مبارک ان کو در نبی پر جو چند گھڑیاں گزار آئے
مبارک ان کو در نبی پر جو چند گھڑیاں گزار آئے
وہ اپنی عقبیٰ سدھار آئے وہ اپنی دنیا سنوار آئے
کرم سراپا تمام رحمت نفس مسیحا نگاہ مرہم
وہ غم زدوں کے جہاں میں لے کر پیام صبر و قرار آئے
سحاب رحمت کا ہے یہ عالم کہ غیر پر بھی کرم کی بارش
نگاہ و دل میں یہ درد مندی کہ دشمنوں پر بھی پیار آئے
ہمارے دامن میں کچھ نہیں تھا جو ان کی محفل میں پیش کرتے
بس ایک جاں تھی جو نذر کر دی بس ایک دل تھا جو وار آئے
عقیلؔ صدق و صفا کا جادہ نہ ہم نے چھوڑا نہ ہم سے چھوٹا
ہماری راہوں میں زور باطل ہزار کیا لاکھ بار آئے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.