مجھے چاہئیں دو عدد عزرائیلی ہاتھ
تاکہ میں گھونٹ سکوں
تمہاری یاد کا گلا
اور نکال سکوں اس کی روح
مجھے چاہئے ایک عدد اسرافیلی سائرن
تاکہ میں اٹھا سکوں
اپنے اندر برسوں سے دفن
اس مردہ کو
جس کو مار ڈالا تھا
وقت اور تم نے مل کر
مجھے چاہئیں دو عدد جبرائیلی پر
تاکہ میں اڑ سکوں
اتنا تیز
اتنا تیز
کہ پلک جھپکتے ہی پہنچ جاؤں
ایک ایسی جگہ
کہ جہاں نہ ہو
کسی بھی شے پر تمہارے چہرے کی مہر
مجھے چاہئے ایک عدد میکائیلی طاقت
تاکہ میں برسا سکوں
اپنے دل و دماغ پر وہ بارش
کہ جس سے بجھ جائے دل و دماغ کی آگ
اور پھر چلا سکوں وہ ہوا
کہ جس سے تر و تازہ ہو جائیں دل و دماغ
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.