محمد عامر حسینی کا تعارف
محمد عامر حسینی صحافی، ادیب، مترجم اور محقق ہیں۔ وہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے جامعہ کراچی سے فلسفے میں ماسٹرز کیا اور طویل عرصے سے اردو اور انگریزی صحافت سے وابستہ ہیں۔ آج کل وہ لاہور سے شائع ہونے والے قومی انگریزی روزنامے ڈیلی منٹ مرر سے وابستہ ہیں۔
ان کی علمی و ادبی دلچسپیوں کا دائرہ عالمی ادب، فلسفے، تاریخ، مذہبی فکر، سیاسی نظریے اور سماجی تنقید تک پھیلا ہوا ہے۔ وہ فلسفے اور ادبی نظریے کی پیچیدہ بحثوں کو ایسی اردو زبان میں پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس میں علمی دقت کے ساتھ ادبی لطافت اور نثری روانی بھی برقرار رہے۔
محمد عامر حسینی کے عالمی ادب کے کئی اہم شہ پاروں کے اردو تراجم شائع ہوچکے ہیں۔ ان کے تراجم اور تنقیدی تحریروں میں عالمی فکشن، جدید فلسفے اور تنقیدی نظریات سے گہری دلچسپی نمایاں ہے۔ وہ ترجمے کو محض ایک زبان کے الفاظ دوسری زبان میں منتقل کرنے کا عمل نہیں، بلکہ مختلف تہذیبی، ادبی اور فکری دنیاؤں کے درمیان تخلیقی مکالمہ سمجھتے ہیں۔