل اگر شکوہ کن سوز دروں ہو ننگ ہے
کیا حریف صحبت بیگانہ ہو طبع لطیف
سینۂ شبنم پہ برگ سبزۂ تر سنگ ہے
وہ شکست دل جو ہو مرہون ضرب ذکر دوست
جذب و مستی کو سروش ساز خوش آہنگ ہے
لوح ہستی پر نہیں اک شے بھی مرفوع القلم
نقطۂ سہو اس جگہ نقطہ نہیں فرہنگ ہے
خطرۂ رہزن سے بڑھ کر ہو جہاں احسان خضر
اک قدم اس جادۂ الفت میں سو فرسنگ ہے
کاش وہ پھر ہوں رہین کاوش قطع و برید
گو قبائے زندگی رنگیں ہے لیکن تنگ ہے
خندۂ گل ہو رہین گریۂ شبنم جہاں
وہ جہان رنگ و بو بھی فیضؔ اک نیرنگ ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.