اس طرح آپ نے ندرت سے نکھارے الفاظ
اس طرح آپ نے ندرت سے نکھارے الفاظ
آپ ہی جھوم اٹھے فخر کے مارے الفاظ
حرف روشن سے سر بزم اجالا ہوگا
شعلۂ نطق سے پھوٹیں جو شرارے الفاظ
کس طرح حسن کو تیرے یہ بیاں کر پاتے
چاند چہرہ ہے ترا اور ستارے الفاظ
ایک دن بن کے بہیں گے یہ تمہارے آنسو
ایک دن یاد کرو گے یہ ہمارے الفاظ
اب تو اس ساتھ کو لفظوں کی ضرورت ہی نہیں
بن گئے ہیں تری آنکھوں کے اشارے الفاظ
اس کی توصیف کے الفاظ نہیں مل سکتے
جس نے انسان کے سینے پہ اتارے الفاظ
کاٹ سہنا بھی بڑی بات ہوا کرتی ہے
یہ مری شاخ ہنر اور یہ آرے الفاظ
میں تصاویر بنانے میں مگن تھا سیدؔ
کہ اچانک مرے اندر سے پکارے الفاظ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.