Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

پہاڑ، ندی، عورت

خورشید حیات

پہاڑ، ندی، عورت

خورشید حیات

MORE BYخورشید حیات

    سامنے والی برتھ پر بیٹھی وہ، اپنی انگلیوں میں پھنسے برش سے، کینوس پر اتر آئے الگ الگ رنگوں میں بہت پیچھے کی طرف چھوٹتی ہوئی زندگی کے ان گلیاروں کو ڈھونڈ رہی تھی جہاں اٹکن چٹکن دہی چٹاکن کا کھیل تو تھا مگر لکیریں نہیں تھیں۔ بےچینی کے عالم میں اس نے HA-1 کوچ کی کھڑکی سے سرمئی بادلوں کے ان سلسلوں کو دیکھنا چاہا جو کبھی ساون کے موسم میں دواریکا سے تغلق آباد اور حضرت نظام الدین سے ہری دوار تک کے سفر میں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے دکھائی دیتے تھے۔ مگر ایک آج کا ساون ہے بادلوں کے سلسلے تو ہیں مگر اپنی صفات سے باہر ٹوٹے ہوئے بکھرے ہوئے، الگ الگ قبیلوں میں بنٹے ہوئے۔ اب قبیلہ کہاں، معاشرہ کدھر؟؟

    آج ہمارا معاشرہ ٹو۔ بی۔ ایچ کے (2BHK) فلیٹ میں اکڑوں بیٹھا ہے اورسنہری تہذیب کا آنگن گمشدہ پنچھی کی طرح۔

    ایک طرف پیچھے کی طرف بھاگتے ہوئے کھیت تھے، کھلیان تھے۔ دوسری طرف ماہی گیروں کی بستیوں میں مچھلیوں کو ندیوں کے خلاف ورغلایا جا رہا تھا۔ مذہبی، نسلی اور

    لسانی گروہوں کی کشیدگی ظاہر ہو رہی تھی۔

    ٹائر کی چپل پہلے ایک بوڑھا، آنکھوں پر، پاور کے چشمہ کو، موٹی ستلی سے کانوں میں پھنسائے، ماڈل اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر دو پر کھڑا، بھاگتی ہوئی ٹرین کی رفتار کو دیکھ رہا تھا۔

    151

    وہ کھڑکی سے کچھ اس قدر چپکی ہوئی تھی کہ اس کے رخسار کا سرخ رنگ کانچ کی کھڑکی پر ابھر آیا تھا، پیشانی پر لکیریں تھیں اور آنکھوں میں بادلوں سے جھانکتا ہوا سورج۔

    بہت ممکن تھا ہو جاتا کسی بھی غیر کا یہ دل، تری سانسوں کی گرد ھڑکن میری عادی نہیں ہوتی۔ بھاگتی ہوئی ٹرین کا اپنا ایک رنگ تھا۔ WAP7 LOCO کی Level Xing Gate پر چیختی ہوئی آوازوں سے بےخبر، رنگ برنگی روشنی میں لپٹے ہوئے، بےکیف چہرے، انجام سے بےخبر ٹریک پر چل رہے تھے۔

    ہر زندگی رنگ کی اپنی دھڑکن ہوتی ہے اور ہر دھڑکن میں زندگی کی سانسیں۔ ان سانسوں پر ہمارا اختیار کہاں، اف یہ زندگی بھی نا خود کو کیا کیا سمجھ بیٹھتی ہے۔ سوئے ہوئے شہر کو جگانے والے چہرے یہاں پری کہانی کردار بن جاتے ہیں۔

    میرے اندر یہ کون بول رہا ہے۔

    شاید یہ وہی شہزادی ہے جو جسم کی سرحدوں کو توڑ کر روح کی قبا کے ساتھ بہت دور نکل جاتی ہے۔ لوٹ آتی ہے اور پھر چلی جاتی ہے۔ چھوڑ جاتی ہے، رنگوں کی خوشبوئیں اور خوابوں کی آہٹیں۔ پھر شروع ہوتا ہے خود سے خود کے مکالمے کا کبھی ختم نہ ہونے والا ایک نیا سلسلہ۔

    کہیں یہ وہی شہزادی تو نہیں جو سادگی کی لباس میں لپٹی ہوئی سامنے والی برتھ پر بیٹھی اجالوں میں رنگوں سے کھیل رہی ہے۔ نئے سروں کے ساتھ اے سی کوچ کی ٹھنڈی ہواؤں میں گھل مل رہی ہے۔

    دونوں ایک ہی دشا کے مسافر تھے۔ وہ رنگوں میں زندگی تلاش کر رہی تھی اور ’وہ‘ ان رنگوں میں اپنی شہزادی کو دیکھ رہا تھا۔ ’’میں‘‘ میں اتر کر ’’میں ‘‘کی تلاش اب کہاں کوئی کرتا ہے اب تو صرف وہ اور وہ سب کی باتیں ہوتی ہیں۔ وہ دو ہاتھ کس کے ہیں۔ کہاں سے آتے ہیں اور چند لمحوں میں معصوم پرندوں کے پر کتر کر چلے جاتے ہیں اور پھر شروع ہوتا مہاجرت کا ایک نیا قصہ۔ خوف و دہشت کی چادر میں لپٹے ہوئے چہرے اپنے اپنے گھونسلوں کے بکھرے ہوئے تنکوں سے جھانکتے ہیں اور صحافی کا کیمرہ ان کا پیچھا کرتا دکھائی دیتا ہے۔ وہ شہر جس کی تہذیب کی پہچان وہاں کی شام ہوا کرتی تھی وہاں آدمی کا جنگل تو ہے مگر درختوں کی بازوئیں کٹی ہوئیں، ترقی کرتے ہوئے شہر کے آدمی کی نگاہیں جب جب برہنہ ہوئیں تو درخت ننگے اور جڑیں کمزور ہوتی چلی گئیں۔

    سنتے ہیں وہ شہزادی جب سے داستان رنگ حویلی کو چھوڑ کر چلی گئی وہاں اب کسی آسیب کا سایہ ہے اور اس حویلی کے سامنے پہاڑ کی مضبوط بانہوں سے آزاد ہوتی ہوئی ندی کے اطراف میں جھاڑ پھونک والوں کی دکانیں آباد ہو چکی ہیں۔ آدھا ادھورا آدمی سب کی مرادیں پوری کرنے والا بن گیا ہے۔

    او میری شہزادی تم حویلی چھوڑ کر کیوں چلی گئیں؟

    زندگی میں پل کتنے تھے شہزادی نے کبھی نہیں گنا، ہتھیلی کی نرم انگلیاں تو تھیں مگر ان انگلیوں پر گنتی گننے کا سلیقہ اسے کبھی نہ آیا۔ ہر لمحہ میں خوشیاں کتنی تھیں۔؟

    موسم کے خوبصورت مزاج کے ساتھ جب کبھی شہزادی حویلی سے بہت دور نکل جانے والی گپھاؤں سے گزرتی ایک سفید روشنی اس کے قدموں کی آہٹ سے آگے چلتی دکھائی دیتی۔

    اس کے جسم سے لپٹے ہوئے چوڑی دار اور کرتے کی ہر سلائی میں روح کے دھاگے تھے۔ وہ ہر جگہ موجود تھی اور نہیں بھی تھی۔ پتا نہیں وہ کس دیار میں کس کے اختیار میں تھی۔

    سامنے کی برتھ پر بیٹھی وہ پنٹنگ مکمل کر چکی تھی اور دوسری طرف وہ اب بھی اس کے چہرے میں اپنی شہزادی کا چہرہ پڑھ رہا تھا کہ شہزادی بھی تتلیوں کے رنگوں کوزندگی کے کینوس پر اتارا کرتی تھی۔

    151

    ہر ماں کا چہرہ وہ اتنے قریب سے کیوں دیکھنا چاہتا ہے؟

    کیوں زندگی کتاب چہرے کے ہر ورق کو قمقموں سے سجانا چاہتا ہے۔؟

    شاید وہ زندگی کے ہر ورق سے ابھرنے والی عورت، سمندر اور سڑک یا پھر ندی، سڑک پہاڑ کی موسیقی کو زندگی کے سر اور تال کے ساتھ ملانا چاہتا ہے۔

    آج تک خود کو وہ پہچان نہیں سکا۔

    اس کا چہرہ سمندر، پہاڑ جیسا ہے یا پھر ندی جیسا۔

    شاید اس کی آنکھوں سے ایک ندی بہتی ہے جو سمندر کو ایک نئی پہچان دے جاتی ہے۔ ندی پچھلے موسم کی، شہزادی۔ سمندر آج کا مرد اور پہاڑ۔؟

    روشنی میں نہائی ہوئی سڑک 150؟؟

    اس نے کئی مرتبہ خود کو آوازوں کے پیچھے بھاگتے ہوئے محسوس کیا ہے۔

    151

    پاپا آج ہاسٹل میس سے کھانا نہیں آئےگا؟

    کیوں؟

    ’’آج گنیش پوجا ہے‘‘

    ’’کیا کھاؤگی؟‘‘

    ویج بریانی۔ گوبھی مٹر آلو، گاجر، سویابن، فرش بن سب ڈال دینا۔

    الگ الگ کھیتوں میں اگی ہوئی یہ سبزیاں جب ایک ساتھ ملتی ہیں۔ چاول کے دانوں کے ساتھ، گرم مسالوں کے ساتھ، بھاپ سے پکتی ہیں تو ایک نئی خوشبو کچن سے نکل کر پڑوس کے کچن تک سرحدوں کو توڑتے ہوئے پہنچ جاتی ہیں۔ خوشبوئیں لکیروں کو نہیں مانتیں۔ یہ ہوائیں کتنی معصوم ہوتی ہیں۔ یہاں تہذیب کی نہ تو کوئی جنگ ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی دیوار یں۔

    تم نے کہا/ اندھیرا ہے / اس نے کہا اجالا/ پھر تم نے کہا اجالا ہے/ اس نے کہا اندھیرا/ تم نے کہا گنبدوں سے صدائیں آ رہی ہیں/ اس نے کہا اونچے پہاڑوں سے ایک نئی جاگرتی لیے منداکنی ململ کی ساڑی میں لپٹی ہوئی اتر رہی ہے/ تم نے پھر کہہ دیا نہیں/ اس ہاں اور نہیں میں/ کتنے دور ہو گئے تم/ اندھے اور بہرے بھی/ کہہ دونا /نہیں، نہیں، نہیں۔ کوئی نہیں/ صرف ’’وہ‘‘ / دیکھونا/ سنونا پورے برہمانڈ سے ہر لمحہ ایک ہی آواز آتی ہے/ چلو پیچھا کرتے ہیں فطرت کی گود سے ابھرنے والی آوازوں کا/ پرندوں کی طرح، لہروں کی طرح۔ تھوڑی دیر مون رہ کر ہم خود میں خود کی تلاش کیوں نہیں کرتے؟

    151

    ’’آپ کہاں جا رہے ہیں؟‘‘ رنگوں سے کھیل رہی اس عورت نے خاموشی کو اپنی آواز دی۔ شاید اس کی پنٹنگ مکمل ہو چکی تھی۔

    ’’جی ،میں‘‘ 151 جہاں تک یہ ٹرین جا رہی ہے۔

    ’’مطلب ہری دوار۔‘‘

    ’’جی ہاں‘‘

    ’’میں بھی۔‘‘

    تنہا سفر کرنا بہت مشکل ہوتا ہے نا، خاص کرتب جب سفر لمبا ہو اور باتیں کرنے والا کوئی نہیں۔

    ’کیوں ایسا کیوں؟‘ اپنے کینوس ، برش اور رنگوں کے سمیٹتے ہوئے۔ اس نے اپنے بیگ سے کیمرہ نکالا اور قریب آکر کیمرے میں قید اپنی پنٹنگ دکھانے لگی۔ اس کی پنٹنگ کے ساتھ ساتھ اس کی انگلیاں بھی بول رہی تھیں کہ آج نئی صدی میں انگلیاں بولتی ہیں اور زبان خاموش رہتی ہے۔ کبھی انگلیاں کی بورڈ پر تھرکتے ہوئے باتیں کرتی ہیں تو کبھی انگلیوں میں پھنسے برش رنگوں کو ایک نئی زبان عطا کرنے کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔

    حنائی رنگ زلفوں کو بکھیرتے ہوئے اس نے پوچھا۔ ’’تمہارا نام‘‘

    ’ندی‘

    ’اچھا اچھا تم خود کو ندی سمجھ بیٹھے ہو۔ لگتے تو ہو پہاڑ جیسے مضبوط ارادے والے۔

    کسی حد تک ٹھیک ہی سمجھا تم نے، ایک ایسا پہاڑ جس کی مضبوط بانہوں سے ندی آزاد ہوتی ہے۔ آج تو بارودوں سے اس کی پسلییاں توڑی جا رہی ہیں۔

    ’’اف یہ بارود سے ٹوٹتی ہوئی پسلیوں کا درد! ‘‘

    رنگوں سے کھیلنے والی اے عورت شاید تم بھی پہاڑ ندی ہو۔

    ایک مسکراہٹ اس کے ہونٹوں پر پھیل گئی۔ ایسا محسوس ہوا جیسے ندی بدن پر پہاڑ نے اپنی مضبوط انگلیوں سے ایک نئی عبارت لکھنے کی کوشش کی ہو، مگر ندی کے باندھ نے اسے روک دیا ہو۔

    151

    پینٹری کار کے مینجر نے کافی بھجوا دی تھی اور ساتھ میں کٹ لیٹ بھی۔ زبان خاموش ہوئی ایک نئے ذائقے کے لیے۔ مگر وہ خاموش کہاں رہنے والی تھی۔

    جانتے ہیں سر جی! دواریکا کے پانچ کوؤں کو قریب سے دیکھ کر آئی تو یہاں روحا کنواں مل گیا۔ شاید سات منزلیں بھی۔ سات طواف کی طرح۔ ایسا ہے سر جی ! میرا مطلب ندی پہاڑ۔ وہ ہنسنے لگی۔

    میں بہت زیادہ بولتی ہوں اور زیادہ بولنے والوں کے ساتھ آوازوں کا ایک ہجوم چلتا ہے اور آپ بہت کم بولتے ہیں، ہری دوار آنے والا ہے اور اب آپ کو میرے ساتھ 250 کیلو میٹر کار سے سفر کرنا ہے۔ آپ تیارتو ہیں۔

    ’’ہاں تیار ہوں‘‘۔

    ہری دوار آ چکا تھا اور وہ دونوں کار میں بیٹھ چکے تھے۔ سامنے روشنی میں نہائی ہوئی سڑک تھی، گاؤں کی پگڈنڈی سڑک کی سہلی بن گئی تھی اور وہ دونوں زندگی کی سڑک پر چلنے والے مسافر۔

    وہ سوچنے لگا ہر دن جب وہ آفس سے گھر لوٹتا تو انتظار کرتی ہوئی نگاہیں، زندگی کے گھومتے ہوئے پہیوں کی رفتار بن جانا چاہتی تھیں اور وہ ان نگاہوں کے احترام میں اپنے تھکے ہوئے جسم کی لباس کو کھونٹی پر ٹانگ دیتا اور دھیرے دھیرے وہ، وہ نہیں رہتا جس چہرہ کے ساتھ وہ دفتر میں کچھ دیر پہلے ہوا کرتا تھا۔ وہ گھر میں داخل ہوتے ہی پرندوں کی طرح، کھلی فضا میں اڑنے لگتا، یہ پاکھی من بھی ایک جگہ کہاں رہ پاتا ہے۔

    151

    جگمگاتے ہوئے شہر کی چوڑی چھاتی والی سڑک پر کار کی اپنی رفتار تھی اور کار میں سوار ان دونوں کی سوچ و فکر کی ایک الگ رفتار۔ سفر میں ایک طرح کے خیالات کہاں آتے ہیں، جگمگاتے ہوے شہر میں جاگتی ہوئی زندگی کا قصہ گھومتے ہوئے پہیوں کی طرح ساتھ ساتھ چل رہا تھا۔

    کبھی اس کے ساتھ ایک معصوم سی ننھی سی لڑکی چلا کرتی تھی، ندی کی طرح بہا کرتی تھی، انگلیوں کے پور کو چھوتے ہوئے، جب بھی وہ پہاڑ پر بنے عالیشان محل سے نکلتا وہ ساتھ ہو لیتی اور مٹی بدن کہانی کی طرح زندگی کا آنچل تھام لیتی۔

    آج شاید وہ دونوں محل سے دور شہد کی بہتی ہوئی نہروں سے کھیلنے گئی اس شہزادی کو ڈھونڈنے نکلے تھے، جو بیتی راتوں کے ہر اجالے میں موجود ہے۔

    وہ کون تھی، کہاں سے آئی تھی اور کدھر گم ہو گئی؟

    کیا وہ سرسوتی تھی، یا پھر کوئی پہاڑن عورت۔ شہزادی؟

    کہیں وہ منداکنی تو نہیں تھی؟؟

    کچھ چہرے گم ہونے سے پہلے منزل کا پتہ دے جاتے ہیں۔ شاید وہ شہزادی بھی جو مچلتی ہوئی ندی کی طرح تھی، نظروں سے اوجھل ہونے سے پہلے اپنی سہیلی سڑک کو ساری داستان سنا گئی تھی، شاید تبھی سے سڑک اپنے عہد کی تاریخ کی خاموش گواہ بنتی جا رہی ہے۔

    قدرت نے اس شہزادی کی فطرت میں ندی کی طرح بہنا لکھا تھا مگر نئی تہذیب کی پھیلتی ہوئی جڑوں نے اسے سسکنے پرمجبور کر دیا، درخت لگانے کی روایت ختم ہو گئی اور جڑوں کو کریدنے کی نئی روایت کی شروعات ہو گئی۔ پیاسوں کے لیے کنواں کھودنے کا سلسلہ ختم ہو گیا۔

    وہ دونوں کار میں سوارشہر سے دور پہاڑی علاقے میں آ گئے تھے، قدرت کے بے شمار خوبصورت نظارے نگاہوں کے سامنے تھے۔ مگر ان پہاڑوں پر بھی انسان کی نظر پڑ گئی تھی اور اس کے مضبوط سینے کو چھلنی کیا جا رہا تھا۔ بارود کی مہک دور سے آ رہی تھی۔ آدمی کی روح پانی سے خالی ہو چکی تھی اور زمین کی سطح پیاسی۔

    دور کسی ڈھابے سے سل بٹا پر مسالہ پیسنے کی آواز نے انھیں چونکایا اور بھوک کا احساس بھی دلایا، ڈھابا میں وہ کون ہے جو اتنی رات گئے مشین کو چھوڑ کر پہاڑ کی موسیقی سے جڑ رہا ہے۔ کار کے گھومتے ہوئے پہیے تھم گئے اور وہ دونوں سل بٹا سے آنے والی آوازوں کے قریب پہنچے۔

    مگر وہاں تو کوئی نہیں تھا 151

    ڈھابا تھا 151 مگر آدمی کے چہرے ایک بھی موجود نہیں تھے، چولھے تھے مگر اس میں آگ نہیں، پانی رکھنے کے لیے بڑے بڑے ڈرام تھے، مگر اس میں پانی نہیں، ٹین کی چھتیں تھیں، مگر ایسا لگتا تھا جیسے پچھم کی طرف سے کوئی تیز آندھی آئی اور سب کچھ اڑا کر لے گئی۔

    وہ دونوں گھبرانے لگے اور تھوڑا سہم سے بھی گئے، یہ کیسا سفر تھا، جس میں وہ ہوتے ہوئے بھی موجود نہیں تھے، دوڑ کر وہ دونوں اپنی کار میں واپس آتے ہیں۔ کاراسٹارٹ ہوتی ہے۔ مگر یہ کیا؟ آگے کی سڑک ندی میں سما گئی تھی اور پہاڑ روئی کے گالے کی طرح ندی کی طرف لڑھک رہا تھا۔

    وہ سڑک جس نے شمال اور جنوب کے فرق کو مٹا دیا تھا آخر کیوں وہ ندی، درخت اور پہاڑ کے ساتھ ہو گئی۔

    دونوں نے دیکھا کہ گاؤں کی ساری عورتیں، زندہ تھیں اور سارے مرد چیختی ہوئی ندی میں خاموش ہو گئے تھے، آوازیں ہمیشہ کے لیے سو گئی تھیں۔

    ایک بیٹی اپنے بابا کی ننگی لاش سے لپٹ کر رو رہی تھی، جسم پر ایک بھی کپڑا نہیں تھا اور انگلیاں کٹی ہوئی تھیں۔ شاید کوئی مردانگلیوں کو سونے کی انگوٹھیوں کے ساتھ کاٹ کر لے بھاگا تھا۔

    یہ لاشیں، یہ کٹی ہوئی انگلیاں کہیں آج کے آدمی کی تو نہیں؟

    کار اب تیز رفتار سے اسی طرف جا رہی تھی جہاں سے دونوں نے اس سفر کی شروعات کی تھی۔ بغل والی سیٹ پر ندی جیسی ایک عورت تھی اور ’’وہ ‘‘شاید ایک پہاڑ۔ ایک ایسا پہاڑ جس نے ندی بدن کا استحصال کبھی نہیں کیا تھا۔ ندی کو روندنے والے اکثر مرد ہی ہوا کرتے ہیں، تو کیا وہ، مرد نہیں۔صرف ایک پہاڑ جیسا ہے۔

    الگ الگ دشاؤں کے دل دہلا دینے والے مناظر کو دیکھ کر لوٹ آیا تھا جسم پھر سے روح کے قریب۔

    جسم پر اب روح کی چادر تھی اور نگاہوں میں پہاڑ ندی عورت۔

    ویڈیو
    This video is playing from YouTube

    Videos
    This video is playing from YouTube

    خورشید حیات

    خورشید حیات

    Additional information available

    Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.

    OKAY

    About this sher

    Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.

    Close

    rare Unpublished content

    This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.

    OKAY

    Jashn-e-Rekhta | 8-9-10 December 2023 - Major Dhyan Chand National Stadium, Near India Gate - New Delhi

    GET YOUR PASS
    بولیے