Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

ماں/مرتبان

سید ماجد شاہ

ماں/مرتبان

سید ماجد شاہ

MORE BYسید ماجد شاہ

    ’’وہ ہینگ ملاپیڑا تھی۔ اس کے ریزے ریزے میں سیاہ ہینگ گندھی ہوئی تھی۔ مجھے اس کے ہاتھوں، پاؤں، گردن اور منہ وغیرہ سے جدا جدا قسم اور شدت کی بو آتی تھی مگر ہر بو میرے لیے ناقابل برداشت تھی۔ رفتہ رفتہ میرے ذہن میں عجیب وسوسے پیدا ہونے لگے۔ تھریڈنگ کے تیسرے چوتھے دن اگنے والے بھوؤں کے تازہ نیزے، مجھے تعفن ذدہ تھوہر لگنے لگے۔سفید مخروتی انگلیوں کے سرے پر لہریادار ناخنوں کے بڑھتے سِرے باس دینے لگے تھے۔‘‘ اس نے حسب عادت بغل میں ہاتھ ڈالا اور بغل گند سونگھ کر سوچتے ہوئے بولا: ’’اس کے جسم سے اگنے اور بڑھنے والی ہر چیز اپنی نمو میں یا عدم اور وجود کے سنگم پر کہیں بدبودار ہو جاتی ہے۔ میں اس کے قریب نہیں رہ سکتا۔ کہیں میں بھی۔۔۔۔ ‘‘وہ مجھ سے لپٹ کر رونے لگا۔

    میں نے اسے اپنے کمرے میں رہنے کی اجازت دے دی۔ اس نے بھیگی آنکھیں صاف کرتے ہوئے کہا:’’ میں جو، نیا جہان دریافت کرنا چاہتا ہوں۔ اس کے لیے تو، میرے لیے بہت ضروری ہے۔ وہ میرے ساتھ رہنے لگا۔

    زین آج تک یہ فیصلہ نہیں کر پایا تھا کہ شعور کی کس سیڑھی پر اسے پہلی بار اپنی سگی ماں اور ہینگ کے پیڑے میں مماثلت محسوس ہوئی تھی۔ لیکن دھند سے لتھڑی یادوں میں اسے اتنا ضرور یاد تھا کہ پہلے اسے اپنی ماں بدصورت نہیں لگتی تھی۔ صرف اس کے خمیر سے اٹھتے بھبکے ازل سے یعنی کہیں قیدِ کوکھ سے، زین کی حسِ شامہ کی جمالیات سے متصادم ہو گئے تھے۔ اس مسئلے نے زین کے حسن و بد کے معیار بدل ڈالے تھے۔وہ بغیر سونگھے، کسی پری پیکر کو دیکھ کریہ فیصلہ نہیں کر سکتا تھا۔ کہ وہ خوبصورت ہے یا بدصورت۔

    میڈم مہ پارہ فردوس کوئی عام عورت نہیں تھیں۔ وہ عالمی سطح کی مشہورعطر فروش تھیں۔ ان کے کاروبار کے گھنے درخت کی شاخیں سات براعظموں تک ثمر بار تھیں۔ ایک عالم ان کے سروقد کے زیر سایہ تھا۔ وہ خوبصورت تھیں۔ چوڑے شانے، طویل قامت، بھرا بھرا جسم، روشن کشادہ چہرہ، گفتگو، چال ڈھال، انداز، لباس وغیرہ وغیرہ۔ وہ ہر چیز میں یکتا تھیں۔ انھیں دیکھ کر ایسی نسائی وجاہت اور رعب کا احساس ہوتا تھا کہ ہر محفل میں ان کی حکمرانی خود بخود ہو جایا کرتی تھی۔ بڑے بڑے لوگ ان سے بات کرتے، ڈرتے تھے۔ وہ کوئی آسان اور ارزاں عورت دکھتی ہی نہیں تھیں۔ منہ پھٹ اوردل پھینک، عیاش ارباب اختیار اور اربوں پتی خریدا ر، ان کے سامنے دب جاتے تھے۔ عطر فروشی کے کاروبار نے ان کا جسم مہکا دیا تھا۔ ان کی دراز قامتی مجھے بامیان کے بت سے زیادہ طویل دکھائی دیتی تھی۔

    سکول کے زمانے سے زین کا صرف میں ہی واحد دوست تھا۔ جو اس کی پیچیدہ باتوں پر بز اخفش کی طرح سر ہلا دیتا تھا۔ اس کے مہکتے گھر کی کشادگی نے میری حیثیت چیونٹی سے نہ بڑھنے دی تھی۔ جب کہ اس کی ماں میرے لیے حسین اور بلندترین بت سے کم نہ تھی۔ جس کی قامت بامیان میں بدھ کے مجسمے سے میلوں بلند تھی۔ میں ان دنوں بدھ کے مجسمے کی ویڈیو کثرت سے دیکھا کرتا تھا لیکن میڈم مہ پارہ فردوس کو میں نے کبھی آنکھ بھر کر نہ دیکھا تھا۔ بت کو دیکھا نہ جائے تو وہ خدا بن جاتا ہے۔

    زین شروع سے اپنی ماں اور میڈ کے بدن کی بو کے الگ ہونے کا تذکرہ کرتا تھا۔ میڈیکل کالج کے زمانے تک وہ ہر قسم کی بوکے گرم اور ٹھنڈا ہونے کے علاوہ ان کے الگ رنگوں کے متعلق بھی اپنی جدا اور نرالی منطق رکھتا تھا۔ وہ ماں کے روائتی تصورکی طرح بو کے روائتی تصور سے بھی قوسوں دور تھا۔ میرا خیال تھا کہ وہ ’’پرفیوم‘‘ فلم دیکھ کر ایسا کرتا ہے۔ ہیرو بنتا ہے، انوکھی بات کر کے توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔

    میں غریب مالی کا وہ بد نصیب بیٹا تھا۔ جسے باپ کا رحم دل مالک اچھے سکول میں پڑھا کر ایک مسخ شدہ شخصیت کی تعمیر کر رہا تھا۔ میڈم مجھے حقیر سمجھتی تھیں۔انھوں نے مجھ چیونٹی صفت غریب کو برداشت کر لیا تھا، کیوں کہ تنہائی پسند زین میرے بغیر ایک پل نہیں رہ سکتا تھا۔ حقارت کے ساتھ محبت کا جانے کیا رشتہ ہوتا ہے کہ میرا ان سے بہت گہرا تعلق قائم ہو گیا تھا۔ گو کہ مجھے اپنی ہم سن لڑکیوں کی نسبت بڑی عمر کی عورتوں سے خاص رغبت تھی لیکن میڈم مہ پارہ فردوس سے میں بہت خوفذدہ رہتا تھا۔ میں انھیں اکثر خواب میں دیکھ کر ڈر جاتا تھا۔ ان کا دراز قد ہیولا دیکھتے ہی میں چیونٹی بن کر جائے پناہ کے لیے کوئی سوراخ ڈھونڈھتا پھرتا تھا۔

    زین بہت عجیب تھا۔وہ دوسروں کی بڑی سے بڑی غلطی دیکھ کر انجان بن جاتا تھا۔ میرے لیے تو وہ سب کچھ لٹانے کے لیے تیار رہتا تھا۔ وہ اپنی قیمتی چیز یں جان بوجھ کر ایسے رکھتا تھا کہ میں بغیر پوچھے اٹھا لوں۔ وہ مجھے چوری کا عادی بنا کر اپنی ضرورتیں پوری کرنا چاہتا تھا۔ میں اس کے لیے بہت ضروری تھا۔ یہ کون سی ضرورت تھی جو میں پوری کر رہا تھا۔ یہ میں نہیں جانتا تھا۔ اسے شاید ایک بےزبان کی ضرورت تھی۔ جس کے سامنے وہ سب کچھ اگل ڈالتا تھا۔ میرا کام صرف خاموش رہ کر اس کی باتیں سننا اور اس کی ہاں میں ہاں ملانا تھا۔ وہ بو کے متعلق اپنی معلومات میری ’’چپ‘‘ کے اگال دان میں تھوک کر، تازہ دم ہو جاتا تھا اور تازہ خیال اور نئے جہان کی تلاش میں نکل کھڑا ہوتا تھا۔ وہ بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ میرا اور زیادہ عادی اور ممنون ہوتا چلا جاتا تھا۔

    اس کا پسندیدہ موضوع ماں سے اٹھنے والے بھبکے تھے۔میں گھنٹوں بیٹھ کر زین کی بے معنی باتیں سنتا اور کبھی اختلاف نہ کرتا تھا۔ لیکن اس کے باوجود، کبھی دل سے یہ ماننے کے لیے تیار نہیں تھا کہ اس کی گوری چٹی، سرو قد، مہکیلی ماں بدبودار بھی ہو سکتی ہے۔ یا میں کسی ایسی خاص بو کو محسوس کرنے کے قابل ہی نہیں تھا۔

    میرے لیے کیا قیمتی تھا؟ میں کیوں یہ سب کچھ سنتا رہا تھا؟ یہ سماعت کی چاکری مجھ سے میری غربت کروا رہی تھی؟ زین کے گھر کی کشادگی تھی؟ اس کی دوستی؟ یا اس کی دراز قد ماں؟۔۔۔ یا یہ سب چیزیں مل کر ایک ایسی کل بنا رہی تھیں جس میں سے کسی ایک کو الگ نہیں کیا جا سکتا تھا۔

    زین نے بہت عرصہ کوشش کی کہ اس بو کا ذکر ماں سے نہ کرے۔لیکن آخرکار اس کے نتھنے جواب دے گئے۔ وہ پھٹ پڑا۔ پہلے تو ماں نے خزاں زدہ درخت کی طرح اپنی ٹھنڈی چھاؤں سمیٹ لی۔۔۔ بدصورتی اور بدبو کا یہ الزام۔ یہ احمقانہ الزام اور وہ بھی میڈم مہ پارہ فردوس پر جو پھولوں کی پتیوں سے جوڑ کر بنائی گئی تھی۔ جس کے ریزے ریزے میں دنیا جہان کی خوشبوئیں اکٹھی ہو کر ایک الگ مہک بنا رہی تھیں۔ وہ اس منفرد مشک کی ابتدا بھی تھی اور خاتم بھی۔ اس پر عفونت کا الزام۔۔۔؟ وہ کیسا بیٹا تھا۔ میڈم اپنے پیروں تلے جنت تلاش کرتی رہ گئیں۔

    جب شدت حد سے بڑھ گئی تو بیٹے کو پاگل سمجھ کر علاج کروانے کی کوشش کی گئی مگر بیماری تھی کہ بڑھتی ہی جاتی تھی۔ ماں خود خوشبو کی طرح بکھر گئی۔ وہ تو دنیا کو مہکاتی تھی۔ اس کا مہکتا کاروبار، دفتر، گاڑیاں اور گھر سب، نفرت سے ہینگ کے پیڑے بن گئے تھے۔ ایک بیٹا جو کل کائنات تھا۔ وہ بات کرتا تو ناک پر ہاتھ رکھ کر۔ زیادہ دیر پاس رکتا تو الٹیاں کرنے لگتا تھا۔ اس کا دم واقعی گھٹنے لگا تھا۔ سانس روکتا تو مرتا تھا۔ بالآخر بیٹا تعفن کی وجہ سے اربوں کھربوں کی جائداد اور طرح طرح کی آسائشیں چھوڑ کر بھاگ گیا۔اس مہکتی مہکاتی دیوی کے گرد بیٹا وہ بدبو کا جال بن گیا تھا کہ اس بےچاری کو پجاریوں کی منقبت سے وحشت ہونے لگی تھی۔ بامیان کا بت جھکنے لگا تھا۔

    اس نے گھر چھوڑا تو سیدھا میرے پاس ہی آیا اور رو کر منتیں کر کے میرے کمرے میں رہنے لگا۔ اس وقت تک ڈاکٹر زین کے حواس خمسہ پر حس شامہ اس درجہ حاوی تھی کہ چھٹی حس تک اس کے سائے تلے دب کر رہ گئی تھی۔ وہ صرف ایک جیتی جاگتی حسِ شامہ تھا۔ اسے اپنے کمرے میں دیکھ کر مجھے شرمندگی ہوتی تھی۔ گنجان آباد علاقے کا یہ کمرا، جہاں متوسط درجے کی سوچ رکھنے والے دوستوں کی بھر مار رہتی تھی۔ مجھے ہر وقت یہی ڈر رہنے لگا کہ یہ اکیلے گھر میں پلا بڑھا عجیب فضول باتیں کرنے والا، ان لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا تو وہ اسے چند دنوں میں سائیں بنا دیں گے۔ پھر وہ اپنا مہکتا ہوا گھر بدبودار کہہ کر چھوڑ آیا تھا۔ میرا کمرا تو واقعی سڑا بسا ہوا تھا۔ وہ اس کے آگے کیا حیثیت رکھتا ہوگا۔ پر زین تھا کہ جانے کا نام ہی نہ لیتا تھا۔ وہ خوش تھا۔ اب وہ آزادانہ سب کچھ سونگھ سکتا تھا۔ وہ حسِ شامہ کی بدولت ذات اور کائنات کی دریافت چاہتا تھا۔ وہ حقیقتاً کچھ نیا کر رہا تھا۔

    میڈم مہ پارہ فردوس نے مجھے ثالثی کے لیے بلا لیا گویا دیو ہیکل بت چیونٹی تک جھک آیا تھا۔ وہ زین سے ملنا چاہتی تھیں۔ اسے قریب رکھنا چاہتی تھیں۔ اس کا علاج کروانا چاہتی تھیں۔ میں ان کے پاس سے خوشبو میں مہکتا واپس آتا تو بیٹے کو صدق دل سے سمجھاتا۔ پر میرا دل چاہتا تھا کہ وہ میری ایک نہ مانے۔ خیر، وہ مانتا بھی نہیں تھا۔ وہ تو ماں کو مرتبان سے زیادہ اہمیت نہ دیتا تھا۔ وہ ماں سے ملنا نہیں چاہتا تھا۔ جو بھی تھا اس ثالثی میں مجھے بہت لطف آ رہا تھا۔

    چند دنوں میں، میں نے ایسا ماحول بنا لیا تھا کہ میٹنگ کے آغاز پر میں وہ تلخ تیزابی جملے میڈم مہ پارہ فردوس پر انڈیل دیتا تھا جو زین نے شدید نفرت میں کہے ہوتے تھے۔۔۔ وہ تلملا اٹھتیں۔ جل بھن کر ٹوٹ پھوٹ جاتیں، اپنے بال نوچتیں، زار وقطار روتیں۔ میں ان کے آنسو پونچھتا ان کو دلاسہ دینے کے لیے گلے لگاتا اور آخر میں ایسی ہیپی اینڈنگ کرتا کہ وہ بہت مطمئن ہو جاتیں۔ انھیں لگتا کہ زین بہت جلد ان کے پاس آ جائےگا۔ وہ بھی زین کی طرح میری ممنون اور عادی ہو رہی تھیں۔ مجھے اپنی منافقت کا احساس تھا۔ لیکن میں بامیان کے بت سے سرگوشیاں کرنا چاہتا تھا۔ زین نے مجھے چوری کا عادی بنا دیا تھا۔

    زین کی میڈ کا خیال تھا کہ مجھے زین کا روحانی علاج کروانا چاہیے کیونکہ اس کے مطابق وہ گائے آسیب ذدہ تھی۔جو زین کے بچپن میں عید کے موقع پر لائی گئی تھی۔ گائے کا جب پیٹ پھول کر بڑا سا غبارہ بن گیا تھا تو ملازم نے سیاہ ہینگ آٹے کے پیڑے میں ڈال کر اسے دی تھی۔ اس وقت سے زین کے ذہن میں وہ بو بھرا آسیب سما گیا تھا کہ اب تک وہ بو کی عینک سے دنیا کو دیکھ رہا تھا۔ میڈم بھی بہت حد تک بازی ہار چکی تھیں۔ اسی لیے انھوں نے ’’روحانیت‘‘ اور ’’آسیب‘‘ جیسے الفاظ بھی مجھ حقیر کی طرح قبول کرلیے تھے۔

    میں نے شروع سے اب تک میڈم کو کبھی آنٹی یا ماں نہیں کہا تھا، البتہ جب سے یہ ثالثی شروع ہوئی تھی۔ میں زین کو باتوں باتوں میں بیٹا کہہ دیا کرتا تھا۔ اسے بیٹا کہنے سے مجھے عجیب لذت، خوشی ،تونگری اور کامرانی کا احساس ہوتا، جو ناقابل بیان تھا۔

    ادھر زین کی ذات کے وہ وہ گوشے کھلتے جاتے تھے جن کا میں تصور بھی نہیں کر سکتا تھا۔ وہ پوری کائنات کو نتھنوں سے دیکھتا تھا۔ اب وہ مجھے پاگل نہیں بلکہ فلسفی لگنے لگا تھا۔ وہ ایک حس کے سہارے جی رہا تھا۔ اس حس میں اس کی مشاقی حیرت کو چھونے لگی تھی۔وہ اپنی اس حس کو اپنی طاقت بلکہ شناخت سمجھنے لگا تھا۔ میں اس کے تجربات پر عملاً سوال جواب کرتا اور اسے آزمائش میں ڈالتا وہ ہمیشہ کامیاب ہو جاتا تھا۔

    زین اکثر کچھ بتائے بغیر گم ہو جاتا، ہفتوں اس کا پتا نہ چلتا، میں ڈر جاتا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ واپس ہی نہ آئے لیکن اس کی عدم موجودگی کا ذکر میں نے کبھی میڈم سے نہیں کیا۔ انھیں میں یہی یقین دلائے ہوئے تھا کہ میں اسے ڈاکٹر کو دکھا رہا ہوں۔جلد وہ اچھا ہو جائےگا۔ اس میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔

    میڈم کام کاروبار لوگوں پر چھوڑ کربہت حد تک گھر میں محدود ہو گئی تھیں۔ بظاہر بہت تیار ہو کر رہتی تھیں، کسی پتھر کے عظیم بت کی آن بان ابھی بھی ان میں موجود تھی۔ لیکن میں محسوس کرنے لگا تھا کہ وہ دیمک ذدہ کھوکھلی لکڑی کی طرح کسی دن اچانک گر کر بورے کی طرح بکھر جائیں گی۔ وہ دن میں بارہا مجھے فون کرتیں۔ شام کو روزانہ بلاتیں۔ بیٹے کی ایک ایک بات پوچھتیں۔ وہ میرے ہونٹوں سے اپنے بیٹے کو چلتا پھرتا دیکھتی تھیں۔ میرے پاس جھوٹی تصویروں کی نہ ختم ہونے والی البم تھی۔ یہ ایک ایسا ڈرامہ تھا جس میں امید اور مایوسی کا ایک سسپنس تھا کہ نیکسٹ ایپی سوڈ بنا بات بنتی ہی نہ تھی۔

    میں سارا دن کہانی بنتا تھا۔ کلائیمکس اینٹی کلائیمکس پر سوچتا تھا۔ لیکن جب ان کے سامنے جاتا تو ایک نئی کہانی اس سے زیادہ بہتر انداز میں چل پڑتی۔ میری ناآسودہ خواہشات وہ وہ افسانوی رنگ دکھاتیں کہ میں خود حیران رہ جاتا تھا۔ بعض اوقات جھوٹ بولتے ہوئے مجھے ایسا سچ کا گماں ہوتا تھاکہ میں نم دیدہ ہو جاتا تھا۔ جب وہ پر سکون اور مطمئن ہو کر میرا ماتھا چومتیں تو میں اتنا ہلکا ہو جاتا جتنا کبھی میں سچ بول کر نہیں ہو سکتا تھا۔ مجھے ندامت کی بجائے اپنے چہرے پر عبد استار ایدھی جیسی معصومیت اور اطمینان نظر آتا تھا۔

    مجھے زین کی حسِ شامہ سے بہت ڈر لگنے لگا تھا۔ میرا میڈم سے ابھی کوئی ایساجسمانی تعلق تو قائم نہیں ہوا تھا۔ جسے زین سے اتنا پوشیدہ رکھا جاتا لیکن پھر بھی چھپانے کی لذت میں ایک عجیب سی تسکین تھی۔جو مجھے بہت بھلی معلوم ہوتی تھی۔

    ادھر زین تھا کہ دنوں میں پہلے سے کہیں زیادہ ماہر و مشاق ہوا جاتا تھا۔ وہ جھاڑیوں، جانوروں اور کیڑے مکوڑوں تک کی الگ بو کی تفصیل بتاتا۔ بیماریوں کی تشخیص میں بو کیسے موثر ہو سکتی ہے۔اس کا مشاہدہ مکاشفے کی حدوں کو چھونے لگا تھا۔

    اب اس کا ہاتھ بغل سے ناک تک بہت تیزی سے آنے جانے لگا تھا۔ وہ اپنی بو پر بولتا تو مجھے حیرت ہوتی کہ اس گھٹیا بیماری میں بھی نرگسیت کا کوئی پہلو ہو سکتا ہے؟ میں اسے دو چیزوں سے منع کرتا تھا۔ ایک ماں کے جسم کی بوکا سرعام اظہار، دوسرا سب کے بیچ بیٹھ کر بغلوں پھرے ہاتھ کو سونگھنا۔ وہ ہنس کرعادت ترک کرنے کا کہتا ضرور تھا مگر کرتا اپنی مرضی تھا۔ لوک ہاتھ سونگھنے کو معاف کر سکتے تھے۔ پر ماں کے خلاف برداشت کم ہو جاتی تھی۔لوگ ایک روایتی تصورکی لاٹھی چھوڑکر گرنا نہیں چاہتے تھے۔ زین بےساکھیوں کی بجائے اپنی ٹانگوں پر کھڑا تھا لیکن میری ٹانگیں کانپنے لگی تھیں۔

    ایک دن میڈم کے پاس بیٹھے ہوئے اچانک کہانی ایسے رخ پر چل پڑی کہ میں خود حیران رہ گیا۔ میں نے انھیں کہہ دیاکہ زین خواتین سے اٹھنے والی ایک خاص پاکیزہ خوشبو سے متاثر ہوتا ہے۔ اگر آپ اس خاص خوشبو سے خود کو معطر کر لیں تو شاید وہ آپ کو قبول کر لے۔ وہ خوشبو کیا تھی۔۔۔؟ یہ فیصلہ میری حس شامہ نے کرنا تھا۔ وہ ہر حالت میں بیٹے کو حاصل کرنا چاہتی تھیں۔ حسِ شامہ ہی وہ سیڑھی تھی جو مجھے بامیان کے بت سے سرگوشی کا موقع دے سکتی تھی۔ میری حسرتیں جی اٹھیں۔۔۔ میرا قد بہت بڑا ہو گیا تھا۔ میں ہر قسم کی سرگوشی کر سکتا تھا۔ حسن کمبخت ڈھل کر کیا کیا جتن کرتا ہے۔ غرور کے خول میں عاجزی اورمسکینی کے کیسے کیسے بدنما ہیولے ابھر آتے ہیں۔میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔

    اب میں زین کے گھر سے آتا تو طرح طرح کی خوشبو، کریمیں اور لوشن استعمال کرتا تھا۔ میں بہت خوش تھا کہ اسے کبھی مجھ پر شک نہیں ہوا۔ ویسے بھی میں ان ماں بیٹے کے ساتھ رہ رہ کر خوشبوکا ماہر ہو گیا تھا۔میں جانتا تھاکہ ہر آدمی ہر بو کو نہیں سونگھ سکتا۔ جیسے کچھ لوگ کلر بلائینڈ ہوتے ہیں۔ اسی طرح کچھ خوشبو کے اندھے بھی ہوتے ہیں۔مجھے محسوس ہوتا تھا کہ میرے معاملے میں زین خوشبو کا اندھا تھا۔ وہ مجھے سے ہینگ کی بو محسوس نہ کر سکتا تھا۔ ویسے بھی جب سے ثالثی شروع ہوئی تھی۔ وہ مجھ سے ذرا ہٹ کر بیٹھتا تھا۔ میں بھی اس سے تھوڑا فاصلہ رکھتا تھا۔ مجھے اس کی مہارت پر شک نہیں تھا بلکہ اپنے کامیاب ہونے پر مسرور رہتا تھا۔

    مجھے احساس ہوا کہ چیونٹی صرف زمین اور آسمان کے درمیان حقیر ہوتی ہے۔تنگ و تاریک سوراخ میں جب اس کا سر چھت سے ٹکراتا ہے تو وہ ڈئینوسار کی طرح دیوہیکل ہو جاتی ہے۔ میں اب حقیر نہیں رہا تھا۔ جیسے میڈم اب اتنی طویل قامت نہیں رہی تھیں، جتنی وہ ہوا کرتی تھیں۔ میری احساس کمتری ختم ہو گئی تھی یا کوئی انتقام کی آگ تھی جو بجھ گئی تھی یا حسن ہاتھ میں آ کر بےوقعت ہو گیا تھا یا عمر تھی کہ ڈھل گئی تھی یا وقت تھاکہ گزر گیا تھا۔ یہ کیا تھا مجھے نہیں پتا۔

    زین کے پاس چراند، کھراند، بساند کی، کھٹی، میٹھی، ترش، کڑوی اور نمکین بو کی۔ سرخ، سفید، سیاہ اور سبز بو کی، تیز اور ہلکی کی، لونگ، پودینہ، لوبان، الائچی وغیرہ وغیرہ کی، اتنی قسمیں تھیں۔ اس کے پاس ہر قسم کے انسان پر اثرات کی اتنی معلومات تھیں۔ اس کے ریسرچ پیپرز کی شہرت ماں کے کاروبار کی طرح وہاں تک ثمر بار ہو گئی تھی۔ جہاں کا ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ اسے آئے دن دنیا بھر کی یونی ورسٹیز سے دعوت نامے آنے لگے وہ چند دنوں میں شہرت اور عزت کی نئی دہلیز پر تھا۔ یہ عجیب تخریب میں تعمیر تھی۔ بے عزتی اور شرم ناک ذلت سے یوں عزت کے در کھل رہے تھے کہ میں حیران رہ گیا۔

    قدرت اس پر مہربان تھی۔ اس پر کائنات کے وہ در وا ہو رہے تھے۔ جو آفرینش سے مقفل تھے۔ وہ سونگھ کر خلیوں کے نہاں خانوں سے بیماری کے ظہور کا وقت بتانے لگا تھا۔ اس کی حسِ شامہ الہام کو چھونے لگی تھی۔ وہ دریافت کے نشے میں غرق تھا۔

    زین ماں کی زہریلی بو سے تریاق تیار کر چکا تھا۔ میڈم،غرور کے معطر مینار سے ہینگ کی دلدل میں دھنستے دھنستے روحانیت کی بلندی پر پھر سے مہکنے لگی تھی۔ ان کے ٹرسٹ سے کئی بےسہارا لوگوں کا بھلا ہو رہا تھا۔ میری صدیوں کی بھوک اورغربت اب ان ماں بیٹے کے بغیر بھی سونے کی اینٹوں میں تسکین پا رہی تھی۔

    میڈم مہ پارہ فردوس اب مجھے عام سی عورت لگتی تھیں۔ ایک پتھر سے طویل عرصہ کون سرگوشی کر سکتا ہے۔ مجھے اکتاہت ہونے لگی تھی۔ میں انھیں زین کی لاعلاج بیماری دکھا کر مایوسی کی کھائی میں دھکا دینا چاہتا تھا۔ میں آزاد ہونا چاہتا تھا۔ میں جانتا تھا کہ وہ یہ سب کچھ نہیں سن سکیں گی۔ لیکن میری خود غرضی انھیں یہ سب سنانا چاہتی تھی۔ میں ان دنوں وہ ویڈیو بار بار دیکھتا تھا جس میں بامیان کا عظیم بت ایک دھماکے سے ریت بن کر خاک میں مل گیا تھا۔

    میں نے میڈم کو ایک پردے کے پیچھے چھپا دیا۔ زین کو ان کی موجودگی کا نہیں پتا تھا۔ میں نے زین کو چڑانے کے سے انداز میں سمجھانا شروع کیا کہ وہ ماں سے صلح کر لے۔ میں نے کہا: ’’ماں کے مرتبے کو دیکھ۔۔۔ اس نے پیدا کیا ہے تجھ کو۔۔۔ وہ تیری خالق ہے۔‘‘ یہ آخری جملہ میں نے خاص اس کو چڑانے کے لیے بولا، اس نے غصے اور حیرت سے مجھے دیکھا۔ لوہا سرخ دیکھ کر میں نے وہ تمام روائتی گھسے پٹے جملے، جو ماں کی عظمت میں بولے جاتے ہیں۔۔۔ وہ سب اوپر تلے کہہ ڈالے۔۔۔ بالآخر وہ پھٹ پڑا: ’’یہ ماں کیا ہوتی ہے۔ میں ایسے کسی رشتے کو ویسے نہیں مانتا، جیسے تم مانتے ہو۔ تم مجھے یہ کیوں باور کروانا چاہتے ہو کہ وہ میری خالق ہے۔ اس نے مجھے تخلیق نہیں کیا، صرف میرے پیدا کرنے کا ذریعہ تھی وہ۔۔۔ وہ میری تخلیق کار نہیں ہے۔ ارے بےوقوف، درد زہ اورتخلیقی کرب میں بہت فرق ہوتا ہے۔ وہ مشین کی طرح مجھے پیدا کرنے پر مجبور ہے۔۔۔ یہ بات تم لوگ کیوں نہیں سمجھتے کہ مرتبان اچار تخلیق نہیں کرتا۔ اس میں صرف اچار بنتا ہے۔ عورت بچہ پیدا کرنے پر مجبور کر دی گئی ہے۔ اور بس۔ وہ ظالم دشمن اور بدصورت زبردستی کرنے والے کو بھی بچہ جن دیتی ہے۔ وہ مجبور ہے۔ وہ ذریعہ ہے۔ میں نے کہا نا! اس کا نام بھی نہ لیا کر میرے سامنے۔ میں زندہ ہوں تو صرف اس دن تک جس دن مجھے اپنے آپ سے اس ہینگ ملے پیڑے یا مرتبان کی بو نہیں آتی۔ کہا جو ہے!!! اس سے جو چیزیں اگتی یا پھوٹتی ہیں۔ وہ بدبودار ہو جاتی ہیں۔ میری تخلیق کا ذریعہ بھی وہی ہے۔ تم مجھے تنہا چھوڑ دو، اس نے پردے کی طرف دیکھ کر کہا دیکھو! مجھے اس کے ذکر سے اتنی بو آ رہی ہے۔ جیسے وہ پردے کے پیچھے موجود ہو۔ ‘‘پھر مجھے اس نے عجیب معنی خیز انداز سے دیکھا اور ہاتھ جوڑ کر کہا:’’میرے باپ۔۔۔ میرے باپ مجھے تنگ نہ کیا کر۔۔۔ کچھ سمجھا میرے باپ۔۔۔ مجھے تو۔۔۔ ‘‘وہ اس طرح دیکھ رہا تھا جیسے، وہ میرے اور میڈم کے متعلق سب کچھ جانتا ہو۔ اس نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا:’’ میں تجھے اس لیے برداشت کر رہا ہوں کہ تو میرے اور میری دریافت کے بیچ کا ذریعہ ہے اور تویہ اچھی طرح جانتا ہے کہ ذریعہ وہ حیثیت نہیں رکھتا کہ اسے خالق کی طرح پوجا جائے۔۔۔ مجھے تو تجھ سے بھی ہینگ۔۔۔ اس نے ناک پر ہاتھ رکھا اور وہیں الٹی کر دی۔ اس نے شاید ماں کی موجودگی سونگھ لی تھی۔ میں نے میڈم کی طرف دیکھا تو ان کی آنکھوں سے دکھ کے قطرے چہرے پر رینگ رہے تھے۔ انھوں نے دونوں ہونٹ دانتوں کے بیچ دبا رکھے تھے۔ ان کے سکڑتے پھیلتے ناک کے نتھنے، مسلسل حرکت کرتی ماتھے کی سلوٹیں اور ٹھوڑی کے اکڑتے، ڈھیلے پڑتے پٹھے بہت بدصورت لگ رہے تھے۔ کیا وہ ایسی تھیں؟؟ میں نے سوچا زین ٹھیک ہی کہتا ہوگا۔ ان سے سیاہ ہینگ کی بو آتی ہوگی۔ میں شاید انھیں ٹھیک طرح سے سونگھ ہی نہیں سکا تھا۔ آخر ہر آدمی، ہر قسم کی بو کو محسوس نہیں کر سکتا۔

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے