سیاہ رنگ دریچوں میں بھر گیا اک شخص
سیاہ رنگ دریچوں میں بھر گیا اک شخص
ابھی مکان کی چھت سے اتر گیا اک شخص
تمام شہر میں پرچھائیوں کا گھیرا ہے
افق کی روشنیوں میں بکھر گیا اک شخص
بدن سے جھڑتی ہوئی راکھ کا سراغ نہ پوچھ
ہمارے جسم کے اندر ہی مر گیا اک شخص
بدن خلا میں معلق دکھائی دیتا ہے
دل و دماغ پہ جادو سا کر گیا اک شخص
وہ ابر تھا تو سرابوں ہی پہ برستا رہا
بنا جو دھوپ تو برباد کر گیا اک شخص
پھلانگ کر الم و یاس کے نشیب و فراز
اداسیوں کے نگر سے گزر گیا اک شخص
کمال یہ ہے کہ پیڑوں کی سائیں سائیں میں شادؔ
خود اپنے قدموں کی آہٹ سے ڈر گیا اک شخص
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.