ترک سودا ہو آگہی کے لئے
کتنا دشوار ہے یہ جی کے لئے
زندگی کے اجاڑ خانے میں
خواب رکھے ہیں دل کشی کے لئے
ہونٹ مامور ہیں تبسم پر
ایک وحشت زدہ خوشی کے لئے
کس نے مقتل میں بر سر نیزہ
موت سے کام زندگی کے لئے
سارے عالم کی نعمتیں مولیٰ
ایک بے لاگ آدمی کے لئے
ایک دستار بن گئی پھانسی
ایک کنبے کی لاڈلی کے لئے
آج قربان کی گئیں خوشیاں
غم کی تشریف آوری کے لئے
ربط رکھیے خراب حالوں سے
اپنی خوشحال زندگی کے لئے
کون کس موڑ پر بچھڑ جائے
راہ مت چھوڑیے کسی کے لئے
آدمیت کے شر سے بچنے کی
کوئی تدبیر آدمی کے لئے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.